یوٹیوب کی صفائی مہم شروع

1,578

گوگل نے اپنے یوٹیوب پلیٹ فارم پر "مسائل پیدا کرنے والے مواد” کے خلاف اعلانِ جنگ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب جلد ہی یوٹیوب کی صفائی مہم شروع کرنے والا ہے جس کے تحت کمپنی اشتہارات کے لیے سخت پالیسی جاری کرے گی اور مصنوعی ذہانت کا بڑے پیمانے پر استعمال شروع کرے گی۔

یوٹیوب پر پالیسی مخالف مواد کو ہٹانے کے لیے گوگل اگلے سال یعنی 2018 میں 10 ہزار ملازمین بھرتی کرے گا تاہم گوگل نے یہ نہیں بتایا کہ اس وقت اس کام کے لیے کتنے لوگ وقف ہیں۔

نئی پالیسی کے تحت گوگل سخت وغیر مہذب تبصروں کی روک تھام کے لیے بھی ایک ٹول متعارف کروائے گا اور بعض حالات میں کچھ ویڈیوز پر تبصرے نہیں کیے جاسکیں گے۔

گوگل کے بچوں کے لیے مخصوص پلیٹ فارم یوٹیوب کڈز "YouTube Kids” پر نا مناسب مواد کی متعدد شکایات کے بعد گوگل تیزی سے اقدامات کر رہا ہے۔

گزشتہ جون میں نفرت انگیز ویڈیوز پر اشتہارات دکھانے پر بہت سارے بڑے مشتہرین نے گوگل سے اپنے اشتہارات واپس لے لیے تھے۔

یاد رہے کہ اس ضمن میں گوگل صرف انسانی کاوشوں پر ہی انحصار نہیں کر رہا بلکہ گزشتہ جون سے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے گوگل ڈیڑھ لاکھ نفرت انگیز ویڈیوز کو یوٹیوب سے ہٹانے میں کامیاب رہا ہے۔