تصویر وائرل ہونے پر مائیکروسافٹ مدد کو پہنچ گیا

3,416

یہ تصویر افریقی ملک گھانا کے ایک ٹیچر کی ہے جو بورڈ اور کا چاک کا بہترین استعمال کرتے ہوئے اپنے طلبہ کو کمپیوٹر کی کلاسز پڑھا رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس کمپیوٹر نہیں ہے۔ یہ تصویر دنیا بھر میں وائرل ہوئی، یہاں تک کہ مائیکروسافٹ کی بھی نظروں میں آ گئی جس نے مدد کرنے کی پیشکش کی ہے۔

33 سالہ رچرڈ اپیا اکوٹو جنوبی گھانا کے علاقے اشانتی میں ایک دیہی اسکول میں پڑھاتے ہیں، جہاں انہوں نے ایک روز مائیکرسافٹ ورڈ پروسیسر کے بارے میں پڑھاتے ہوئے چاک کے ذریعے بورڈ پر ایم ایس ورڈ سافٹویئر کی تفصیلی ڈائیگرام بنائی کیونکہ ان کے پاس بچوں کو سمجھانے کے لیے کمپیوٹر نہیں تھا۔

معلوم ہوا ہے کہ 2011ء سے اس اسکول میں کوئی کمپیوٹر موجود نہیں حالانکہ انفارمیشن اینڈ کمیونی کیشنز ٹیکنالوجی اسکول کے نصاب کا حصہ ہے اور طلبہ کو ہائی اسکول میں جانے کے لیے اس کا امتحان پاس کرنا پڑتا ہے۔

اس تصویر کو دیکھ کر کیمرون سے تعلق رکھنے والی ایک ٹیکنالوجی ماہر ربیکا انونچونگ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مائیکروسافٹ افریقہ سے پوچھا کہ وہ اس معاملے پر اگر کوئی مدد دے سکے۔ جواب میں مائیکروسافٹ افریقہ نے ٹیچر کو کمپیوٹر اور دیگر وسائل کی مفت کی فراہمی کا عہد کیا۔