سست رفتار انٹرنیٹ کا علاج گوگل کے پاس

2,335

گوگل ایک ایسی ایپ جاری کر رہا ہے جو افریقہ میں اُن انٹرنیٹ صارفین کی مدد کرے گی جو سست اور مہنگے ڈیٹا کنکشنز کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں۔

‘گوگل گو’ نامی یہ ایپ سرچ کے نتائج دِکھانے کرنے کے لیے درکار ڈیٹا کو 40 فیصد کم کرتی ہے اور گزشتہ سرچز تک آف لائن رسائی کی بھی اجازت دیتی ہے۔ ساتھ ہی وائس سرچ کو بھی سست کنکشنز کے لیے بہتر بنایا گیا ہے جیسا کہ 2جی کے لیے۔

سب-صحارن افریقہ کے لیے گوگل کی پروڈکٹس مارکیٹنگ مینیجر کرسٹینا لِن نے کہا ہے کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ افریقی باشندوں کی بڑی تعداد انٹرنیٹ کا رخ کر رہی ہے، جن کی بنیادی ڈیوائس ان کا اسمارٹ فون ہے اور یہی ان کی انٹرنیٹ ڈیوائس بھی ہے۔ لیکن کمزور ڈیٹا کنکشن، بھاری قیمتیں اور ساتھ ہی فون کی معمولی ریم اور اسٹوریج ان کے لیے انٹرنیٹ کا بہتر استعمال مشکل بنا رہی ہے۔ ان کے لیے گوگل گو سرچ کے لیے ایک ہلکا اور تیز تر طریقہ فراہم کرتی ہے۔

گوگل گو سب-صحارن افریقہ تک اپنی رسائی کو بڑھانے کے لیے ادارے کی تازہ ترین کوشش ہے۔ خطے میں فیس بک پہلے ہی دور دراز علاقوں میں کم خرچ اور مفت براڈبینڈ کے متعدد منصوبے شروع کرچکا ہے۔ گوگل نے پچھلے سال آن لائن ہنر سکھانے کے لیے افریقہ میں 10 ملین سے زیادہ افراد تک رسائی کے ہدف کا اعلان کیا تھا، تاکہ اگلے پانچ سالوں تک ان افراد کو ملازمت کے قابل بنایا جا سکے۔

گوگل گو ایپ اینڈرائیڈ 4.3 جیلی بین یا اس سے آگے کے ورژنز پر کام کرتی ہے اور سب-صحارن افریقہ کے 26 ممالک میں دستیاب ہوگی۔ یہ اینڈرائیڈ اوریو (گو ایڈیشن) کی تمام ڈیوائسز میں پہلے سے انسٹال ہوگی، جو بہت جلد فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔