زیادہ میگا پکسلز چاہئیں؟ سام سنگ A6 دیکھیں

3,282

کون کہتا ہے بڑے سام سنگ اسمارٹ فون کے لیے آپ کے پاس بڑا بجٹ ہونا چاہیے؟ جنوبی کوریا کے اس عظیم ادارے کے جدید ترین فون A6 اور A6 پلس ان صارفین کے لیے ہیں جو سام سنگ کو پسند کرتے ہیں لیکن گلیکسی ایس9 اور نوٹ8 جیسے فونز کی قیمت ادا نہیں کر سکتے۔

ان نئے فونز میں بنیادی توجہ کیمرے پر ہے۔ A6 پلس میں 16 اور 5 میگاپکسل کے ڈوئل کیمرے لگے ہوئے ہیں اور سامنے کے رخ پر ہے 24 میگاپکسل کا جاندار سیلفی کیمرا بھی۔ A6 میں آگے اور پیچھے دونوں طرف 16 میگاپکسل کے کیمرے لگے ہیں۔

دونوں کے اسکرین سائز میں بھی فرق ہے۔ A6 میں 5 اعشاریہ 6 انچ کا 720 ضرب 1480 پکسل ڈسپلے ہے جبکہ A6 پلس میں زیادہ بڑی اور شفاف 6 انچ کی اسکرین ہے جو 1080 ضرب 2220 پکسلز رکھتی ہے۔ اینڈرائیڈ اوریو رکھنے والے ان اسمارٹ فونز میں 3 ہزار اور 3500 ایم اے ایچ کی بیٹریاں ہوں گی۔

A6 پلس زیادہ طاقتور پروسیسر کا بھی حامل ہے، جس میں اوکٹاکور 1 اعشاریہ 8 گیگاہرٹز سی پی یو ہے اور A6 میں ہے 1 اعشاریہ 6 گیگاہرٹز اوکٹاکور۔ یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں کویلکوم اسنیپ ڈریگن استعمال کریں گے یا سام سنگ کے اپنے ایکسینوس پروسیسرز۔ البتہ ان میں 3 یا 4 جی بی ریم ہوگی۔ سام سنگ نے اس کی قیمت بھی ظاہر نہیں کی ہے۔ البتہ آئندہ ہفتوں میں یہ یورپی، ایشیائی اور لاطینی امریکی مارکیٹ میں جاری ہو جائے گا، جس کے بعد جنوبی کوریا، افریقہ اور چین میں لانچ کیا جائے گا۔