حد سے زیادہ گرم ہوتے اسمارٹ فون کو ٹھنڈا کرنے کے طریقے

Click For Best Technology Stuff from Around the World

اسمارٹ فونز کا گرم ہونا ایک عام سی بات بن چکی ہے۔ گیم کھیلتے ہوئے، وڈیو دیکھتے ہوئے یا حتیٰ کہ کچھ دیر ٹارچ آن کرنے سے بھی اسمارٹ فون تیزی سے گرم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ ایپلی کیشنز میں ایسی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن کی بِنا پر اسمارٹ فون گرم ہو جاتا ہے۔

ایسی صورت حال میں سب سے پہلے یہ جاننے کی ضرورت ہوتی ہے کہ آخر فون گرم کیوں ہو رہا ہے تاکہ اس کا سدباب کیا جا سکے۔

یقیناً آپ جانتے ہوں گے کہ اسمارٹ فون کے گرم ہونے سے فون کے ہارڈویئر اور خاص طور پر بیٹری کو نقصان پہنچتا ہے۔ اس لیے آپ کو فون اور بیٹری کے نہ صرف درجہ حرارت سے آگاہ رہنے کی ضرورت ہوتی ہے بلکہ یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ اس پر قابو کیسے پایا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے کئی مفید ٹپس ہم نے کمپیوٹنگ کے شمارہ اگست 2016 میں شائع کی ہیں۔

بہرحال آئیے آپ کو چند مزید ٹپس کے بارے میں بتاتے ہیں جنھیں استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے فون کے بڑھتے درجہ حرارت کو قابو میں لا کر اپنے قیمتی فون کی زندگی بچا سکتے ہیں۔

کولر ماسٹر ایپلی کیشن

انسٹال کریں

اگر فون بہت زیادہ گرم ہو رہا ہو تو اسے ٹھنڈا کرنے کے لیے ’’کولر ماسٹر‘‘ (Cooler Master) ایپلی کیشن استعمال کی جا سکتی ہے۔ جب آپ اس ایپلی کیشن کو چلائیں گے تو سب سے پہلے یہ ڈیوائس کا درجہ حرارت دکھائے گی۔ یہاں سی پی یو اور ریم کی صورتِ حال بھی موجود ہو گی۔  یہاں آپ یہ بھی جان سکیں گے کہ آخر وہ کون سی ایپلی کیشنز ہیں جو فون کا درجہ حرارت بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں:


سب سے نیچے “Detect Overheating Apps” کا بٹن موجود ہو گا جس کے ذریعے آپ جان سکتے ہیں کہ کون سی ایپلی کیشنز اس کی وجہ بن رہی ہیں۔  Cool Down کے بٹن کے ذریعے انھیں بند کر کے اس معاملے کو قابو کیا جا سکتا ہے۔

فون کو ٹھنڈی جگہ پر رکھیں

جس جگہ فون رکھا ہو وہاں کا درجہ حرارت بھی فون کو ٹھنڈا یا گرم کرنے کا سبب بنتا ہے۔ فون ایسی جگہ پر مت رکھیں جہاں براہِ راست دھوپ یا گرم ہوا پڑ رہی ہو۔ فون کو ٹھنڈا کرنے کا ایک بہتر طریقہ اسے کور (Cover) سے باہر نکالنا بھی ہے۔ آج کل سبھی فون پر کور چڑھا کر رکھتے ہیں جو اس کی حرارت کو ٹھنڈا کرنے سے روکتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ کبھی کبھار اسے کور سے آزاد کر دیں، خاص طور پر چارج کرتے ہوئے فون کا کور اُتار دینا کافی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کے ذریعے فون کو چارج کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ فون اسی جگہ پر نہ ہو جہاں سے کمپیوٹر حرارت کا اخراج کرتا ہے، کمپیوٹر کے پنکھے سے کافی گرم ہوا خارج ہوتی ہے جو کہ اسمارٹ فون کے لیے اچھی نہیں۔

یہ بھی پڑھیے: میرا لیپ ٹاپ بہت زیادہ گرم ہوجاتا ہے

ایپلی کیشنز اپ ڈیٹ یا اَن انسٹال کریں

جب ایپلی کیشنز میں خرابیاں (Bugs) دریافت ہوتی ہیں تو ان کو درست کرنے کے لیے فوری اپ ڈیٹس جاری ہوتی ہیں۔ خرابیوں کی حامل ایپلی کیشنز فون کو گرم بھی کر سکتی ہیں، اس لیے انھیں وقتاً فوقتاً اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔ اس کے علاوہ تمام انسٹال ایپلی کیشنز کی بھی خبر لیتے رہیں اور جن کی ضرورت نہ رہے ان کو فی الفور اَن انسٹال کر دیں۔

فون کو ہوا کے سامنے رکھیں

جس طرح لیپ ٹاپ کی حرارت کم کرنے کے لیے اس کے اسٹینڈ کے نیچے پنکھے نصب ہوتے ہیں اسی طرح فون کو بھی ٹھنڈا رہنے کے لیے ہوا کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسے کچھ دیر پنکھے کے سامنے رکھنے سے بھی اچھا فرق پڑتا ہے۔ یہ مت سمجھیں کہ لوگ آپ کو بے وقوف سمجھیں گے بلکہ فون کو ہوا فراہم کرتے رہیں۔ ہاں البتہ اسے ٹھنڈا کرنے کے لیے فریج میں بالکل مت رکھیں۔ اکثر لوگ مشورہ دیتے ہیں کہ واٹرپروف کور میں رکھ کر فون کو فریزر میں رکھنا اچھا ہوتا ہے لیکن یہ تجربہ خطرناک ثابت ہوتا ہے اس لیے اس سے گریز کریں۔

فون کو اوور ہیٹ سے بچائیں

اب آپ یقیناً جان چکے ہوں گے کہ فون کو کس طرح ٹھنڈا رکھنا ہے تو آئیے چند احتیاطی تدابیر بھی نوٹ کر لیں تاکہ فون کو اووہیٹ سے بچا سکیں۔

ہر تھوڑے عرصے بعد فون کا پچھلا کور کھول کر بیٹری کا جائزہ ضرور لیں۔ دیکھیں کہیں یہ لیک تو نہیں ہو رہی یا کہیں پُھول تو نہیں رہی۔ دو سال استعمال کرنے کے بعد بیٹری کا بدل لینا فون کی لمبی زندگی کا ضامن ہے۔
فون کو چارج پر لگانے سے پہلے اس کا کور اُتار دیں۔
فون میں موجود غیرضروری فیچرز کو بند رکھیں۔
اگر ہائی کوالٹی تصاویر ضروری نہ ہوں تو کیمرے کی سیٹنگز کو ہلکا رکھیں۔
لمبے دورانیے کے لیے مسلسل گیمز کھیلنے اور فلمیں دیکھنے سے پرہیز کریں۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اپریل 2016 میں شائع ہوئی)

Click For Best Technology Stuff from Around the World

اوور ہیٹنگگرم