بٹ ٹورینٹ پروٹوکول

Click For Best Technology Stuff from Around the World

BitTorrent فائلوں کی ترسیل کا ایک ایسا نظام (protocol) ہے کہ جس کے استعمال سے ڈاؤن لوڈنگ کی رفتار تیز ہونے کے ساتھ ساتھ ہارڈویئر اور بینڈوڈتھ کی بچت بھی ہوتی ہے۔ عام طور پر فائل ڈاؤن لوڈنگ کے لیے کسی ایک کمپیوٹر (server) پر رکھی جاتی ہے۔ جبکہ بِٹ ٹورینٹ میں ایک ہی فائل مختلف ٹکڑوں کی صورت میں کئی کمپیوٹر پر فراہم کی جاتی ہے۔ انٹرنیٹ پر بعض ویب سائٹس اس نظام کو استعمال کرتے ہوئے تین گیگا بائٹس تک کا ڈیٹا ڈاؤن لوڈنگ کے لیے فراہم کر رہی ہیں۔ ہائی کوالٹی آڈیو ، ویڈیو اور ڈیٹا کی دیگر اقسام کی ترسیل کے لیے یہ نظام بے حد مقبول اور مؤثر ہے۔

طریقہ کار کی وضاحت:

ڈاؤن لوڈنگ کے لیے استعمال ہونے والا عام نظام client-server سسٹم کہلاتا ہے۔ اس نظام میں مطلوبہ فائل ایک سرور پر رکھی جاتی ہے۔ آپ براہِ راست اس کمپیوٹر سے فائل ڈاؤن لوڈ کر لیتے ہیں۔ اگر اس فائل کو ڈاؤن لوڈ کرنے والے افراد ہزاروں میں ہوں تو سرور انتہائی سست رفتار ہو جاتا ہے۔ فراہم کنندہ کے لیے اس کا نتیجہ بینڈ وِڈتھ اور ہارڈویئر کے پریشان کن خرچ اور مالیاتی اخراجات میں اضافے کی صورت میں نکلتا ہے۔

BitTorrent کے نظام میں صارفین کے کمپیوٹر ایک مرکزی کمپیوٹر کے ذریعے آپس میں مربوط ہوتے ہیں ، اس مرکزی کمپیوٹر کو seeder یا tracker کہا جاتا ہے۔ صارفین فائلوں کو نہ صرف ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں بلکہ انہیں دوسرے صارفین کے لیے اپ لوڈ بھی کرتے ہیں۔ ہوتا یوں ہے کہ مطلوبہ مکمل فائل مرکزی کمپیوٹر کے پاس موجود ہوتی ہے۔ جب صارفین اس سے رابطہ کرتے ہیں تو یہ اس فائل کو مختلف حصوں میں تقسیم کرتا ہے۔ مختلف صارفین مختلف ٹکڑوں کو ڈاؤن لوڈ کر لیتے ہیں۔ اب جس صارف کے پاس کوئی حصہ نہیں ہوتا وہ دوسرے صارف سے طلب کر لیتا ہے۔ اس طرح صارف مختلف ٹکڑوں کو مختلف کمپیوٹرز سے حاصل کر کے مطلوبہ فائل مکمل کر لیتا ہے۔ چونکہ اس طرح تمام بوجھ کسی ایک کمپیوٹر پر نہیں پڑتا ، بلکہ کئی کمپیوٹرز مل کر کام انجام دیتے ہیں ، اس لیے ڈاؤن لوڈنگ کی رفتار بھی تیز ہوتی ہے اور کمپیوٹرز پر دباؤ بھی کم ہوتا ہے۔
یہ سارا کام خود کار طریقے سے انجام پاتا ہے ، جس کے لیے بٹ ٹورینٹ کلائنٹ استعمال کیا جاتا ہے۔

بٹ ٹورینٹ کلائنٹ ایک ایسا پروگرام ہوتا ہے جو کہ مطلوبہ فائل کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے Torrent فائل استعمال کرتا ہے۔ ٹورینٹ ایک مختصر سائز کی فائل ہوتی ہے۔ اس فائل میں آپ کی مطلوبہ فائل کے مختلف ٹکڑوں سے متعلق معلومات درج ہوتی ہیں کہ وہ کہاں کہاں موجود ہیں۔ یہ ٹورینٹ فائل ڈاؤن لوڈ کر کے بٹ ٹورینٹ کلائنٹ کو فراہم کی جاتی ہے۔ یہ پروگرام اس ٹورینٹ فائل میں موجود معلومات پڑھتا ہے اور خود کار طریقے سے مطلوبہ ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنا شروع کر دیتا ہے۔

بِٹ ٹورینٹ کلائنٹ پروگرام

بٹ ٹورینٹ پروٹوکول دراصل Bram Cohen کی تخلیق ہے۔ اصل بٹ ٹورینٹ کلائنٹ ایک آزاد مصدر پروگرام ہے جسے پائیتھون میں لکھا گیا تھا۔ اب اس کا انتظام BitTorrentانکارپوریشن کے پاس ہے۔
BitTorrent.com سے آپ بٹ ٹورینٹ کلائنٹ بالکل مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ اس مفت پروگرام کے ذریعے آپ نہ صرف ٹورینٹ فائلیں حاصل کرکے ڈائون لوڈنگ کرسکتے ہیں، بلکہ نئی ٹورینٹ فائل بنا کر اپنی ویب سائٹ پر پیش بھی کر سکتے ہیں۔

بٹ ٹورینٹ انکارپوریشن کے علاوہ کئی دوسرے اداروں نے بھی کلائنٹ پروگرامز تخلیق کئے ہیں۔ ان میں سے بھی کچھ مفت ہیں اور کچھ کمرشل سافٹ ویئر ہیں۔
بٹ ٹورینٹ انسٹال کرنے کے بعد صارف انٹرنیٹ سے اپنی دلچسپی کی ٹورینٹ فائل ڈاؤن لوڈ کرتے ہیں اور اسے بٹ ٹورینٹ کلائنٹ کی مدد سے کھولتے ہیں۔ کلائنٹ پروگرام اس فائل میں دیئے گئے tracker سے رابطہ کرتا ہے۔ ٹریکر کلائنٹ کو دوسرے peers یا کمپیوٹرز کی فہرست بھیجتا ہے جو کہ اس فائل کے ٹکڑوں کو ڈاؤن لوڈ کر رہے ہوتے ہیں۔ کلائنٹ ان پیئرز سے رابطہ کرتا ہے اور مطلوبہ فائل کے مختصر حصوں کو ڈاؤن لوڈ کرنا شروع کر دیتا ہے۔ تمام حصے حاصل کرنے کے بعد ان ٹکڑوں کو جوڑ کر مطلوبہ فائل اصل شکل میں تیار کرکے آپ کے کمپیوٹر میں محفوظ کر دیتا ہے۔

اس وقت انٹرنیٹ پر کئی افراد اور ادارے BitTorrent ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے اپنا آڈیو ، ویڈیو مواد شائع کر رہے ہیں۔ ان میں سب سے مشہور ادارہ BitTorrent.com ہے جس نے Hollywood اسٹوڈیوز سے کئی لائسنس حاصل کئے ہیں اور اب وہ مقبول فلمیں ، گانے اور ہالی ووڈ کا دیگر مواد ڈاؤن لوڈنگ کے لیے فراہم کر رہا ہے۔

نقائص:

ہر ٹیکنالوجی کی طرح بِٹ ٹورینٹ میں بھی کچھ نقائص ہیں ، جو کہ درج ذیل ہیں۔
1۔ بٹ ٹورینٹ صارف کی شناخت کو پوشیدہ نہیں رکھتا۔ لہٰذا یہ قطعی ممکن ہے کہ کوئی شخص ٹریکر سے موجودہ اور گزشتہ صارفین کے آئی پی ایڈریس حاصل کرلے اور اس طرح ان کے کمپیوٹرز تک رسائی حاصل کر کے ان کے قیمتی ڈیٹا کو چوری یا اسے نقصان پہنچا سکے۔

2۔ کئی صارفین عام طور پر فائلیں ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد انہیں دیگر صارفین کے لیے مہیا کرنے پر رضامند نہیں ہوتے۔ یعنی جب وہ ڈاؤن لوڈنگ مکمل کر لیتے ہیں تو ٹریکر سے اپنا رابطہ (connection) ختم کر لیتے ہیں۔ اگر یہ رجحان بڑھ جائے تو ایک بحران کی سی کیفیت بن جاتی ہے کہ جس میں ڈاؤن لوڈ کرنے والے زیادہ ہوتے ہیں مگر ڈیٹا فراہم کرنے والوں کا فقدان ہوجاتا ہے۔ چنانچہ اس نظام کی تخلیق کا سارا مقصد فوت ہو جاتا ہے۔

3۔ BitTorrent کا نظام ڈائل اپ صارفین کو مطمئن کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ کیونکہ ڈائل اپ کنکشن پر ڈاؤن لوڈنگ کی رفتار عام طور پر ایک سے پانچ کلو بائٹس کے درمیان ہوتی ہے۔ اس رفتار پر موڈیم استعمال کرنے والے صارف کو کوئی خاص فرق محسوس نہیں ہوتا۔ لہٰذا یہ نظام صرف broadband کنکشن کے لیے ہی بہترین ثابت ہو سکتا ہے۔
اس نظام کو مسلسل بہتری کی جانب لانے کی کوششیں جاری ہیں اور کئی ویب سائٹس اس ضمن میں ترقی و تحقیق کر رہی ہیں۔

بِٹ ٹورینٹ کے بارے میں مزید معلومات اس کی ویب سائٹ http://www.bittorrent.com سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

Click For Best Technology Stuff from Around the World

bittorrentبٹ ٹورینٹبٹ ٹورینٹ کلائنٹٹورینٹٹورینٹس