اسٹارمین کا خلائی سفر کہاں پہنچا؟

1,202

ایلون مسک کی ٹیسلا روڈسٹر کار کا "ڈرائیور”، جی ہاں! وہی خلائی سوٹ پہنا ہوا "اسٹارمین” جو اس وقت خلاء میں موجود ہے، ایک لمبا چکر کاٹتے ہوئے مریخ، سورج اور دیگر آسمانی اجسام کے قریب پہنچے گا۔ لیکن اس کے سفر کے بارے میں پتہ کیسے چلے کہ وہ اس وقت کہاں ہیں جبکہ کار میں نصب بیٹریاں بھی ختم ہو چکیں اور اب لائیو فوٹیج بھی نہیں آ رہی؟

ہمارے لیے یہ کام آسان کیا ہے اسپیس ایکس کے ایک پرستار اور ایروسپیس انڈسٹری میں الیکٹریکل انجینیئر بین پیئرسن نے۔ جنہوں نے ایک ویب سائٹ کا آغاز کیا ہے جس کا نام "Where is Roadster"ہے۔ یہ ویب سائٹ JPL Horizons ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے روڈسٹر اور اسٹارمین کے بارے میں بتائے گی کہ وہ اس وقت کہاں موجود ہیں۔ ساتھ ہی وہ آئندہ کے سفر کے بارے میں پیش بینی بھی کرے گی کہ وہ کب مختلف سیاروں اور سورج کے قریب سے گزریں گے؟

اسپیس ایکس کے فیلکن ہیوی راکٹ کی تاریخی لانچنگ کے ذریعے خلاء میں پہنچنے والی یہ کار اور اسٹارمین بظاہر نامعلوم منزلوں کی طرف رواں ہیں۔ اس سفر کے دوران یہ ویب سائٹ روڈسٹر کے موجودہ مقام کے ساتھ ساتھ اس کی رفتار، وہ زمین یا مریخ کی طرف جا رہی ہے یا اس سے دور جا رہی ہے، کے بارے میں بھی آگاہ گی۔ ویسے یہ ویب سائٹ نہ اسپیس ایکس سے تعلق رکھتی ہے اور نہ ٹیسلا سے، لیکن ایلون مسک نے خود بھی اس کے بارے میں ٹوئٹ کیا ہے۔