وائی فائی ہیٹ میپ بنائیں

Click For Best Technology Stuff from Around the World

وائرلیس نیٹ ورک کے تجزیے اور بہتر کوریج حاصل کرنے کے لیے وائی فائی ہیٹ میپ بنائیں

کیا یہ بات زبردست نہیں ہو گی کہ آپ اپنے گھر یا دفتر میں وائی فائی نیٹ ورک استعمال کرتے ہوئے ہمیشہ پہلے سے آگاہ ہوں کہ کس مقام پر وائی فائی کی کوریج بہترین، بری اور درمیانی ہے؟
آئیے آپ کو وائی فائی ہیٹ میپ بنانے کا طریقہ بتاتے ہیں۔ اس ٹیوٹوریل سے آپ باآسانی اپنا وائی فائی ہیٹ میپ بنا سکیں گے۔ چونکہ سگنلز کی طاقت کو ہاٹ اور کولڈ کہتے ہیں اس لیے ہر جگہ سگنلز کی طاقت دکھانے والے نقشے کو ہیٹ میپ کہتے ہیں۔

وائی فائی ہیٹ میپ کی کیا ضرورت ہے؟

اگر آپ گھر یا دفتر میں وائر لیس نیٹ ورک استعمال کر رہے ہیں تو وائی فائی ہیٹ میپ موجود ہونے کی صورت میں آپ باآسانی جان سکتے ہیں کہ راؤٹر کے سگنلز کہاں تک پہنچ پا رہے ہیں اور ہر مقام پر اس کے سگنلز کی کیا طاقت ہے۔ بجائے اس کہ آپ تُکے لگائیں آپ کے پاس ایک کنفرم رپورٹ موجود ہو گی۔ جس سے آپ یہ فیصلہ کر سکیں گے کہ راؤٹر کی جگہ بدلنی چاہیے یابذات خود راؤٹر ہی تبدیل کر لینا چاہیے۔

کیا چیزیں درکار ہوں گی؟

وائی فائی ہیٹ میپ بنانے کے لیے آپ کو درج ذیل چیزیں درکار ہوں گی:
ایک ونڈوز کا حامل لیپ ٹاپ
ہیٹ میپر سافٹ ویئر
نقشے کا ایک اسکیچ/ تصویر  (اس کے بغیر بھی کام ہو سکتا ہے)

ہیٹ میپ بنانے کے لیے اس وقت کئی کمرشل سافٹ ویئر موجود ہیں جن میں لیپ ٹاپ، ٹیبلٹ اور اسمارٹ فونز کی سپورٹ موجود ہے۔ ہم نے آپ کے لیے Ekahau HeatMapper سافٹ ویئر کا انتخاب کیا ہے۔ اس کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ یہ سافٹ ویئر اس حوالے بہترین اور کمرشل سافٹ ویئر بنانے والی کمپنی کی ایک مفت پروڈکٹ ہے۔ اس کے علاوہ اس کی کارکردگی بہترین اور استعمال میں بالکل آسان ہے۔
نقشے کے طور پر آپ کے پاس ایک تصویر موجود ہونی چاہیے۔ ضروری نہیں کہ یہ کوئی پروفیشنل قسم کا میپ ہو، بلکہ آپ پنسل اور اسکیل سے کاغذ پر لائنیں لگا کر بھی اپنا نقشہ خود تیار کر سکتے ہیں۔ یا کسی بھی گرافکس سافٹ ویئر حتیٰ کہ پینٹ پروگرام میں بھی ایک بنیادی سا نقشہ تیار کر کے اس عمل میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اپنے ٹیوٹوریل میں جان ڈالنے کے لیے یا اسے حقیقت سے بالکل قریب تر بنانے کے لیے میں نے planner5d.com کا رُخ کیا اور اپنے گھر کا ایک سادہ سا نقشہ تیار کر لیا۔ چونکہ اس ویب سائٹ میں نقشے کے حوالے سے تمام خوبیاں موجود ہیں اس لیے آپ ایک بہترین نقشہ تیار کرنا چاہیں تو اس ویب سائٹ پر جائیں۔

ہیٹ میپر سافٹ ویئر

Ekahau HeatMapper آپ درج ذیل لنک سے مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ ڈاؤن لوڈ ٹیب پر ایک فارم دستیاب ہے۔ اس فارم میں اپنا ای میل ایڈریس ضرور درست لکھیں کیونکہ ڈاؤن لوڈنگ لنک آپ کو ای میل کیا جائے گا۔
http://www.ekahau.com/wifidesign/ekahau-heatmapper
اس ہیٹ میپر سافٹ ویئر کا سائز لگ بھگ سو ایم بی ہے۔ ونڈوز ایکس پی، ونڈوز وستا، ونڈوز7 اور ونڈوز8 آپریٹنگ سسٹمز کی سپورٹ اس میں موجود ہے۔
اس پروگرام کو استعمال کرنے کے لیے آپ کے سسٹم میں ایک جی بی ریم، دو جی بی ہارڈ ڈسک اسپیس، ایک گیگا ہرٹز پروسیسر اور وائی فائی لین یا ایڈاپٹر موجود ہونا چاہیے۔ وائی فائی لین انٹرنل یا ایکسٹرنل کوئی بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس کی انسٹالیشن بالکل سادہ سی ہے۔ ایڈمنسٹریٹر یوزر سے لاگ اِن رہتے ہوئے آپ باآسانی اس کے سیٹ اپ کو چلا کر انسٹال کر سکتے ہیں۔

انسٹالیشن کے دوران آپ کو ایک اسپیشل نیٹ ورک ڈرائیور انسٹال کرنے کا کہا جائے گا۔ اسے بھی قبول کرتے ہوئے انسٹال کر لیں۔

ہیٹ میپ بنائیں

جب آپ اس پروگرام کو چلائیں گے تو آپ کے سامنے دو آپشنز موجود ہوں گے کہ آپ کے پاس نقشہ موجود ہے یا نہیں۔ آپ اپنے حساب سے آپشن منتخب کر سکتے ہیں۔

بائیں طرف موجود پینل تمام قابل رسائی وائی فائی ایکسس پوائنٹس موجود ہوں گے۔آپ کے آس پڑوس کے ایکسس پوائنٹس بھی اس میں موجود ہوں گے، جن کی موجودگی کو نظر انداز کر دیں۔ اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
درمیان میں آپ کا نقشہ موجود ہو گا جب کہ دائیں طرف ایک رہنما گائیڈ موجود ہے۔ آپ چاہیں تو اس کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔یا اس کے اوپر موجود چھوٹے سے بٹن پر کلک کر کے اسے سائیڈ میں بند کر دیں۔

ہیٹ میپر میں آپ کا نقشہ لوڈ ہو چکا ہے اس لیے اب آپ کام کرنے کے لیے بالکل تیار ہے۔ اپنا لیپ ٹاپ اٹھا کر سائیڈ میں کسی خالی جگہ پر آجائیں جہاں سے آپ یہ کام شروع کر سکیں۔ جہاں بھی آپ لیفٹ کلک کریں گے وہاں ایک چھوٹا سا پوائنٹ بن جائے گا۔ اگر آپ غلطی سے کلک کر بیٹھیں تو رائٹ کلک کر کے اسے ختم کر سکتے ہیں۔

جہاں آپ موجود ہوں نقشے کے حساب سے وہاں لیفٹ کلک کریں۔ اب اگر آپ کمرے میں ہیں تو چاروں طرف مکمل راؤنڈ لگائیں اور جس طرف جائیں ماؤس کو اسی طرف کرتے جائیں۔ جہاں سے مُڑنا ہو وہاں کلک کریں اور ماؤس کو دوسری طرف چلانا شروع کر دیں۔ آپ دیکھیں گے کہ ایک سبز لائن آپ کے چلنے کی پوزیشن کو نقشے پر مارک کر رہی ہو گی۔

ضروری نہیں ہے کہ پورے گھر یا دفتر کا ہیٹ میپ ایک ہی وقت میں تیار کیا جائے۔ آپ صرف جس ایریے کا چاہیں ہیٹ میپ بنا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر ہیٹ میپ بناتے وقت بیچ میں کہیں کام روکنا ہو تو اس کے دوران رائٹ کلک کر دیں۔

ضروری نہیں ہے کہ آپ ہیٹ میپ مکمل کرنے کے لیے دیواروں کے ساتھ ساتھ گھومیں۔ بلکہ کمرے کے بیچ میں بھی آئیں اور جس پوزیشن سے آئیں اس پر واپس بھی جا کر دیکھیں۔ تاکہ آپ کو ہر طرح سے سگنلز کی صحیح طاقت کی رپورٹ مل سکے۔

پورے نقشے پر گھومنے کے بعد رائٹ کلک کر کے آپ اس کام کو ختم کر سکتے ہیں۔ آپ دیکھیں گے کہ پوری رپورٹ آپ کے سامنے موجود ہو گی۔

اس پورے نقشے میں جو مزیدار بات ہو گی وہ یہ کہ آپ کا راؤٹر جہاں موجود ہو گا یہ خود بخود اس کی بالکل صحیح پوزیشن بتا رہا ہو گا۔ اس کے علاوہ دیگر ایکسس پوائنٹس آپ کا بھی آپ یہیں سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کون سا پوائنٹ گھر کے کس طرف واقع ہے اور کس ایکسس پوائنٹ کے سگنلز ہمارے گھر بہتر آرہے ہیں۔ جس ایریے میں سبز رنگ موجود ہے وہاں سگنلز ہاٹ یعنی طاقت ور ہیں۔ جہاں ہلکا سبز رنگ ہے وہاں سگنلز کی طاقت کچھ کم ہے۔ پیلے رنگ سے مارک ایریے میں سگنلز کی طاقت کمزور جب کہ جہاں سرخ رنگ موجود ہے وہاں سگنلز کولڈ یعنی بالکل کمزور ہیں۔

جس راؤٹر کا آپ ہیٹ میپ محفوظ کرنا چاہتے ہیں اس پر کلک کر کے Take screenshot کے بٹن کے ذریعے آپ اس تصویر کو محفوظ کر سکتے ہیں۔
تصویر کو محفوظ کرتے ہوئے اسے کوئی نیا نام ضرور دیں، کیونکہ یہ سارا کام آپ کے بنائے ہوئے نقشے پر ہو رہا ہوتا ہے۔ اس لیے اگر نیا نام نہ دیا تو یہ پرانی فائل کے اوپر ہی محفوظ ہو جائے گا۔ اس ہیٹ میپ کے ذریعے آپ باآسانی فیصلہ کر سکتے ہیں کہ طاقت ور سگنلز حاصل کرنے کے لیے آپ کو کس جگہ پر بیٹھنا چاہیے۔

Click For Best Technology Stuff from Around the World

سگنلسگنلزنیٹ ورکوائر لیسوائرلیسوائرلیس انرنیٹوائرلیس نیٹ ورکوائرلیس نیٹ ورکسوائی فائی