اسمارٹ اسپیکر نے خاتون کی گفتگو ریکارڈ کرکے بھیج دی

1,854

اگر آپ کے پاس اسمارٹ ہوم اسپیکر ہے، تو آپ کے خیال میں بدترین واقعہ کیا پیش آ سکتا ہے؟ شاید یہ کہ آپ کا کوئی پرائیوٹ پیغام ریکارڈ ہو جائے اور آپ کو پتہ بھی نہ چلے اور وہ کسی کو چلا جائے۔ بالکل یہی واقعہ ہوا ہے امریکا کے شہر پورٹ لینڈ میں کہ جہاں ایک خاتون کے اسمارٹ اسپیکر ‘ایمیزن ایکو’ نے ان کی گفتگو کا ایک آڈیو کلپ ریکارڈ کیا اور رابطے کی فہرست میں موجود ایک فرد کو بھیج دیا۔

اپنا مکمل نام ظاہر نہ کرنے والی خاتون نے بتایا کہ جس شخص کو یہ پیغام ملا، انہیں اُسی شخص نے بتایا کہ شاید ان کا اکاؤنٹ ہیک ہو چکا ہے کیونکہ ایک پیغام موصول ہوا ہے۔ یہ شخص خاتون کے شوہر کے ملازمین میں سے ایک تھا۔

ایمیزن کا کہنا ہے کہ وہ پرائیویسی کو بہت اہم سمجھتا ہے اور اب اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ یہ بہت ہی کوئی انوکھا واقعہ ہے۔ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے ایمیزن قدم اٹھا رہا ہے۔

اندازہ ہے کہ ایکو اسپیکر یہ سمجھا ہوگا کہ الیکسا وائس میسیجنگ کے ذریعے پیغام بھیجنے کا کہا جا رہا ہے اور اس نے زبانی تصدیق لینے کے بجائے اسے بھیج دیا۔ عموماً الیکسا اور گوگل اسسٹنٹ جو ایک جیسی ہی میسیجنگ صلاحیتیں رکھتے ہیں، صارف کو خبردار کرتے ہیں کہ کیا وہ ایک آڈیو پیغام بھیجنا چاہ رہے ہیں؟

خاتون کا کہنا ہے کہ یہ میری پرائیویسی میں کھلی مداخلت ہے اور میں کبھی اس ڈیوائس کا دوبارہ استعمال نہیں کروں گی کیونکہ اب میں اس پر بھروسہ نہیں کر سکتی۔