یو پی ایس کے خوبصورت اور ماحول دوست ٹرک

787

یو پی ایس اور برطانوی ٹیکنالوجی کمپنی ‘ارائیول‘ نے 35 ماڈیولر الیکٹرک ڈلیوری گاڑیاں بنانے کے لیے معاہدہ کرلیا ہے جو لندن اور پیرس میں آزمائے جائیں گے۔ یو پی ایس کا کہنا ہے کہ ایسی گاڑیاں پہلی بار 2018ء کے اختتام سے پہلے ہی پیش کردی جائیں گی۔

ہلکے وزن کی یہ گاڑیاں 240 کلومیٹر تک کی بیٹری رینج رکھتی ہیں اور ڈرائیور کی مدد کرنے والے جدید سسٹمز (ADAS) سے لیس ہے جو اس کی حفاظت کو بھی ممکن بناتے ہیں اور تھکاوٹ سے بھی بچاتے ہیں۔ سب سے بڑھ کر ان سے کچھ خارج نہیں ہوتا یعنی یہ مکمل طور پر ماحول دوست ہیں۔

یو پی ایس کہتا ہے کہ ان گاڑیوں کی رینج اس وقت لاجسٹکس کے شعبے میں استعمال ہونے والی دیگر برقی گاڑیوں سے کہیں زیادہ ہے۔ ادارہ 2016ء سے ارائیول کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ اس وقت یو پی ایس 300 سے زیادہ برقی گاڑیاں اور تقریباً 700 ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیاں رکھتا ہے جو یورپ اور امریکا کی سڑکوں پر چل رہی ہیں۔ یو پی ایس 2009ء سے متبادل ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں اور ہائی ٹیکنالوجی پر 750 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔

ٹیکسی اور دیگر ڈلیوری سروسز فراہم کرنے والے ادارے بہت تیزی سے ماحول دوست گاڑیوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں تاکہ لندن اور پیرس جیسے گنجان آباد اور ماحولیاتی لحاظ سے تشویش میں مبتلا شہروں میں کام کر سکیں۔ گزشتہ سال لندن الیکٹرک وہیکل کمپنی نے شہر میں برقی ٹیکسیاں متعارف کروائی تھیں۔