تالی بجائیں اور فون حاضر!

727

آپ کو صبح سویرے دفتر کے لیے نکلنا ہو یا پھر یونیورسٹی کے لیے دیر ہو رہی ہو، عین دروازے پر آ پ کو یاد آ گیا کہ آپ اپنا فون بھول گئے ہیں اور نجانے کہاں رکھ کر بھول گئے ہیں۔ اب جلدی میں فون کو کہاں ڈھونڈا جائے؟ رکیے، بس "شہنشاہِ معظم” کی طرح تالی بجائیے، فون اپنی موجودگی کا پتہ خود دے دے گا۔ یہ انوکھا خیال عملی صورت میں ایک اینڈرائیڈ ایپ میں پیش کیا گیا ہے جس کا نام ہے Clap to Find My Phone۔

چاہے آپ کا فون سائلنٹ موڈ پر ہی کیوں نہ ہو، تب بھی یہ ایپ آپ کا حکم بجا لائے گی۔ اسے وائبریشن پر بھی لگایا جا سکتا ہے، یا پھر اسکرین کھلنے اور بند ہونے کے ذریعے اپنی موجودگی کا پتہ دے سکتی ہے یا پھر فلیش لائٹ کھلنے اور بند ہونے لگے گی۔ یہی نہیں بلکہ آپ موسیقی اور رنگ ٹون کے ذریعے بھی اس کو کارآمد بنا سکتے ہیں۔ البتہ آئی فون صارفین کے لیے یہ ایپ آنے کا کوئی امکان نہیں کیونکہ وہاں ایسی کسی بھی ایپ کا ہر وقت کھلا رہنا ضروری ہوگا جو آئی او ایس پر ممکن نہیں۔

ویسے ہم نے گوگل پر سرچ کیا تو پتہ چلا کہ کئی ایسی ایپس موجود ہیں جو یہ کام کرتی ہیں لیکن یہ ایپ خصوصیات کے حوالے سے ان سب سے آگے نظر آتی ہے۔ یہ بہت کارآمد ایپ ہے جس نے گھر میں اِدھر اُدھر رکھے ہوئے فون کو ڈھونڈنے میں آسانی ہوئی، بس یہ کہ کسی تقریب میں جانے سے پہلے اسے بند کردیجیے گا ورنہ تالیاں کی گونج میں یہ آپ کو بے حال کردے گا۔

یہ ایپ آپ گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤنلوڈ کر سکتے ہیں۔ یہ مفت ہے البتہ اضافی خصوصیات کے لیے پریمیئم ورژن خریدنا پڑتا ہے۔