واٹس اپ "بم” آپ کے موبائل کو کریش کر سکتا ہے

3,390

پیغام رسانی کی معروف ایپ واٹس اپ پر ایک ایسا "بگ” دریافت ہوا ہے جس میں کسی مخصوص پیغام پر چھونے سے واٹس ایپ اور بعض اوقات پورا موبائل آپریٹنگ نظام کریش کر جاتا ہے۔

واٹس اپ کے ذریعے بھیجے جانے والے اس پیغام کو "ٹیکسٹ بم” کا نام دیا گیا ہے۔ یہ "ٹیکسٹ بم” واٹس اپ صارفین کو فارورڈ کیے گئے پیغام کی شکل میں زیر نظر اسکرین شاٹ کی طرح ملتا ہے۔

جیسا کہ تصویر سے ظاہر ہے۔ پیغام میں پہلے یہ تنبیہ کی گئی ہے کہ "اگر آپ نیچے دیے گئے سیاہ دائرے کو چھوئیں گے تو آپ کا واٹس ایپ ہینگ ہو جائے گا”

اکثر صارفین فطری طور پر اس سیاہ دائرے پر کلک کر دیتے ہیں۔ نتیجتاً واٹس اپ اور بعض خبروں کے مطابق موبائل فون ہی ہینگ ہو جاتا ہے۔ اور اسے پھر سے ری اسٹارٹ کرنا پڑتا ہے۔ یہ پیغام اینڈروئیڈ اور آئی فون دونوں آپریٹنگ سسٹمز کو متاثر کر رہا ہے۔

دراصل اس پیغام پر کلک کرنے سے واٹس اپ ایپ منجمد ہو جاتی ہے اور کام کرنا چھوڑ دیتی ہے۔ جب اس پیغام کو HTML زبان میں دیکھا گیا تو معلوم ہوا کہ ایپ بم نما سیاہ دائرے کی وجہ سے کریش نہیں ہوتی۔ بلکہ اس کی اصل ذمہ دار "بم” کے اوپر موجود خالی جگہ ہے۔

پیغام کا متن دراصل غیر محسوس طور پر دائیں سے بائیں مارک RLM پر مشتمل ہے۔ یہ ایسا حرف ہے جو کہ بائیں سے دائیں LRM اور دائیں سے بائیں RLM لکھائی کے درمیان تبدیلی کو شناخت کرتا ہے۔ چونکہ واٹس اپ صرف LRM مارک کو استعمال کرتا ہے۔ اس لیے حرف کی غلط سمت میں ترتیب بندی کی وجہ سے ایپ منجمد (فریز) ہو جاتی ہے۔ اور بعض اوقات اسمارٹ فون کو ہی بند کر کے دوبارہ سے چلانا پڑتا ہے۔

واٹس اپ کی جانب سے فی الحال اس ضمن میں کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی۔ البتہ اگر آپ کو واٹس اپ پر کوئی ایسا پیغام موصول ہو جس میں دائرہ نما بم پر ٹچ کرنے کو کہا جائے تو خبر دار رہیے یہ "بم” آپ کے پورے موبائل کو کریش کر سکتا ہے۔