دھوکہ دیتے ڈاؤن لوڈنگ لنکس سے بچیں

Click For Best Technology Stuff from Around the World

یہ ایک حقیقت ہے کہ آج کل ہر سافٹ ویئر اپنے ساتھ جنک ویئر یا بلوٹ ویئر (junkware or bloatware) یعنی فالتو سازوسامان لیے آتے ہیں۔ خاص کر ٹول بارز اور براؤزر ایڈاون، جو کہ ان سافٹ ویئر کی انسٹالیشن کے ساتھ خود ہی انسٹال ہو جاتے ہیں۔ ایسی فالتو چیزوں کو اگرچہ آسانی کے ساتھ اَن انسٹال کیا جا سکتا ہے لیکن اکثر یہ انسٹال ہوتے ہی سسٹم میں ایسی تبدیلیاں کر دیتے ہیں کہ پی سی مسائل کا شکار ہو جاتا ہے۔
چونکہ ہمیں کمپیوٹنگ میں ہر ماہ کئی سافٹ ویئر کے بارے میں لکھنا پڑتا ہے اس لیے انھیں ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال بھی کرنا پڑتا ہے۔ مختلف قسم کے سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے اندازہ ہوتا ہے کہ انسٹال کرتے ہوئے تو یہ چکمہ دیتے ہی ہیں انھیں ڈاؤن لوڈ کرنا بھی کچھ آسان نہیں۔

انٹرنیٹ پر سب مفت دستیاب ہے

اکثر لوگ قیمتاً دستیاب سافٹ ویئر کے کریکڈ ورژنز کی تلاش میں مختلف ویب سائٹس سے انھیں ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں۔ چونکہ لوگ انھیں خریدے بغیر استعمال کرنا چاہتے ہیں اس لیے ہیکر بھی لوگوں کی اس کمزوری کو جانتے ہیں۔ پچھلے دنوں آزمائش کے طور پر ایک ویب سائٹ پر کچھ سافٹ ویئر تلاش کیے، تلاش کے نتائج میں کئی مختلف سافٹ ویئر سامنے آئے۔ باری باری ان کو ڈاؤن لوڈ کیا تو پتا چلا تمام سافٹ ویئر کا انسٹالر ایک ہی تھا۔ یعنی کسی نے مختلف سافٹ ویئر کے نام استعمال کرتے ہوئے ایک ہی وائرس زدہ انسٹالر فراہم کر رکھا تھا۔
اسے آپ یوں سمجھیں کہ اُن صاحب نے ایک کمرشل سافٹ ویئر کا نام لکھا، اس کی تمام خوبیاں لکھیں اور نیچے مفت اور کریکڈ ورژن کا لنک دے دیا۔ اسی طرح پھر کسی دوسرے قیمتاً دستیاب سافٹ ویئر کی تفصیلات استعمال کرتے ہوئے اس کا تازہ ترین کریکڈ ورژن بھی پیش کر دیا۔ جبکہ سب کے لیے ایک سافٹ ویئر کا انسٹالر استعمال کیا وہ بھی وائرس زدہ۔

صاحب نے اپنے وائرس زدہ سافٹ ویئر کا نام بدل دیا مشہور سافٹ ویئر کے نام سے مثلاً abc.exe اور ڈاؤن لوڈنگ کے لیے پیش کر دیا۔
اکثر ہیکر حضرات تو گانوں اور فلموں کی جگہ بھی وائرس زدہ سافٹ ویئر پیش کر دیتے ہیں۔ اس لیے گانے وغیرہ ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے یاد رکھیں کہ فائل کا ایکسٹینشن mp3 ہو اور فلمیں وغیرہ بھی زپ پیکیج میں مت ڈاؤن لوڈ کریں کیونکہ جب اسے ان زپ کریں گے تو اس کے اندر سے کچھ اور بھی نکل سکتا ہے۔

اشتہارات کو بلاک کریں

اپنے سسٹم کی تمام تر حفاظت کی ذمے داری صرف اینٹی وائرس پر نہ ڈالیں، بلکہ اپنے براؤزر میں اشتہارات کی بندش کے لیے کوئی ایڈاون انسٹال کریں جیسے کہ ایڈ بلاک پلس۔ اس ایڈاون کی موجودگی سے براؤزر میں صرف اصل مواد نظر آئے گا جبکہ تمام اشتہارات بلاک کر دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایڈمنچر بھی بہترین آپشن ہے جس کی انسٹالیشن سے تمام براؤزرز میں اشتہارات کو بلاک کیا جا سکتا ہے۔
adblockplus
admuncher

انسٹالیشن سے پہلے اسکیننگ

اکثر لوگ اپنی ضرورت کے تحت گوگل سے سافٹ ویئر تلاش کرتے ہیں، ابتدائی رزلٹ میں دکھائی دینا والا سافٹ ویئر بالکل ان کی ضرورت پر مبنی ہوتا ہے اس لیے ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کر لیتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ ہیکرز حضرات کو پتا ہوتا ہے کہ لوگ کیا چاہتے ہیں۔ اس لیے وہ جعلی سافٹ ویئر بنا کر فراہم کر دیتے ہیں۔ اس لیے کوئی بھی سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کریں پہلے اسے اپنے اینٹی وائرس سے اسکین ضرور کر لیں۔ بلکہ اچھا ہے کہ اسے آن لائن وائرس اسکینر سے اسکین کریں، کیونکہ آن لائن ایک ساتھ کئی اینٹی وائرس انجنز سے اسکین کیا جاتا ہے اس لیے وائرس کے بچنے کے امکان کم ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر وائرس ٹوٹل اور میٹا اسکین استعمال کریں:
virustotal
metascan-online

دھوکہ دیتے ڈاؤن لوڈنگ لنک

اگرچہ ویب سائٹس پر آپ کی مطلوبہ فائل کا ڈاؤن لوڈنگ لنک موجود ہوتا ہے لیکن اکثر وہ آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہوتا ہے۔ صارف کو تلاش کرنا پڑتا ہے کہ اصلی ڈاؤن لوڈنگ لنک ہے کہاں؟ اس کے لیے کسی بھی بٹن پر کلک کرنے سے پہلے اس پر ماؤس لے جائیں اور نیچے دیکھیں کہ کیا ربط موجود ہے۔ اگر آپ کوئی سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں تو ڈاؤن لوڈنگ لنک کے نیچے اس کی ویب سائٹ یا سافٹ ویئر فراہم کرنے والی ویب سائٹ کا ربط بمعہ سافٹ ویئر کے نام اور ایکسٹینشن موجود ہونا چاہیے۔

اگر آپ کوئی سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں تو اس کا ایکسٹینشن .exe یا .msi ہونا چاہیے۔ سافٹ ویئر زِپ پیکیج میں بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن یہ سب آپ کی صوابدید پر ہوتا ہے کہ آپ درست لنک پر کلک کرتے ہیں یا خود ہی کسی وائرس کو دعوت دیتے ہیں۔ اکثر لوگ صرف کریک سافٹ ویئر استعمال کرنے کو ترجیح دیتے ہیں حالانکہ ان کی ضرورت کا سافٹ ویئر مفت بھی دستیاب ہوتا ہے جسے ڈاؤن لوڈ کرنے میں کم خطرہ ہوتا ہے، جبکہ کریکس میں وائرس کا موجود ہونا بہت ہی عام بات ہے۔

صرف سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کریں

آج کل سافٹ ویئر فراہم کرنے والی ویب سائٹس کی کوشش ہوتی ہے کہ براہ راست سافٹ ویئر کی بجائے اپنا انسٹالر فراہم کریں۔ تاکہ آپ اس انسٹالر کے ذریعے پھر اس سافٹ ویئر کو ڈاؤن لوڈ کریں۔ سافٹ ویئر فراہم کرنے والی مشہور و معروف ویب سائٹ CNET جو پہلے ڈاؤن لوڈ ڈاٹ کام کے نام سے موجود تھی آج کل یہ روش اپنائے ہوئے ہے۔
فوراً ہی ’’ڈاؤن لوڈ‘‘ بٹن کی جانب لپکنے سے پہلے ذرا اس کا جائزہ لیں۔ اس بٹن کے اوپر ہی آپ دیکھ سکتے ہیں کہ CNET Installer Enabled لکھا ہے۔ اگر یہ فعال ہے تو اس کا مطلب ہے اس پیکیج میں سی نیٹ کے لوازمات بھی موجود ہیں۔ اور اگر یہ مدھم سا لکھا ہے تو اس کا مطلب ہے یہ فعال نہیں بلکہ صرف سافٹ ویئر ہی ڈاؤن لوڈ ہوگا۔
اس کے علاوہ بڑے سے ہرے ڈاؤن لوڈ کے بٹن کے نیچے دیکھیں تو ’’ڈائریکٹ ڈاؤن لوڈ لنک‘‘ موجود ہوتا ہے۔ یعنی سافٹ ویئر کو براہِ راست ڈیویلپر کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

دوسروں کی رائے مدنظر رکھیں

تقریباً ہر ڈاؤن لوڈ کے بارے میں تبصرہ کرنے اور ریٹنگ دینے کی سہولت موجود ہوتی ہے۔ آپ سے پہلے جو لوگ اس چیز کو ڈاؤن لوڈ کر چکے ہوتے ہیں وہ اس پر اپنا تبصرہ کرتے ہیں اور ریٹنگ دیتے ہیں۔ اس لیے اسے ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے بہتر ہے اس صفحے پر موجود تبصرے پڑھ لیں۔ اگر لوگوں کی اکثریت اس کے بارے میں منفی رائے رکھتی ہے تو اسے مت ڈاؤن لوڈ کریں۔

اگر آپ فالتو قسم کی ٹول بارز اور سافٹ ویئر انسٹال کر بیٹھیں تو انھیں اَن انسٹال بھی کر سکتے ہیں اس کام کے لیے ایک بہترین پروگرام مفت دستیاب ہے جسے آپ درج ذیل ربط سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں:

غیر ضروری پروگرام، ٹول بارز اور ایڈویئر کا صفایا کریں

Click For Best Technology Stuff from Around the World

ایڈویئرٹروجنجعلیڈاؤن لوڈنگلنکمال ویئرنقلیوائرسوائرس ٹوٹل