ونڈوز10 ایس موڈ ہوگا مفت

2,291

مائیکروسافٹ نے ونڈوز 10 ایس کو ایک علیحدہ آپریٹنگ سسٹم بنانے کے بجائے اسے ونڈوز 10 کے ایک خصوصی "ایس موڈ” میں تبدیل کرنے کی تصدیق کردی ہے ۔ ایک نئی بلاگ پوسٹ میں مائیکروسافٹ نے تسلیم کیا کہ ونڈوز 10 ایس کا اصل ورژن جو کسی پی سی کو ونڈوز اسٹور ایپس تک محدود کرتا تھا، کچھ الجھا ہوا سا تھا۔ صارفین اور اپنے شراکت داروں کا فیڈبیک لینے کے بعد یہ نیا قدم اٹھایا گیا ہے۔

مائیکروسافٹ اب ونڈوز 10 کے ہر ورژن کے لیے ایک ایس موڈ تخلیق کر رہا ہے۔ ادارے کے مطابق "بہت جلد” آنے والے ونڈوز 10 کے اگلے اپڈیٹس کے بعد صارفین نیا ونڈوز 10 ہوم یا ونڈوز 10 پرو پی سی ایس موڈ کے ساتھ خرید سکیں گے۔

گو کہ ابھی تک بہت کچھ واضح نہیں ہے لیکن پہلے اس طرح کی خبریں آئی تھیں کہ مائیکروسافٹ ونڈوز 10 ہوم صارفین کو مفت میں ایس موڈ ڈس ایبل کرنے کی اجازت دینے کا منصوبہ رکھتا ہے کیونکہ ایس موڈ کو انیبل کرنے والے ونڈوز 10 پرو صارفین کو ونڈوز 10 پرو کے مکمل ورژن تک رسائی کے لیے 49 ڈالرز ادا کرنا پڑیں گے۔ بہرحال، ثابت ہوا کہ یہ بات محض افواہ تھی۔ اب مائیکروسافٹ نے خود کہا ہے کہ اگر کوئی صارف ایس موڈ کو چھوڑنا چاہتا ہے تو وہ بغیر کسی قیمت کے ایسا کر سکتا ہے، چاہے کوئی بھی ایڈیشن ہو۔

یعنی اب کافی حد تک معاملہ واضح ہو چکا ہے۔ اب یہ پی سی بنانے والوں پر منحصر ہے کہ وہ نئے ایس موڈ کو انیبل کرتے ہیں یا نہیں۔