شیاؤمی کا شفاف می 8 ایکسپلورر ایڈیشن، ایک باکمال فون

2,009

آئی فون ٹین جیسا ہو یا نہ ہو لیکن شیاؤمی می 8 کا ایکسپلورر ایڈیشن کمال ہے، وہی والا جس کی پشت مکمل طور پر شفاف ہے۔

گزشتہ ماہ کے اواخر میں جب می 8 کا اجراء کیا گيا تو ایک تنازع پیدا ہوا تھا۔ گو کہ ایکسپلورر ایڈیشن کی پشت شفاف ہے اور موبائل کے اندر کویلکوم اسنیپ ڈریگن 845 چپ سمیت مختلف چیزیں نظر آتی ہیں، لیکن ۔۔۔۔ یہ سب نقلی ہیں۔ چند صارفین نے اسے شیاؤمی کی دھوکے بازی قرار دیا جس پر شیاؤمی نے کہا کہ آخر ہم نے یہ دعوی کب کیا تھا کہ اصلی چپس نظر آئیں گی؟ بہرحال، اس عذر لنگ نے بہت سے پرستاروں کا دل خراب کیا ہوگا لیکن جیسے ہی وہ اس فون کو ہاتھ لگائیں گے، سب کدورتیں دور ہو جائیں گی۔ پھر شاید آپ بھی ہماری طرح بولیں کہ اصلی ہو یا نقلی، ہمیں کیا؟

ایک ایسے دور میں جب اسمارٹ فون ظاہراً ایک جیسے ہوتے جا رہے ہیں، ہر فون شیشے اور دھات کا ایک سینڈوچ ہے اور اس پر notch کی بدعت بھی فروغ پا چکی ہے، اس صورت حال میں چند ادارے جدتیں لا رہے ہیں جیسا کہ ون پلس 6 نے اپنی گلاس بیک کو میٹ فنش دیا جبکہ ایچ ٹی سی اور شیاؤمی نے ٹرانسپیرنٹ بیک کا انتخاب کیا۔ ویسے تاریخ کے چند بہترین گیجٹس شفاف رہی ہیں جیسا کہ ایپل کا اصل آئی میک، ننٹینڈو کا گیم بوائے کلر اور ننٹینڈو 64۔

لیکن می 8 کے ٹرانسپیرنٹ ڈیزائن کا مسئلہ یہ ہے کہ اس کی شفاف پشت سے جو کچھ نظر آتا ہے، سوائے بیٹری کے، سب نقلی ہے۔ لیکن اس سے ہٹ کر دیکھیں تو می 8 میں ایسی جدتیں ہیں جو عام طور پر دیگر فونز میں نہيں ہوتیں، جیسا کہ فنگر پرنٹ سینسر کا ڈسپلے کے اندر ہونا۔ ویوو ان ڈسپلے فنگر پرنٹ سینسر پہلے لایا تھا لیکن شیاؤمی کا سینسر pressure-sensitive ہے، اس لیے بہتر ہے کیونکہ یہ اسکرین کو روشن کرکے اس کی بیٹری ضائع نہیں کرتا۔

پھر مجموعی طور پر می 8 بہت تیز بھی ہے، اس کا جاندار پروسیسر اور 8 جی بی کی ریم مل کر قیامت ڈھاتے ہیں۔ آزما کر دیکھ لیں!