سونی کے جدید ایکسپیریا فونز میں کونسی خصوصیات ہوں گی؟

2,018

سونی کی جانب سے موبائل ورلڈ کانگریس میں پیش کیے جانے والے جدید فونز کی تفصیلات وقت سے پہلے ہی لیک ہو گئیں ہیں۔

معروف بلاگر ایوان بلاس کے مطابق سونی اس بار موبائل فون کی سالانہ نمائش میں اپنے دو جدید ترین اسمارٹ فونز نمائش کے لیے پیش کر رہا ہے۔ جن میں ایک 5.7 انچ کی اسکرین والا سونی XZ2 اور دوسرا نسبتاً کم جسامت یعنی 5 انچ ڈسپلے اسکرین کا حامل XZ2 کمپیکٹ فون شامل ہے۔

مزید تفصیلات کے مطابق دونوں فونز جدید ترین سنیپ ڈریگن 845 پراسیسر چپ پر مشتمل ہوں گے اور ان میں اینڈرائڈ کا "اوریو” ورژن انسٹال ہو گا۔ دونوں فونز میں 19 میگا پکسلز کا بنیادی اور 1.9 میگاپکسلز کا ثانوی کیمرہ نصب ہو گا جبکہ فون کی پچھلی جانب انگلی کے نشانات کو محسوس کرنے والا حساسیہ بھی نصب ہو گا۔

بلاس کے مطابق دونوں ماڈلز کی تمام خصوصیات ایک جیسی نہیں ہیں بلکہ کچھ فرق بھی رکھے گئے ہیں۔ مثلاً سونی XZ2 ماڈل دونوں جانب سے گلاس سے تیار کیا گیا ہے جبکہ اس کا کمپیکٹ ورژن پولی کاربونیٹ مادے سے تیار کیا گیا ہے۔ صرف یہی نہیں بلکہ XZ2 میں وائرلیس چارجنگ جیسی خوبی کا حامل ہے جبکہ کمپیکٹ ورژن میں وائرلیس چارجنگ کی سہولت میسر نہیں۔

کچھ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ سونی XZ2 میں صوتی مواد پر لمسیاتی حس کے ذریعے ردعمل دینے کی صلاحیت بھی رکھی گئی ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ یہ فون تھرتھراہٹ یا معمولی لرزش کو آواز میں بدلنے یا محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم اس فیچر کی تصدیق مصدقہ ذرائع سے نہیں ہو سکی۔

سونی ان فونز کے بارے میں آفیشل معلومات سوموار سے شروع ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس میں جاری کرے گا۔