ونڈوز 10 صارفین اپنے موبائل کمپیوٹر سے سنبھالیں گے

853

مائیکروسافٹ ونڈوز 10 کے لیے اپنی نئی "Your Phone” ایپ پیش کرنے والا ہے، جس کی رونمائی گزشتہ روز بلڈ ڈیولپرز کانفرنس میں کی گئی۔ ایپ آپ کے فون کا عکس براہ راست ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر دکھانے کے لیے تیار کی گئی ہے اور ونڈوز 10 صارفین اس کے ذریعے اپنے کمپیوٹرز پر ٹیکسٹ، تصاویر اور نوٹیفکیشن تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

اس کی خصوصیات کا انحصار iOS اور اینڈرائیڈ کے مختلف ورژنز پر ہے، لیکن مائیکروسافٹ اینڈرائیڈ فون کی بہت ساری خصوصیات ونڈوز 10 پی سی پر لا سکتا ہے تاکہ آپ کو کمپیوٹر استعمال کرتے ہوئے بار بار اپنا فون اٹھانا ہی نہ پڑے اور آپ یہیں سے اپنے فون کے کام بھی نمٹاتے رہیں۔ یہ خیال رواں سال کے اوائل میں Dell نے آزمایا تھا جس نے پی سی پر کالز اور نوٹیفکیشن کی اجازت دی تھی۔ مائیکروسافٹ کی اس ایپ نے ابتدائی طور پر ایس ایم ایس، تصاویر اور نوٹیفکیشن بھی شامل کیے ہیں۔

مائیکروسافٹ ونڈوز انسائیڈر پروگرام میں شریک افراد کے ساتھ اس ایپ کے تجربات رواں ہفتے ہی شروع کردے گا اور ملنے ولاے فیڈبیک کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا کہ یہ فیچر ونڈوز 10 میں کس طرح آنا چاہیے۔ مائیکروسافٹ اس وقت ونڈوز10 کے لیے اپنے اگلے اہم اپڈیٹ پر کام کر رہا ہے جسے "ریڈاسٹون 5” کا کوڈنیم دیا گیا ہے۔ یہ اپڈیٹ ممکنہ طور پر رواں سال موسم خزاں میں پیش کیا جائے گا۔