شومی نے اینڈروئیڈ ون پر مبنی دو نئے اسمارٹ فون پیش کردیئے

18,008

شومی نے دو نئے اسمارٹ فون Mi A2 اور Mi A2 Lite کا اعلان کیا ہے ۔ ہارڈویئر کے اعتبار سے یہ فون درمیانے درجے کے اسمارٹ فونز کی فہرست میں آتے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر اس میں بطور آپریٹنگ سسٹم گوگل اوریو وغیرہ کے بجائے اینڈروئیڈ کا اسٹاک ورژن یعنی اینڈروئیڈ One نصب ہے۔ اینڈروئیڈ ون کو اگر اینڈروئیڈ کا خالص ورژن کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ اینڈروئیڈ کا یہ ورژن عموماً سستے اور کم طاقتور ور ہارڈ ویئر والے اسمارٹ فونز میں استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شیاؤمی کا اگلا اینڈرائیڈ ون فون ‘می اے2’ ہوگا

Mi A2 اسمارٹ فون ہارڈو یئر کے اعتبار سے شومی کے ایک دوسرے فون Mi 6X کی نقل ہے۔ اس فون کی موٹائی 7 عشاریہ 3 ملی میٹر ہے اور اسکرین کا سائز 6 انچ ہے۔ اسکرین ریزولوشن 1080 پکسل جبکہ پروسیسر 660 اسنیپ ڈریگن ہے۔ یہ فون دوہرے کیمروں پر مبنی ہے جو 20 اور 12 میگا پکسل کے ہیں ۔ سیلفی کھینچنے کے لیے 20 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرا بمعہ فلیش موجود ہے اور بیٹری اس میں 3 ہزار ملی ایمپیئر آوور کی نصب ہے۔ اسٹوریج کے معاملے میں یہ فون کسی بھی اعلیٰ فون کا مقابلہ کرسکتا ہے کیونکہ اس میں 128 گیگا بائٹس کی گنجائش موجود ہے اور 6 جی بی کی ریم نصب ہے۔

Mi A2 Lite قدرے چھوٹا اور سستا اسمارٹ فون ہے۔ اس کی اسکرین کا سائز 5 عشاریہ 84 انچ ہے اور اسکرین پر نوچ بھی موجود ہے۔ اس فون میں 625 اسنیپ ڈریگن پروسیسر اور 4 جی بی ریم نصب ہے۔ کیمرے کی بات کریں تو سیلفی کیمرا 5 میگا پکسل کا ہے جبکہ پشت پر 12 اور 5 میگا پکسل کے دو کیمرے نصب ہیں۔ اس میں 64 گیگا بائٹس کی گنجائش موجود ہے۔

Mi A2 Lite کا ہارڈویئر اگرچہ قدرے کمزور ہے لیکن اس کی اسکرین پر موجود نوچ اسے کئی لوگوں کا پسندیدہ بناتا ہے۔

ابتداء میں یہ دونوں فون اسپین میں متعارف کروائے گئے ہیں۔ Mi A2 کی قیمت 249 یورو جبکہ Mi A2 Lite کی قیمت 179 یورو مقرر کی گئی ہے۔ شومی کی مطابق یہ فون جلد ہی 40 مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔ ان ممالک میں پاکستان اور بھارت بھی شامل ہیں۔