سونی کا نیا فون، 4K ڈسپلے اور بہترین کیمرے کے ساتھ

2,565

موبائل ورلڈ کانگریس میں ایکسپیریا XZ2 کی رونمائی کے دو ماہ بعد سونی ایک مرتبہ پھر ایکسپیریا XZ2 پریمیئم کے ساتھ واپس آ گیا ہے۔ یہ XZ2 جیسا ہی ڈیزائن رکھتا ہے لیکن ڈسپلے، کیمرا، بیٹری اور دیگر تمام خصوصیات میں بہتر ہے۔ XZ2 پریمیئم جلد ہی دستیاب ہوگا البتہ اس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔ بہرحال، یہ بات تو طے ہے کہ یہ سستا نہیں ہوگا۔ کیونکہ XZ2 ہی 800 ڈالرز کا ہے، اس لیے ہو سکتا ہے کہ یہ XZ2 پریمیئم 900 سے 1000 ڈالرز کا ہو سکتا ہے۔

سونی XZ2 پریمیئم میں 5.8 انچ کا 4K ڈسپلے رکھتا ہے جو عام XZ2 کے 5.7 انچ کی فل ایچ ڈی پلس (1080 x 2160) اسکرین سے کہیں بہتر ہے۔ دونوں HDR وڈیو کو سپورٹ کرتے ہیں۔ وڈیوز دیکھتے ہوئے، موسیقی سنتے ہوئے یا گیمز کھیلتے ہوئے آپ ایک نئے وائبریشن سسٹم کو بھی محسوس کریں گے جو پہلی بار XZ2 میں پیش کیا گیا تھا۔

اس فون کی سب سے بڑی خوبی ہے اس کا کیمرا۔ XZ2 پریمیئم میں پشت پر دو کیمرے ہے، جو کسی بھی سونی فون میں پہلی بار پیش کیے گئے ہیں۔ کسی ٹیلی فوٹو / زوم لینس کے بجائے سونی نے ایک 19 میگا پکسل کے کلر سینسر اور ایک 12 میگا پکسل کے مونو کروم کو استعمال کیا ہے۔ ہواوی سمیت چند ہی اداروں نے یہ طریقہ اپنایا ہے۔ البتہ ISO پرفارمنس کے معاملے میں سونی سب کو پیچھے چھوڑتا دکھائی دیتا ہے۔ تصویر کھینچتے ہوئے XZ2 پریمیئم زیادہ سے زیادہ 51,200 کے اور وڈیو میں یہ 12,800 کے ISO تک پہنچ سکتا ہے۔ اسے کم روشنی میں بہتر تصاویر لینے کے لیے بھی بہتر بنایا گیا ہے۔ دیکھتے ہیں حقیقی دنیا میں یہ کیسے کام کرتا ہے؟

اس کے علاوہ کیمرے میں پورٹریٹ فیچر بھی ہے کہ جسے سونی بوکے (Bokeh) موڈ کا نام دے رہا ہے۔ فون 960 فریمز فی سیکنڈ کے حساب سے سلو موشن وڈیو بھی بنا سکتا ہے، وہ بھی پورے 1080 پکسل کے ریزولیوشن پر۔ سام سنگ گلیکسی ایس 9 صرف 720 پکسل پر ایسی وڈیو بنا سکتا ہے۔

XZ2 پریمیئم میں دیگر خوبیاں ہیں 6 جی کی ریم، 3540 ایم اے ایچ کی زیادہ بہتر بیٹری اور بہتر سیلفی کیمرا۔ سادہ اور پریمیئم دونوں فونز میں اینڈرائیڈ 8.0 اوریو ہوگا اور اسنیپ ڈریگن 845 پروسیسر اسے تقویت دے گا۔ سونی کی ویب سائٹ پر آپ تمام خصوصیات دیکھ سکتے ہیں۔