یوٹیوب سے کمانے کے خواہشمندوں کے لیے شرائط مزید سخت ہوگئیں

2,152

یوٹیوب نے وڈیوز سے پہلے اور دوران اشتہارات چلا کر کمانے کے خواہشمند چینلوں کے لیے اپنی شرائط مزید سخت کردی ہیں۔

اپریل 2017ء میں یوٹیوب نے یہ شرط عائد کی تھی کہ چینل کی وڈیوز کو کم از کم 10 ہزار مرتبہ دیکھا گیا ہو، تبھی وہ monetization پروگرام کے لیے اہل ہو سکتا ہے؛ لیکن اب اس معیار کو مزید بڑھا دیا گیا ہے کہ گزشتہ 12 ماہ میں وڈیوز کو 4،000 گھنٹے تک دیکھا گیا ہو اور ساتھ ہی ایک ہزار سبسکرائبرز بھی ہوں۔

یہ اعلان ایک تازہ بلاگ پوسٹ میں کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ قدم یوٹیوب کو ان تخلیق کاروں کو سمجھنے کی سہولت دے گا جو مثبت انداز میں کام کر رہے ہیں اور ان کے لیے زیادہ سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے میں مدد دے گا۔ یہ معیارات ہمیں ممکنہ نامناسب وڈیوز سے پیسہ بنانے سے روکنے میں بھی مدد دیں گے جو سب کی آمدنی کو نقصان پہنچاتی ہیں۔

یہ فیصلہ واضح طور پر یوٹیوب کے اپنے مفاد میں ہے کیونکہ اسے پچھلے سال بچوں کے مواد کے حوالے سے بڑی خفت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے علاوہ نسل پرستانہ وڈیوز کے ساتھ اپنے اشتہارات چلائے جانے کی وجہ سے کئی بڑے اداروں نے یوٹیوب کا بائيکاٹ بھی کیا تھا جو اس کے لیے ایک بڑا مالی نقصان تھا۔ اب وہ ایسے اقدامات کے ذریعے اپنے نقصان کو پورا کرنا چاہ رہا ہے اور اس کا براہ راست نشانہ بنیں گے چھوٹے چینل، جو ناظرین کی بڑی تعداد تو نہیں رکھتے لیکن یوٹیوب کے قواعد و ضوابط کے مطابق چلتے ہیں اور وڈیوز کے ذریعے کماتے ہیں۔