نوکیا لومیا 800

Click For Best Technology Stuff from Around the World

نوکیا کی جانب سے اکتوبر 2011ء  میں متعارف کروایا جانا والا پہلا ونڈوز فون لومیا 800 بالآخر اگست 2012ء میں پاکستان پہنچ ہی گیا۔ کمپنی کی جانب سے اس فون کو پاکستان میں اتنی دیر سے ریلیز کرنے کی کیا منطق ہے ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں۔ اس فون کی قیمت کم و بیش 40 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے اور یہ چار رنگوں میں دستیاب ہے۔ چند روز قبل نوکیا کی جانب سے ری ویو کے لیے ہمیں یہ اسمارٹ فون موصول ہوا ہے، فون کے فیچرز کے حوالے سے یہاں ایک مختصر جائزہ پیش کیا جارہاہے۔

ڈبے میں کیا ہے؟

ڈبے کے سائز کو بہت چھوٹا رکھا گیا ہے، جس میں فون اور دیگر ایسیسریز کو اوپر تلے رکھ کر جگہ پُر کی گئی ہے۔ ڈبے میں موجود چیزوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:

  • اسمارٹ فون
  • چارجر اورڈیٹا کیبل
  • ہینڈز فری
  • ربڑ کور
  • گائیڈ میٹریل

اسمارٹ فون کا ڈیزائن:

نوکیا کی جانب سے اس فون کی تیاری میں میگو ڈیوائس N9 کا ڈیزائن مستعار لیا گیا ہے، ایک ہی پولی کاربونیٹ پلاسٹک کے ٹکڑے سے بنا یہ فون انتہائی خوبصورت اور دلکش ہے۔ آپ چار رنگوں میں چاہے کوئی سا بھی خریدیں ان پر پینٹ نہیں کیا گیا بلکہ اسے اسی رنگ کے پلاسٹک سے بنایا گیا ہے لہٰذا رنگ اترنے کی فکر سے تو نجات ملی۔ فون میں گوریلا گلاس کا استعمال کیا گیا ہے جو مضبوط اور پائیدار ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین تصویر بھی فراہم کرتاہے۔ فون خمدار چوکور شکل کا ہے، اس کی لمبائی 116.5 ملی میٹر اور چوڑائی 61.2 ملی میٹر ہے۔ فون کی موٹائی 12.1 ملی میٹر ہے اور اس کا وزن 142گرام ہے۔

فون کی اسکرین کا سائز 3.7 انچ ہے جو کہ 480×800 پکسل ریزولیوشن فراہم کرتی ہے۔ سامنے کی جانب اسکرین کے علاوہ نوکیا لوگو، ایرپیس سپیکر ،لائیٹ سنسر اور تین ٹچ بٹن نصب کیے گئے ہیں۔فون کی پشت پر 8 میگا پکسل کیمرہ اور ڈوئل ایل ای ڈی فلیش لائیٹ سے مزین ہے۔ فون کی دائیں جانب والیوم کیز، پاور بٹن اور کیمرہ بٹن نصب ہے جبکہ بائیں جانب بالکل خالی ہے۔فون کے اوپر 3.5 ملی میٹر ہیڈ فون جیک، مائیکرویوایس بی پورٹ اور مائیکروسم کارڈ سلاٹ موجودہے جبکہ فون کی نچلی سطح اسپیکر اور مائیکروفون سے مزین ہے۔ اسپیکر فون نچلی جانب نصب ہونے کی وجہ سے جب آپ کوئی ویڈیو دیکھ رہے ہوں تو ایسے معلوم ہوتا ہے کہ آواز کہیں اور سے آرہی ہے، اسی لیے نوکیا کی جانب سے دیگر ماڈلز میں اسپیکر کی جگہ کو تبدیل کر لیا گیا ہے۔

گو کہ فون کا ڈیزائن بہت ہی دلکش اور پائیدار ہے لیکن فون کی اسکرین اور پولی کاربونیٹ باڈی دونوں ہی پر انگلیوں کے نشانات بہت جلد پڑ جاتے ہیں، لہٰذا آپ کو فون استعمال کرتے وقت اس کی صفائی کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔ یہاں ایک بات قابل ذکر ہے کہ فون میں عام سم کی بجائے مائیکروسم کا استعمال ہوتا ہے جس کے لیے یا تو آپ کو نئی “چھوٹی سم ” خریدنا ہوگی یا پھر اپنی موجودہ سم کو کاٹ کر چھوٹا کرنا ہوگا۔

ہارڈوئیر کی تفصیلات:

فون میں 1.4GHz سنگل کور پراسیسر کا استعمال کیاگیا ہے اور اس کی ریم 512MB ہے۔ اس فون میں Adreno 205 گرافکس چِپ نصب ہے جس کی بدولت آپ اس پر تھری ڈی گیمز باآسانی کھیل سکتے ہیں۔ گو کہ مارکیٹ میں آج کل ڈوئل کور اور کواڈ کور پراسیسرز کے حامل اسمارٹ فون بھی دستیاب ہیں لیکن چونکہ لومیا 800 کو خاص طور پر ونڈوز فون 7.5 کے لیے بنایا گیا لہٰذا سنگل کور پراسیسر اور 512 MB کے ریم کے باوجود فون کی رفتار بہت تیز ہے اور آپ کو کسی قسم کا lag محسوس نہیں ہوتا۔
فون کی میموری 16GB ہے ، چونکہ ونڈوز فون 7.5 میں میموری کارڈ سپورٹ شامل نہیں لہٰذا نوکیا کی جانب سے اس فون میں میموری کارڈ سلاٹ نہیں رکھی گئی۔ ایک عام صارف کے لیے 16GB کچھ کم ہے کیا؟

فون میں 8 میگا پکسل کیمرہ نصب ہے جس میں Carl Zeiss لینز استعمال کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ڈوئل ایل ای ڈی فلیش لائیٹ بھی نصب ہے جو اندھیرے میں تصاویر اُتارنے میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ لوڈ شیڈنگ کے وقت روشنی فراہم کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔اس فون کا کیمرہ رزلٹ بہت خوب ہے اور علیحدہ سے کیمرہ بٹن ہونے کی وجہ آپ کو تصاویر اُتارنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی، بس بٹن دبائیں اور کیمرہ خودکار فوکس کے ذریعے اعلیٰ تصویر اُتار دے گا۔ ساکن تصاویر اُتارنے کے ساتھ ساتھ یہ کیمرہ 720p ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز بنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ فون میں سامنے کی جانب کوئی کیمرہ نصب نہیں لیکن آپ اسکائپ پر پشت والا کیمرہ استعمال کرسکتے ہیں۔

فون میں 1450mAh بیٹری کا استعمال کیا گیا ہے جو آپ کو نارمل استعمال پر 2 دن تک کا بیک اپ فراہم کرتی ہے، لیکن اگر آپ زیادہ گیمز کھیلنے یا وائی فائی انٹرنیٹ استعمال کرنے کے شوقین ہیں تو دیگر اسمارٹ فونز کی طرح یہ بمشکل ایک دن ہی چلے گی۔ ایک ہی پلاسٹک کے ٹکڑے سے بناہونے کے باعث آپ فون کی بیٹری کو تبدیل نہیں کرسکتے۔
کال کوالٹی کے حوالے سے فون کی کارکردگی بہت اچھی ہے اور آپ انتہائی شور میں بھی باآسانی کالز کرسکتے ہیں۔فون وائی فائی ، بلیوٹوتھ ، ایف ایم ریڈیو، جی پی ایس ، ایکسیلرومیڑ اور لائیٹ سنسرز سے بھی مزین ہے۔

سافٹ وئیر اور انٹرفیس:

نوکیا لومیا 800 مائیکروسافٹ ونڈوز فون 7.5 جسے عرف عام میں مینگو کا نام دیا جاتا ہے، سے مزین ہے۔ فون کے انٹرفیس میں ٹائلز کا استعمال کیاگیا ہے جن میں بہت سی ٹائلز ساکن اور کچھ متحرک ہوتی ہیں جیسے تصاویر کا سلائیڈ شو، فیس بک اور ٹوئیٹر اپڈیٹس، موسم کا حال وغیرہ۔ اگر آپ اس سے قبل ونڈوز فون استعمال کرچکے ہیں تو یقینا آپ کو اس فون میں کچھ نیا نہیں ملے گا۔

دیگر موبائل فون آپریٹنگ سسٹمز کی نسبت ونڈوز فون 7.5 بہت ہی عمدہ اور جاذب نظر سافٹ وئیر ہے، خاص کر اگر آپ اینڈرائیڈ صارف ہیں تو یقینا آپ اینڈرائیڈ کی سست رفتار سے بہت تنگ ہوں گے، اس کے مقابلے میں ونڈوز فون بہت تیز ہے اور آپ کو کسی قسم کا lag محسوس نہیں ہوگا۔ آپ فیس بک، ٹوئیٹر ، دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس ، اپنی ای میلز اور دوستوں کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات ایک ہی جگہ موصول کر سکتے ہیں۔ ہوم اسکرین پر موجود متحرک ٹائلز آپ کو ہر نئے اپڈیٹ سے باخبر رکھتی ہیں۔ فون میں موجود مائیکروسافٹ آفس کی مدد سے آپ کسی بھی وقت ورڈ ، ایکسل اور پاورپوائنٹ کی نئی فائلز تخلیق کرنے کے ساتھ ساتھ کلاؤڈ پر موجود اپنی پرانی فائلز بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ فون میں ایکس باکس لائیو کی سہولت بھی موجود ہے جس کی مدد سے آپ اپنے دوستوں کے ساتھ گیمز کھیل سکتے ہیں اور اپنے اسکور شیئر کر سکتے ہیں۔ آپ مارکیٹ پلیس سے بہت سی گیمز ، گانے اور ویڈیوز بھی خرید سکتے ہیں اور انہیں لائیو ٹائلز بھی بناسکتے ہیں تاکہ صرف ایک ٹچ پر آپکا پسندیدہ گانا چل پڑے۔

جہاں ونڈوز فون  7.5 ایک منفرد اور دلکش سافٹوئیر ہے وہیں اس میں بہت سی خامیاں بھی موجود ہیں ، جیسے عام طور پر آپ اسمارٹ فونز میں ملٹی ٹاسکنگ یعنی ایک ہی وقت میں بہت سی ایپلی کیشنز کھول سکتے ہیں، لیکن اس فون میں یہ سہولت موجود نہیں اور آپ ایک وقت میں صرف ایک ہی ایپلی کیشن استعمال کر سکتے ہیں۔ اسی طرح دیگر گوگل اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے مقابلے میں ونڈوز فون کے لیے بہت کم ایپلی کیشنز دستیاب ہیں، اور ان کی کوالٹی بھی اتنی اچھی نہیں۔اگر آپ پہلی بار ونڈوز فون استعمال کررہے ہیں تو یقینا آپ کو اس بات کا شکوہ بھی رہے گا کہ آپ نہ تو بلیوٹوتھ کے ذریعے فائلز کا تبادلہ کر سکتے ہیں اور نہ ہی اس میں کسی قسم کا فائل منیجر موجود ہے۔ کمپیوٹر پر یا اس سے فائلز ٹرانسفر کرنے کے لیے بھی آپ کو مائیکروسافٹ کا سافٹ وئیر استعمال کرنا ہوگا جو پہلے فائلز کو کنورٹ کرے گا اور یہ صرف تصاویر، گانے اور ویڈیوز ہی منتقل کرسکتاہے۔ گو کہ ان میں سے بہت سی خامیوں پر ونڈوز فون کے نئے ورژن 8 میں قابو پالیا گیا ہے لیکن اطلاعات کے مطابق لومیا 800 نئی ونڈوز پر اپ گریڈ نہیں ہوسکے گا۔ مگر گھبرائیے مت نوکیا کی جانب سے جلد ہی اس فون کے لیے ونڈوز 7.8 نامی خصوصی ورژن پیش کیاجارہا ہے جو ونڈوز فون 8 کے بہت سے فیچرز سے مزین ہوگا۔

نتیجہ:

نوکیا کی جانب سے اس فون کو پاکستان میں پیش کرنے میں تاخیر کی وجہ سے بہت سے صارفین شاید اب اس کی جانب راغب نہ ہوسکیں، سونے پر سہاگہ نوکیا کی جانب سے اس فون کی قیمت بھی بہت زیادہ مقرر کی گئی ہے جس کی وجہ بہت سے لوگ جو یہ فون خریدنا چاہ رہے ہوں گے وہ بھی کشمکش کا شکار ہیں۔ بلاشبہ فون کا ڈیزائن بہت ہی عمدہ اور دلکش ہے ، اس کی مضبوطی اور پائیداری اور ہارڈوئیر فیچر بھی بہت اعلیٰ ہیں۔فون کی اہمیت کو کم کرنے والی چیز اسکا سافٹ وئیر ہے، امید ہے کہ ونڈوز فون 7.8 میں اس کمی پر بڑی حد تک قابو پالیا جائے گا۔ اگر آپ نوکیا کے مداح ہیں تو یقینا یہ فون آپ کے لیے بہت موزوں ہے۔

تصاویر:

تفصیلات:

[clear]
[device deviceid=”1″]

Click For Best Technology Stuff from Around the World

nokia lumia 800آٹھ میگا پکسلزاسمارٹ فونزتھری جی فونزلومیا ۸۰۰لومیا 800مائیکروسافٹ ونڈوز فونموبائل فونزنوکیاونڈوز فون