ونڈوز پی سی کے لیے بہترین پارٹیشن مینیجر، ایز یو ایس پارٹیشن ماسٹر

3,046

ونڈوز پی سی میں موجود ہارڈ ڈرائیو کی پارٹیشن بنانا ایک دردسر سے کم نہیں ہوتا۔ بوقت ضرورت ہارڈ ڈرائیو پر مختلف عوامل مثلاً نئی پارٹیشن بنانا، پہلے سے موجود پارٹیشن کو ختم یعنی ڈیلیٹ کرنا، سائز کو کم زیادہ کرنا، ایک سے زائد پارٹیشنز کو مدغم کرنا، ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا، یا پھر ایک پارٹیشن کو کئی حصوں میں تقسیم کرنا حتی کہ ہارڈ ڈرائیو کی صفائی کے لیے پارٹیشنز کو مکمل طور فارمیٹ کرنا جیسے عوامل کرنا پڑتے ہیں۔

ان سب عوامل کی ادائیگی کے لیے ہم آپ کو ایک ایسے سافٹ وئیر سے متعارف کروا رہے ہیں جو کہ نا صرف فری ہے بلکہ یہ ونڈوز پی سی کے لیے ایک بہترین پارٹیشن مینیجر ہے۔ اس کا نام اِیز یو ایس پارٹیشن ماسٹر EaseUS Partition Master ہے۔ ہم اسے مختصراً ای پی ایم کا نام دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے مختصر نام نہیں بلکہ مکمل نام یعنی EaseUS کا استعمال کریں۔ کیونکہ مختصر نام صرف اس مضمون میں سہولت کے لیے رکھا گیا ہے۔
ذیل میں ای پی ایم کی تمام خصوصیات اور اسے استعمال کرنے کا طریقہ کار تفصیلی طور پر دیا گیا ہے۔

ای پی ایم کی بنیادی خصوصیات

مفت دستیاب یہ پارٹیشن مینیجر ہارڈ ڈسک کی گنجائش کو اعلی طریقے سے استعمال کرتے ہوئے ونڈوز پی سی کی استعداد کو بہترین بناتا ہے۔ اس کے بنیادی طور پر درج ذیل فنکشنز ہیں۔

پارٹیشن مینیجر

ای پی ایم بطور پارٹیشن مینیجر مختلف پارٹیشنز کو بنا، ختم، تبدیل، مدغم، تقسیم اور فارمیٹ کر سکتا ہے تا کہ ہارڈ ڈرائیو کی گنجائش کو احسن طریقے سے قابل استعمال بنایا جا سکے۔

پارٹیشن کی بازیابی

یہ مینیجر ڈیلیٹ شدہ پارٹیشن کو بازیاب کر کے اسے دوبارہ بحال کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ ہارڈ ڈرائیو کی کسی بھی ناکامی، وائرس حملے یا سسٹم کے کریش کر جانے سمیت کسی بھی صورت میں اگر پارٹیشن ختم ہو جائے تو اس مینیجر کی مدد سے بآسانی اسے واپس حاصل کیا جا سکتا ہے۔

کلون/ہم جنس پارٹیشن بنانے کی سہولت

اس مینیجر کی مدد سے کسی بھی پارٹیشن کو ایک ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس میں منتقل اور اپگریڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ اس پارٹیشن کی ہم جنس کاپی یعنی کلون بھی تیار کی جا سکتی ہے۔ نیز اس کی مدد سے متحرک حجم والی یعنی جی پی ٹی GPT پارٹیشن باآسانی بنائی جا سکتی ہے۔ اور یہ سب کرنے کے لیے ونڈوز کو دوبارہ انسٹال کرنے کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔ بلکہ صرف ایک کلک کی مدد سے پورے نظام کو ہارڈ ڈسک ڈرائیو سے ٹھوس حالت (سالڈ اسٹیٹ) ڈرائیو پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔ نیز MBR اور GPT ڈسک میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اور ٹھوس حالت ڈرائیو سے کسی اور ڈرائیو میں کلوننگ کی جا سکتی ہے۔
اس کی مدد سے:

  • کسی بھی ڈرائیو کا ماسٹر بوٹ ریکارڈ MBR پھر تعمیر کیا جا سکتا ہے۔
  • ای پی ایم، پارہ ربائی یعنی defragmenting پارٹیشن کو بھی سپورٹ کرتا ہے۔
  • آپ مختلف ہارڈ ڈرائیوز کے حروف، اعداد اور لیبلز کو باآسانی تبدیل کر سکتے ہیں۔
  • پورے مینیجر کو پاسورڈ کے ذریعے محفوظ بنایا جا سکتا ہے تا کہ اس کا غلط استعمال کر کے کوئی اور استعمال کنندہ ڈرائیو کے حروف کو تبدیل وغیرہ نا کر سکے۔
  • کسی بھی ڈرائیو کو مخفی کیا جا سکتا ہے۔ تا کہ ونڈوز اسے کسی اور جگہ پر بھی ظاہر نا کر سکے۔
  • بنیادی پارٹیشن اور منطقی Logical پارٹیشنز کو آپس میں ایک دوسرے سے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
  • ڈرائیوز، پارٹیشنز کے ڈیٹا کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مستقل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے۔

درجہ خصوصیات سے مفت فائدہ اٹھانے کے لیے ایز یو ایس EaseUS پارٹیشن مینیجر کے حالیہ اپڈیٹ ورژن 12.9 کو ڈاؤنلوڈ کر کے (ڈاؤنلوڈ مضمون کے آخر میں دیا گیا ہے) اسے اپنے ونڈوز پی سی میں انسٹال کریں۔ اور نیچے دی گئی ہدایات پر عمل کر کے اپنے مطلوبہ کام کو بخوبی سر انجام دیں۔

پارٹیشن کی جسامت یا جگہ تبدیل کریں

ایز۔یوایس پارٹیشن مینیجر کی مدد سے آپ باآسانی کسی بھی پارٹیشن کی جسامت کو تبدیل کر کے اسے پوری ڈرائیو تک وسیع کر سکتے ہیں۔ خصوصاََ جب آپ ڈسک کی کم گنجائش Low disk space جیسے مسائل کا شکار ہوں۔ اس کے لیے آپ ای پی ایم مینیجر کو چلائیں۔ سامنے نظر آنے والی ونڈوز میں متعلقہ ڈرائیو پر دائیں کلک کر کے resize/move کو منتخب کریں۔ جیسا کہ نیچے دیے گئے اسکرین شاٹ میں نظر آ رہا ہے۔ اس کے بعد آپ کو ڈسک کے نقشے میں ڈرائیو کی جسامت نظر آ رہی ہو گی۔ آپ دائیں بائیں حرکت دے کر اس جسامت کو مطلوبہ تعداد تک کم زیادہ کر کے OK پر کلک کر دیں۔

یاد رہے:
اگر آپ ٹھوس حالت ڈرائیو کو تبدیل کر رہے ہیں تو پہلے Optimize for SSD کے حق انتخاب کو ضرور منتخب کریں۔
کسی پارٹیشن کی جسامت کو کم کرنے کے لیے اس میں فری گنجائش ہونی چاہیے جس پر ڈیٹا موجود نا ہو۔ نیز زیادہ کرنے کے لیے بھی اس سے ملحقہ جگہ یا اسپیس خالی ہونی چاہیے۔

آپریٹنگ سسٹم ڈرائیوز SSD/HDD پر ہجرت

ونڈوز آپریٹنگ نظام کو ایک ڈرائیو سے دوسری پر منتقل کرنے کے لیے Migrate OS to SSD/HDD کے حق انتخاب (آپشن) کو منتخب کریں۔ اس کے بعد جس ڈرائیو پر آپ نظام کو منتقل کرنا چاہتے ہیں اس کا انتخاب کریں۔ اور OK پر کلک کر دیں۔

یاد رہے:
یہ فیچر صرف ونڈوز کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ WinPE کے لیے نہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے آپریٹنگ نظام اور بوٹ پارٹیشن کو ایک ہی ہارڈ ڈسک پر ہونا چاہیے۔
منتقلی کے بعد منزل destination کی ڈرائیو پھر سے تحریر شدہ overwritten ہو جائے گی۔

ہم جنس/کلون پارٹیشن

کسی انفرادی پارٹیشن کی ہم جنس کاپی یا کلوننگ تب کی جاتی ہے جب ڈسک کو اپگریڈ کرنا ہو یا عدم تحفظ کی وجوہات کی بناء پر ڈیٹا کا بیک اپ تیار کرنا مقصود ہو۔ اس کام کے لیے پہلے آپ ذریعہ Source ڈرائیو کو منتخب کریں۔ اس کے بعد دائیں کلک کر کے نیچے دیے گئے اسکرین شاٹ کے مطابق Clone Partition کے حق انتخاب کو منتخب کریں۔ اس کے بعد منزل کی ڈرائیو کو منتخب کریں اور Finish پر کلک کر دیں۔

یاد رہے:
ایسی پارٹیشن کی ہم جنس کاپی نا بنائیں جس کا آپریٹنگ نظام GPT ڈسک پر ہو۔

اس کے علاوہ آپ ای پی ایم پارٹیشن مینیجر کی مدد سے 4K Alignment فیچر کو بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس فیچر کی مدد سے ٹھوس حالت ڈرائیو SSD کے 4K سیکٹرز کی عین درست سیدھائی کی جا سکتی ہے۔ نیز اس مینیجر کی مدد سے آپ فالتو اور بڑی فائلز کو صاف کر سکتے ہیں اور انٹرنیٹ تلاش کی تاریخ کو ختم کر سکتے ہیں۔ ان سب افعال کی مدد سے آپ اپنی ہارڈ ڈرائیو کو کارکردگی کے اعتبار سے بہترین بنا سکتے ہیں۔

ایز یو ایس پارٹیشن ماسٹر کی خوبیاں اور خامیاں

گو کہ ای پی ایم مینیجر اپنے فنکشنز کے حوالے سے ایک بہترین اور مفت سافٹ وئیر ہے لیکن بدقسمتی سے اس کے پرفیشنل ورژن میں کئی خامیاں بھی موجود ہیں۔ ذیل میں اس سافٹ وئیر کی خوبیوں اور خامیوں پر ایک نظر ڈالی گئی ہے۔

خوبیاں:

  • یہ ایک مکمل طور پر صارف دوست پروگرام ہے۔ اسے کمپیوٹر کی معمولی سمجھ بوجھ رکھنے والا انسان بھی استعمال کر سکتا ہے۔
  • اس میں کسی بھی تبدیلی کو عملی طور پر نافذ کرنے سے پہلے اس کا نمائشی منظر یعنی Preview بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
  • اس کے علاوہ یہ بہت سے مفید ذیلی آپریشنز بھی سرانجام دے سکتا ہے۔

خامیاں:

  • اسے صرف ذاتی و انفرادی سطح پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
  • متحرک (ڈائنامک) ڈسک کو بنیادی ڈسک میں تبدیل نہیں کیا جا سکتا
  • ڈرائیوز کے درمیان منتقلی مفت ورژن میں دستیاب نہیں ہے۔
  • نظام کے حجم کو بڑھانے کی صورت میں اسے دوبارہ ری۔اسٹارٹ کرنا ضروری ہے۔
  • جیسا کہ اکثر مفت پروگرام میں ہوتا ہے اس پروگرام کے سیٹ اپ کے وقت آپ کو کسی اور پروگرام کو انسٹال کرنے کے لیے کہا جا سکتا ہے۔

ایز یو ایس ماسٹر فری کے متعلق میری ذاتی رائے:

میری رائے میں ایز یو ایس ماسٹر، مفت سہولیات مہیا کرنے والا ایک بہت ہی آسان اور بہترین پارٹیشن مینیجر ہے۔ آپ اس کے استعمال کو بڑی آسانی کے ساتھ سمجھ سکتے ہیں۔ تاہم اگر اس کے بارے میں مزید جاننا ہو تو آن لائن ٹیوٹوریل بھی مہیا کیا گیا ہے جسے آپ اس آن لائن مینیوئل پر کلک کر کے دیکھ سکتے ہیں۔

اس کے مفت ورژن میں کچھ فیچرز محدود ہیں جیسے یہ 8 ٹیرا بائیٹس تک کی ڈرائیو کو سپورٹ کرتا ہے۔ مزید اعلی خصوصیات کو حاصل کرنے کے لیے اس کا پرو یا سرور ورژن ڈاؤنلوڈ کرنا پڑے گا۔ ان خصوصیات میں آپریٹنگ نظام کی ٹھوس حالت اور ہارڈ ڈرائیو کے درمیان ہجرت، متحرک حجم Dynamic Volume کا انتظام، MBR سے GPT کے درمیان منتقلی اور بروقت تکنیکی ردعمل جیسی سہولیات شامل ہیں۔

اس مینیجر کو ڈاؤنلوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

ایز یو ایس ماسٹر فری ورژن 12.9 کو ڈاؤنلوڈ کریں۔