ڈیٹا ریکوری کے مفت ٹولز

Click For Best Technology Stuff from Around the World

ڈیٹا ریکوری ممکن کیوں ہے؟

اس سلسلے میں ہمیں فائل سسٹم کا ڈیزائن بنانے اور ان کے کام کرنے کا طریقہ کار واضح کرنے والے ذہین دماغوں کا شکر گزار ہونا چاہئے۔ انہیں اچھی طرح اندازہ تھا کہ لوگوں کا ڈیٹا ضائع ہوگا یا ضائع کیا جائے گا۔ اس لئے جب بھی کوئی فائل یا ڈیٹا ڈیلیٹ کیا جاتا ہے تو اسے ہارڈڈسک سے فوراً ہی مٹا نہیں دیا جاتا۔ بلکہ اس ڈیٹا کو نشان زد کردیا جاتا ہے کہ یہ جگہ دستیاب ہے اور اس پر نیا ڈیٹا لکھا جاسکتا ہے۔ جب تک نیا ڈیٹا اس پر نہیں لکھا جاتا، ڈیلیٹ شدہ ڈیٹا اسی پر موجود رہتا ہے۔ اسٹوریج میڈیا کو جب فارمیٹ کیا جاتا ہے، اس وقت بھی ایساہی ہوتا ہے۔ بجائے تمام ڈیٹا کو ہارڈڈسک سے مکمل طور پر مٹانے کے، اس پر صرف ’’حذف شدہ‘‘ کا لیبل لگا دیا جاتا ہے۔ اس عمل کے دو فوائد ہیں۔ اول ڈیٹا ڈیلیٹ یا فارمیٹ کرنے کا عمل بہت تیز رفتارہوتا ہے، دوم ڈیٹا کے غلطی سے ڈیلیٹ ہونے کی صورت میں اسے واپس حاصل کیا جاسکتاہے۔
ڈیٹا ڈیلیٹ ہونے یا ڈسک کے فارمیٹ ہونے کے صورت میں جتنی جلدی ڈیٹا ریکوری سافٹ ویئر چلا لیا جائے، ریکوری کے امکانات اتنے ہی زیادہ ہونگے۔ آپریٹنگ سسٹم چونکہ مسلسل ہارڈڈرائیو کی سن گن لیتا رہتا ہے ، وہ کسی بھی وقت ڈیلیٹ کی گئی فائل کے اوپر دوسرا ڈیٹا لکھا سکتا ہے۔

اگر آپ نے پہلے سے ڈیٹا ریکوری سافٹ ویئر (جو آگے ہم آپ کو بتانے جا رہے ہیں) نہیں انسٹال کررکھا تو بہتر ہے کہ اس سافٹ ویئر کو کسی دوسرے کمپیوٹر پر انسٹال کریں اور پھر اپنی ہارڈڈرائیو اس میں لگا کر سافٹ ویئر چلائیں۔ ورنہ ممکن ہے کہ اپنے کمپیوٹر میں انسٹالیشن کے دوران ریکوری سافٹ ویئر کی فائلیں ہی آپ کے ڈیلیٹ شدہ ڈیٹا پر اوور رائٹ ہوجائیں!

اب آئیے اصل مدعے کی جانب… یعنی مفت ڈیٹا ریکوری سافٹ ویئر اور ان کا استعمال۔

ریکوا ( Recuva)

آپ میں سے کوئی احباب نے آپریٹنگ سسٹم کی ’’باطنی صفائی ستھرائی اور پاکیزگی برقرار رکھنے ‘‘ کے لئے سی کلین ئر(CCleaner) سافٹ ویئر استعمال کیا ہوگا۔ جتنا بہترین کام سی کلین ئر کرتا ہے، اتنا ہی شاندار سافٹ ویئر ریکوا بھی ہے، اور ہوں بھی کیوں نا! آخر اسے بنانے والی کمپنی بھی تو وہی ہے جس نے سی کلینئر بنایا ہے۔

ہم نے جتنے بھی مفت ڈیٹا ریکوری سافٹ ویئر استعمال کئے ہیں، ان سب میں سے ریکوا کو سب سے بہترین پایا۔ اس کی ایک وجہ شاید یہ ہے کہ ہم سی کلین ئر استعمال کرنے کے عادی ہیں۔ اس کا انٹرفیس بہت ہی آسان ہے، خاص طور پر ان لوگوںکے لئے جنہوں نے سی کلین ئر استعمال کررکھا ہے۔ اگر یوں کہا جائے کہ اس کا استعمال ’’ حلوہ ہے، حلوہ!‘‘ تو غلط نہیں ہوگا۔ سب سے بڑی خوبی تو پھر ہم آپ کو پہلے ہی بتا چکے ہیں، یعنی یہ بالکل مفت ہے اور اس کا سائز انتہائی کم، یہ اچھے انٹرنیٹ کنکشن پر چند لمحوں میں ہی آپ کی کمپیوٹر میں اتر آتا ہے۔ مزید خوبیوں کی اگر بات کی جائے تو یہ ایک پورٹیبل ایپلی کیشن کی شکل میں بھی ملتا ہے، یعنی انسٹالیشن کی جھنجٹ ہی نہیں۔ کسی یو ایس بی کے ذریعے بھی اس کو براہ راست چلایا جاسکتا ہے۔ اس طرح فائلیں اوور رائٹ ہونے کا ڈر بھی نہیں رہتا۔ اگر آپ کے پاس ہارڈڈسک لگانے کے لئے کوئی دوسرا کمپیوٹر موجود نہ ہو تو آپ کو لازماً پورٹیبل ورژن ہی استعمال کرنا چاہئے۔ یہ ہارڈڈرائیو، یو ایس بی فلیش ڈرائیوز، میموری کارڈز ، ایم پی تھری پلیئرز، سی ڈی، ڈی وی ڈی ، حتیٰ کہ ایپل آئی پوڈ تک سے ڈیٹا ریکور کرسکتا ہے۔ پیری فورم (ریکوا بنانے والی کمپنی) اس سافٹ ویئر کی اپ ڈیٹس جاری کرتی رہتے ہے جس کی وجہ سے یہ خاصا پائیدار اور بگس سے پاک سافٹ ویئر ہے۔

ہم یہاں ایک نوٹ لکھ دیں کہ ڈیٹا ریکوری سافٹ ویئر چاہے کوئی بھی ہو، اسے ڈیلیٹ کئے ہوئے ڈیٹا کو ریکور کرنے میں خاصا وقت لگتا ہے۔ اگر اسٹوریج میڈیا کا سائز بڑا ہو تو ریکوری میں بھی زیادہ وقت صرف ہوگا۔

ریکوا ڈاؤن لوڈ کریں

EaseUS ڈیٹا ریکوری وزارڈ

یہ بھی شاندار سافٹ ویئر ہے جو استعمال میں انتہائی آسان اور جاذب نظر انٹرفیس پر مشتمل ہے۔ اس کا انٹرفیس خاصی حد تک ونڈوز ایکسپلورر سے ملتا جلتا ہے، اس لئے ونڈوز کے عادی ’’صارفوں‘‘ کو اسے استعمال کرنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔ اس سے ڈیلیٹ شدہ فائلیں واپس حاصل کرنے کے لئے صرف چند کلک ہی کرنے پڑتے ہیں۔ اس میں پارٹیشن کو ریکور کرنے کی صلاحیت بھی ہے اور ریکوا کی طرح یہ ہر اس ڈیوائس سے ڈیٹا ریکور کرسکتا ہے جسے ونڈوز مائی کمپیوٹر میں بطور اسٹوریج میڈیا دکھاتی ہے۔

اس کی اتنی ساری نغمہ سرائی کے بعد اس کی کچھ برائی کرنے کا حق بھی بنتا ہے۔ یہ 2گیگا بائٹس سے زیادہ ڈیٹا ریکور نہیں کرتا! لیکن اکثر ڈیلیٹ کیا گیا ڈیٹا اس سے کم سائز ہی ہوتا ہے۔ اس لئے ہم اسے ایک چھوٹی برائی تصور کرتے ہوئے درگزر سے کام لیں گے اور اس سافٹ ویئر کو اس کے کام کے مکمل نمبر دیں گے۔ یہ ونڈوز (ایکس پی سے لیکر ونڈوز ایٹ تک، بشمول تمام سرور آپریٹنگ سسٹمز) اور میک او ایس دونوں کے لئے دستیاب ہے۔ اسے درج ذیل ربط سے ڈائون لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

ایزاس ریکوری وزارڈ ڈاؤن لوڈ کریں

Click For Best Technology Stuff from Around the World

ڈیٹا ریکوری