ٹروکالر کے 100 ملین متحرک صارفین روزانہ

2,976

معروف کالر آئی ڈی ایپ ‘ٹروکالر‘ کے روزانہ 100 ملین سے زیادہ متحرک صارفین ہوگئے ہیں، جس کا اعلان ادارے نے ایک بلاگ پوسٹ میں کیا ہے۔ یہ صرف موبائل پر کام کرنے والی اس پروڈکٹ کے لیے بہت بڑا سنگ میل ہے جس نے 2009ء میں صرف بلیک بیری ڈیوائسز سے آغاز لیا تھا۔

گو کہ ٹروکالر نے ایک کالر آئی ڈی اور اسپیم-بلاکنگ سروس کے طور پر کام شروع کیا تھا، لیکن بڑھتے بڑھتے یہ ایک مکمل کمیونی کیشنز پلیٹ فارم بن گئی جس میں کالنگ، میسیجنگ اور پیمنٹ سروسز بھی آ گئی۔

ٹروکالر جیسی ایپس کی کامیابی کی اصل وجہ پاکستان اور بھارت جیسی ابھرتی ہوئی مارکیٹیں ہیں کہ جہاں اسپیم کالنگ بہت بڑا مسئلہ ہے اور پرائیویسی کی طرف بہت کم دھیان دیا جاتا ہے۔ لوگ ذرا پروا نہیں کرتے کہ اپنی فون بک میں موجود تمام کانٹیکٹس کسی کے حوالے کردیں، وہ بھی صرف کالر کے بارے میں جاننے اور اس کی غیر ضروری کالز سے بچنے کے لیے۔ بھارت ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور اگر ٹروکالر پر دیگر ممالک میں اعتراض بھی ہوتا ہے تو یہاں موجود صارفین کی بہت بڑی تعداد اس کا اثر کم کردیتی ہے۔

ٹروکالر کا کہنا ہے کہ ان کی سروس کئی ممالک میں خواتین کے لیے حفاظت کا بنیادی ذریعہ بن چکی ہے۔