واٹس اپ گروپ ایڈمنز کے لیے کئی نئے فیچرز متعارف

1,700

پیغام رسانی کے لیے دنیا کی مشہور ترین ایپ واٹس اپ نے اپنے صارفین کے لیے کئی نئے فیچرز متعارف کروا دیے۔ یہ فیچرز زیادہ تر واٹس اپ گروپس کی سہولت کے لیے متعارف کروائے گئے ہیں اور آج 16 مئی سے اینڈروئیڈ اور آئی فون صارفین کے لیے یکساں طور پر دستیاب ہوں گے۔

اپڈیٹ کے بعد واٹس اپ گروپ کے ایڈمنسٹریٹرز اب گروپ کے متعلق مختصر معلومات اور شرائط و ضوابط تحریر کر سکیں گے۔ یہ شرائط و ضوابط ہر نئے آنے والے ممبرز کو چیٹ میں سب سے اوپر نظر آئیں گی۔ واٹس اپ کا کہنا ہے کہ اس فیچر کی مدد سے گروپ ایڈمنز اور ممبران کو گروپ کی معلومات اور متعلقہ شرائط و ضوابط سے آگہی حاصل کرنے میں آسانی ہو گی۔

دوسری بڑی تبدیلی جس کا گروپ ایڈمنز کو شدت سے انتظار تھا وہ یہ ہے کہ اب ایڈمن اپنے گروپ کا نام، معلومات اور آئی کون وغیرہ تبدیل کرنے کے لیے مخصوص ممبران کو مشروط طور پر اجازت دے سکتے ہیں۔ جبکہ پہلے ہر ممبر آسانی سے گروپ کا نام وغیرہ تبدیل کر سکتا تھا۔ نیز ایڈمنسٹریٹرز گروپ کی ایڈمن شپ کو منسوخ کرسکتے ہیں۔ نیز اب گروپ بانی کو کسی صورت گروپ سے ریموو نہیں کیا جا سکے گا۔

اس کے علاوہ گروپ میں اہم بات چیت کی یاددہانی کے لیے زیریں دائیں کونے پر @ کا بٹن متعارف کروایا جا رہا ہے۔جس کو دبانے پر آپ خود کو ٹیگ کیے گئے پیغامات، جوابات اور دن بھر کے اہم پیغامات پر نظر ثانی بھی کر سکتے ہیں۔ نیز اگر آپ Group Info پر جائیں تو ایک سرچ کا آئی کون بھی نظر آئے گا۔ جسے دبا کر آپ کسی بھی مخصوص گروپ رکن کو تلاش کر سکتے ہیں۔

سب سے بڑھ کر یہ کہ گروپ ویڈیو کال کا فیچر بھی متعارف کروایا جا رہا ہے۔ جس کے ساتھ گروپ میں فیس بک اور انسٹاگرام ویڈیوز کو چلانے کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔ اس فیچر کے متعلق حال ہی میں F8 کانفرنس میں اعلان کیا گیا تھا۔ اور کمپیوٹنگ پر خبر بھی شائع ہوئی تھی۔

واٹس اپ گروپ ایڈمنز کے لیے یہ تمام سہولیات آج یعنی 16 مئی سے دستیاب ہیں۔