ویوو نیکس، ایک بھرپور ڈسپلے، نوچ کے بغیر

2,264

اسمارٹ فون بنانے والے چینی اداروں ویوو کے نئے Nex اسمارٹ فون میں ایک ایسی چیز کی کمی ہے جو اس کے مقابل اداروں کے فونز میں موجود ہوتی ہے، یعنی کہ notch اور یہ بہت سارے صارفین کے لیے بہت اچھی خبر ہے۔

نوچ کی عدم موجودگی کا مطلب ہے کہ فون کی بڑی اور بغیر بيزل کے ڈسپلے کے لیے زیادہ سے زیادہ جگہ۔ کئی ادارے اپنے فونز کے لیے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک کی بڑی اسکرین بنانا چاہتے ہیں لیکن بہت کم ہی ایسے ہیں جو نوچ کے مسئلے سے نمٹ پائے۔

عام طور پر فون میں نوچ وہاں پر ہوتی ہے جہاں ایئرپیس، سیلفی کیمرا اور مختلف سینسرز لگائے جاتے ہیں اور اسمارٹ فون بنانے والے ڈسپلے کے اندر ان کو نہیں لگا سکتے۔ نتیجہ نکلتا ہے کہ اس بھدی سی جگہ کی صورت میں، جو اسکرین کو ایک بھرپور اور مکمل نظارہ دینے سے محروم کردیتی ہے۔

اس سے چھٹکارا پانے کے لیے ویوو نے فون کے اندر سیلفی کیمرا چھپا دیا ہے۔ جب آپ سیلفی لینا چاہتے ہیں تبھی یہ اپنی جگہ سے باہر نکلتا ہے۔ یوں صارفین کو ملتا ہے 91.2 فیصد کا زبردست اسکرین-ٹو-باڈی تناسب جو آئی فون ٹین میں صرف 83 فیصد ہے۔

ایئرپیس کے طور پر ویوو اسکرین کو ہی اسپیکر کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ویوو کی "اسکرین ساؤنڈ کاسٹنگ” ٹیکنالوجی آڈیو لہروں کو ڈسپلے کے ذریعے ٹرانسمٹ کرتی ہے۔ ویوو کہتا ہے کہ یہ روایتی ایئرپیس سے بھی زیادہ اچھا کام کرتا ہے کہ جس میں ایک ننھا اسپیکر استعمال ہوتا ہے۔ادارے کے مطابق یہ ٹیکنالوجی آواز کے معیار کو کہیں زیادہ بہتر بناتی ہے۔

ویوو نے فنگرپرنٹ سینسر کو بھی ڈسپلے کے اندر چھپا دیا ہے۔ آپ کو نیکس فون میں فنگرپرنٹ سینسر پشت پر نہيں ملے گا اور سامنے کے رخ پر تو جگہ ہے ہی نہیں۔ یہ اِن-ڈسپلے فنگر پرنٹ سینسر ہوگا جو نظر ہی نہیں آئے گا۔

البتہ ویوو نے یہ نہیں بتایا کہ دیگر سینسرز کہاں لگائے گئے ہیں جیسا کہ لائٹ سینسر جو اندھیرے میں آپ کی اسکرین کو دھیما کر دیتا ہے یا پھر وہ سینسر کہ جو فون کے کان سے لگتے ہی آپ کے ڈسپلے کو بند کر دیتا ہے۔

بہرحال، ویوو نیکس نے ایک زبردست ڈسپلے کے لیے ایک عمدہ حل پیش کیا ہے۔ درحقیقت فون بغیر نوچ کے زیادہ متاثر کن اور بہتر لگتے ہیں اور جب معاملہ میرا ہو، جو سال میں جا کر کوئی ایک سیلفی لیتا ہو تو اس کے لیے سیلفی کیمرے کا چھپا رہنا ہی بہتر ہے۔