وی ایل سی کا جدید ورژن آ گیا

2,543

یہ مفت ہے، آسان استعمال بھی اور بلاشبہ دنیا کے بہترین میڈیا پلیئرز میں سے ایک ہے۔ آپ بالکل ٹھیک سمجھے ہیں ہم VLC کی ہی بات کر رہے ہیں، ایک ایسا اوپن سورس میڈیا پلیئر جو 2001ء سے دنیا پر چھایا ہوا ہے۔

وی ایل سی بنانے والے ادارے وڈیولین نے آج اپنا جدید ترین ورژن 3.0 جاری کیا ہے۔ Vetinari نامی اس اپڈیٹ پر جون 2016 ء سے کام کیا جا رہا تھا اور صارفین کو اس کا شدت سے انتظار تھا ۔

اس نئے ورژن میں کئی بہتریاں کی گئی ہیں جن سے وی ایل سی اور بہتر پلیئر بن گیا ہے ۔ سب سے پہلی اور نمایاں بہتری یہ ہے کہ اب وی ایل سی گوگل کروم کاسٹ کو بھی سپورٹ کرتا ہے یعنی آپ اپنے لیپ ٹاپ، پی سی، یہاں تک کہ موبائل پر بھی کوئی محفوظ شدہ کلپ یا مووی دیکھ رہے ہیں تو اسے کروم کاسٹ کے ذریعے اپنی بیٹھک میں موجود بڑے ٹیلی وژن پر چلا سکتے ہیں۔ اگر کروم کاسٹ آپ کے کونٹینٹ کو سپورٹ نہ بھی کرتا ہو تو وی ایل سی اسے دوبارہ انکوڈ کرکے چلائے گا۔ واحد خرابی یہ ہے کہ کروم کاسٹ پر چلاتے ہوئے آپ سب ٹائٹلز نہیں دیکھ پائیں گے، لیکن کہا جا رہا ہے کہ اس پر بھی کام کیا جا رہا ہے اور بہت جلد یہ سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

اس کے علاوہ نئے وی ایل سی میں ہائی ڈائنامک رینج یعنی ایچ ڈی آر10 کی بھی سپورٹ ہے اور اگر آپ اگر آپ الٹرا ہائی ڈیفی نیشن کونٹیٹ دیکھنا چاہتے ہیں تو وی ایل سی نے 4Kاور 8K وڈیو کونٹیٹ کے لیے ہارڈویئر ایکسلریشن بھی ممکن ہے ۔ یعنی اگر آپ کا ہلکا پھلکا فون یا اسمارٹ فون یہ ہائی ڈیفی نیشن وڈیوز رکھتا ہے تو نیا وی ایل سی بغیر کسی مسئلے کے انہیں چلا دے گا۔ یہی نہیں بلکہ اب 360 ڈگری کی وڈیوز بھی وی ایل سی پر چلائی جا سکتی ہیں۔

وی ایل سی کا نیا 3.0 ورژن یہاں سے ڈاؤنلوڈ کیا جا سکتا ہے۔