خلا میں نہيں جا سکتے؟ خلا بازوں جیسی تربیت تو لے سکتے ہیں

882

ہم میں سے شاید ہی کوئی ایسا ہوگا جس نے کبھی کسی خلائی شٹل میں قدم رکھا ہو، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ہم خلا بازوں جیسی تربیت حاصل نہیں کر سکتے بلکہ اب تو یہ کام آسان ہو گیا ہے۔ اسپیس نیشن نیویگیٹر ایک ایسی موبائل ایپ ہے جو نوجوان خلا بازوں یا ان کی طرح تربیت حاصل کرنے کے خواہشمندوں کو تین شعبوں میں مدد دیتی ہے: جسمانی، ذہنی اور سماجی۔

آپ ان تین کلیدی معاملات میں پہلے سے نصب کوئزز، تعلیمی ٹولز اور گیمز کے ذریعے تربیت حاصل کر سکتے ہیں۔ اس میں تین درجات نوآموز، درمیانے اور اعلیٰ ترین پیش کیے گئے ہیں۔ یہ ایپ ہر خلا باز بننے کے خواہشمند کو وقت کے ساتھ آگے بڑھنے کا موقع دیتی ہے۔

اس سفر کے دوران آپ کامیابیاں اور تمغے حاصل کرتے ہیں بلکہ چند صارفین کو تو انعام بھی ملیں گے جیسا کہ آئس لینڈ کے مفت ٹکٹ مع رہائش، تاکہ وہ آئس لینڈ کے چاند کے ماحول سے مطابقت رکھنے والے ان مقامات کا دورہ کریں اور اپالو کے خلا بازوں کی طرح دور دراز علاقوں میں جاکر تربیت حاصل کریں۔

اسپیس نیشن نیویگیٹر ناسا کے ساتھ تعاون کے معاہدے کے ساتھ جاری کی گئی ہے۔ یہ ایپ پرانے خلائی مشنز کی معلومات کا وسیع ڈیٹابیس بھی رکھتی ہے تاکہ آپ کو بتا سکے کہ خلا باز بننے کے لیے آپ کو کیا کچھ درکار ہوگا۔

اب تک تو یہ صرف اینڈرائیڈ پر دستیاب ہے لیکن جلد ہی آئی او ایس ورژن بھی آ جائے گا۔ آپ گوگل پلے اسٹور سے یہ ایپ مفت میں حاصل کر سکتے ہیں۔