وائرلیس سولر کی بورڈ، جسے کبھی چارج نہیں کرنا پڑتا

1,160

کمپیوٹر کے لیے وائرلیس کی بورڈ کا استعمال اب کافی عام ہو چکا ہے لیکن تار کے جھنجھٹ سے چھٹکارا پانے کے بعد ایک نئی مصیبت آن پڑی ہے، وہ ہے بیٹریاں تبدیل کرنا۔ گو کہ یہ کام مہینے ڈیڑھ میں ایک بار ہی کرنا پڑتا ہے لیکن تصور کیجیے کہ آپ رات گئے کسی اہم کام میں مصروف ہیں اور اچانک کی بورڈ کام کرنا چھوڑ دے تو کیا ہوگا؟ نصف شب کو سیل خریدنے کے لیے آپ کہاں جائیں گے؟ اسی نازک وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے لوجی ٹیک (Logitech) نے اپنا K750وائرلیس کی بورڈ پیش کیا ہے۔ یہ جاندار اور شاندار کی بورڈ اپنے اردگرد موجود روشنی سے ہی چارج ہو جاتا ہے، چاہے وہ سورج کی روشنی نہ ہو تب بھی ۔

شمسی توانائی، بلکہ روشنی کی توانائی، سے چلنے والے اس کی بورڈ میں بیٹری کی تبدیلی کا کوئی جھنجھٹ ہی نہیں۔ لوجی ٹیک کا دعویٰ ہے کہ ایک مرتبہ چارج ہونے کے بعد اگر اسے مکمل اندھیرے میں بھی رکھا جائے تو یہ تین مہینے تک کام کرے گا۔

اس کی بورڈ کی موٹائی صرف ایک تہائی انچ ہے اور یہ اپنے خوبصورت ڈیزائن کی وجہ سے آپ کی کمپیوٹر ٹیبل پر دلکش اضافہ بھی ہوگا۔ لوجی ٹیک نے اسے بہتر، خاموش اور آرام دہ ٹائپنگ کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیا ہے۔ اس کا 2.4 گیگاہرٹز کا طاقتور وائرلیس ننھے ریسیور کے ذریعے کمپیوٹر سے منسلک رہتا ہے۔

جدید ترین ونڈوز 10 ہی نہیں بلکہ ونڈوز 8، ونڈوز 7 بلکہ ونڈوز وسٹا اور ونڈوز ایکس پی پر بھی چلے گا بلکہ میک او ایس کے لیے بھی الگ ورژن دستیاب ہے۔

ونڈوز کے لیے اس کی بورڈ کی قیمت 41 ڈالرز ہے جبکہ میک او ایس کے لیے یہ 57 ڈالرز میں دستیاب ہے۔