مائیکروسافٹ کی نئی ایپ راستہ بتائے بغیر GPS اور انٹرنیٹ کے

Click For Best Technology Stuff from Around the World

گوگل میپس ایپلی کیشن نے جی پی ایس کا استعمال ہر صارف کی دسترس میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اب ہم اس کی مدد سے دنیا کے کسی بھی کونے میں گھومتے ہوئے راستے نہ صرف تلاش کر سکتے ہیں بلکہ گوگل میپس ایپلی کیشن ہر موڑ پر رہنمائی بھی کرتی ہے۔

گوگل میپس کو جب آف لائن ڈاؤن لوڈ کرنے کا فیچر متعارف کرایا گیا تو اس کی افادیت میں مزید اضافہ ہو گیا کہ اب ہم اسے بغیر انٹرنیٹ کے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم اس کے باوجود اکثر یہ ضروری ہوتا ہے کہ انٹرنیٹ چل رہا ہو۔

اس مسئلے کا انتہائی خوبصورت حل اب مائیکروسافٹ نے ’’پاتھ گائیڈ‘‘ (Path Guide) ایپلی کیشن کی صورت میں اینڈروئیڈ صارفین کے لیے پیش کر دیا ہے۔

مائیکروسافٹ پاتھ گائیڈ

یہ زبردست ایپلی کیشن جی پی ایس اور انٹرنیٹ کے بغیر بھی آپ کی رہنمائی کر سکتی ہے۔ اسے استعمال کرنے کا طریقہ کار بہت ہی دلچسپ ہے۔ اسے جب آپ آن کرتے ہیں تو اسمارٹ فون کے سینسرز سے بغیر انٹرنیٹ آپ کے چلنے کا رُخ جان لیتی ہے۔ نہ صرف راستہ بلکہ یہ قدم بھی ناپ سکتی ہے کہ آپ نے کتنے قدم کس سمت میں بڑھائے۔

ایک دفعہ منزل پر پہنچنے کے بعد جب آپ واپس آنا چاہیں اور آپ کو راستہ یاد نہ ہو تو یہ ایپ آپ کو ایک ایک قدم پر رہنمائی کرتے ہوئے عین واپس آپ کے اصل مقام پر پہنچا دیتی ہے۔

سیاحت کے شوقین افراد کے لیے یہ ایپ کسی نعمت سے کم نہیں۔ ایسے افراد جو انجان علاقے میں ہوں اور وہاں گھومنے پھرنے میں دلچسپی رکھتے ہوں وہ اس ایپ کی مدد سے جہاں چاہے جا سکتے ہیں کیونکہ انھیں واپسی کا راستہ یاد رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ یہ کام مائیکروسافٹ پاتھ گائیڈ ایپلی کیشن خود بخود کرتی رہے گی۔

یاد رہے کہ یہ ایپلی کیشن صرف پیدل چلنے والوں کے لیے نہیں بلکہ گاڑیوں میں سفر کرتے ہوئے بھی اس کی مدد سے راستوں کو ریکارڈ کیا جا سکتا ہے اور جب چاہیں اسے دوبارہ دُہرایا جا سکتا ہے۔ مثلاً ایک انجان جگہ جانے کے بعد دوبارہ اُسی جگہ جانے کے لیے آپ کو راستہ نہیں پوچھنا پڑے گا بلکہ اس ایپ کی مدد سے آپ باآسانی اُسی راستے پر جا سکتے ہیں۔

اس ایپلی کیشن میں نقشے موجود نہیں بلکہ اس میں آپ خود اپنے راستے بنا سکتے ہیں، چونکہ اکثر جگہوں پر پہنچنے کے بہتر اور شارٹ کٹ راستے ہم خود جانتے ہیں اس لیے اس میں اپنے نقشہ جات نہ صرف خود بنائے جا سکتے ہیں بلکہ انھیں دوسروں کی آسانی کے لیے سب کے ساتھ شیئر بھی کیا جا سکتا ہے۔

یوں کہا جا سکتا ہے کہ یہ ایپ انٹرنیٹ کے بغیر، نقشوں کے بغیر، جی پی ایس کے بغیر بس آپ کے فون کے ذریعے کام کرتی ہیں، یعنی اسے استعمال کرتے ہوئے آپ کو ’’اپنی دنیا آپ پیدا کر‘‘ جیسا مصرعہ یاد آجائے گا اور یقیناً یہ آپ کے لیے ایک دلچسپ تجربہ بھی ثابت ہو گا۔

mspathguide

Click For Best Technology Stuff from Around the World