وڈیو چلانے سے پہلے اشتہار دیکھنا ہوگا؟

947

چاہے آپ اگلی مرتبہ فیس بک پر پہلی بار پاکستانی کھانے چکھنے والے برطانوی باشندوں کی کوئی وڈیو دیکھنا چاہ رہے ہوں یا پھر کسی گروپ میں موجود سائنسی وڈیو کو، آپ کو پہلے اشتہار دیکھنا، بلکہ بھگتنا ہوگا۔

اگلے سال سے فیس بک ایسے اشتہارات کا تجربہ کرے گی جو چند وڈیوز میں شروع میں نشر ہوگا۔ یہ اشتہارات چھ سیکنڈز کے ہوں گےاور صرف انہی وڈیوز پر ظاہر ہوں گے جو آپ فیس بک کے واچ سیکشن میں چاہیں گے، یعنی فی الحال یہ اشتہارات نیوزفیڈ پر آنے والے وڈیوز میں نہیں ہوں گے۔ لیکن "بے فکر” رہیں، جو فیس بک کا ماضی ہے اس کی بنیاد پر ہم کہہ سکتے ہیں کہ جلد ہی یہ سلسلہ ہر وڈیو تک پھیل جائے گا۔

واچ دراصل فیس بک کا وڈیوز کے لیے علیحدہ حصہ ہے۔ اس پر کچھ اصل شوز ہیں، جیسا کہ معروف ہیومنز آف نیو یارک اکاؤنٹ کا وڈیو ورژن لیکن یاد رکھیں گہ واچ نیٹ فلکس سے زیادہ یوٹیوب جیسا ہے۔ اس پر زیادہ تر مواد مختصر اور کم بجٹ کا حامل ہے۔

فیس بک وڈیو کے درمیان میں اپنے اشتہارات پر بھی کام کررہا ہے اور ہو سکتا ہے اب بھی آپ کو کئی وڈیوز کے درمیان میں اشتہار نظر آ رہا ہو۔ بہرحال، جنوری 2018ء کے بعد سے فیس بک 3 منٹ سے مختصر کوئی وڈیو نہیں لے گا اور پہلا اشتہار کم از کم ایک منٹ کی وڈیو کے بعد آئے گا۔

ویسے فیس بک اپنی نیوز فیڈ کو "بہتر” بنانے پر ایک مرتبہ پھر غور کر رہا ہے یعنی کہ ہم جیسے صارفین کی خیر نہیں!