اسکائپ میں کال ریکارڈ کرنے کا فیچر شامل

2,987

اسکائپ میں جس فیچر کی سب سے زیادہ فرمائش کی جاتی رہی ہے وہ کال ریکارڈ کرنے کی سہولت ہے۔ لیکن تاوقت یہ سہولت اسکائپ میں میسر نہیں بلکہ اس کام کے لیے آپ کو تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر استعمال کرنے پڑتے ہیں۔ یہ فرمائش اس قدر مقبول ہے کہ اسکائپ نے اپنے FAQs پیج پر باقاعدہ ایسے سافٹ ویئر کی فہرست دے رکھی ہے جنہیں استعمال کرکے آپ اسکائپ پر کی جانے والی کال ریکارڈ کرسکتے ہیں۔

لیکن اب مائیکروسافٹ نے اس فرمائش کے آگے سرتسلیم خم کرتے ہوئے کال ریکارڈ کرنے کی سہولت کو اسکائپ میں شامل کرلیا ہے۔ یہ فیچر مکمل طور پر کلاؤڈ بیسڈ ہوگا تاکہ وہ لوگ جو ایک ہی اکاؤنٹ مختلف ڈیوائسز پر استعمال کرتے ہیں، انہیں ریکارڈ کی گئی گفتگو ہر ڈیوائس پر میسر ہو۔

یاد رہے کہ جس شخص کو کال کی جارہی ہے، اسے اطلاع دیئے بغیر کال ریکارڈ کرنا غیر قانونی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اکثر جب آپ کسی کمپنی کی کسٹمر سروس پر فون کرتے ہیں تو آپ کو بتایا جاتا ہے کہ آپ کی کال کوالٹی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ریکارڈ کی جاسکتی ہے۔ اسی اصول کے تحت جب اسکائپ میں آپ کوئی کال ریکارڈ کرنے لگتے ہیں تو کال میں شامل تمام شرکاء کو نوٹی فکیشن کے ذریعے مطلع کردیا جاتا ہے کہ کال ریکارڈ کی جارہی ہے۔

مائیکروسافٹ نے یہ فیچر اسکائپ میں ابھی باقاعدہ طور پر شامل نہیں کیا بلکہ اسکائپ کے ورژن 8 (جو ڈاؤن لوڈنگ کے لیے دستیاب ہے) کی ایک اپ ڈیٹ کی شکل میں اس فیچر کو بہت جلد جاری کردیا جائے گا۔

معہ چند دیگر فیچرز کے اسکائپ کے ورژن 8 میں دستیاب ہونگے۔