ٹوئٹر نے کرپٹو کرنسی اشتہارات پر پابندی لگا دی

778

ٹوئٹر نے آج یعنی منگل سے کرپٹوکرنسی اشتہارات پر پابندی لگا دی ہے۔ اس سے پہلے فیس بک اور گوگل بھی ان جدید کرنسیوں پر پابندی لگا چکے ہیں، جن کا کہنا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو ممکنہ فراڈ یا اپنے قیمتی سرمائے پر پہنچنے والے ممکنہ نقصان کے پیش نظر یہ قدم اٹھا رہے ہیں۔

اس پابندی کا اطلاق initial coin offerings یعنی ICO کے ساتھ ساتھ ٹوکن فروخت پر بھی ہوگا۔ ٹوئٹر کی نئی پالیسی کے تحت کرپٹو ایکسچینج اور کرپٹو کرنسی والٹ سروسز کے اشتہارات پر بھی پابندی ہوگی ، سوائے ان کے جو پبلک کمپنیز ہیں اور بڑی اسٹاک مارکیٹوں میں رجسٹرڈ ہیں۔ جاپان میں یہ قومی ادارے کے ماتحت کرپٹو ایکسچینجز تک محدود ہوں گے۔

فیس بک پہلے ہی کرپٹو کرنسی کے حوالے سے اشتہارات پر پابندی لگا چکا ہے جبکہ گوگل جون سے لگائے گا۔ ٹوئٹر کے اس اعلان کے بعد بٹ کوائن کی قیمت مزید گرگئی ہے۔ تادم تحریر ایک بٹ کوائن کی قیمت 7960 ڈالرز ہے جو دسمبر میں اپنے عروج پر لگ بھگ 20 ہزار ڈالرز تھی۔ یعنی بٹ کوائن اب نصف سے بھی کم قیمت کا رہ گیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ دوسری اور تیسری بڑی کرپٹو کرنسی ایتھیریئم اور رپل کی قیمتوں میں بھی کافی کمی آئی ہے۔