اینڈروئیڈ پر مبنی اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کی مقبولیت کے نئے ریکارڈ

Click For Best Technology Stuff from Around the World

مارکیٹ ریسرچ فرم Strategy Analyticsنے موبائل مارکیٹ کے حوالے سے 2014ء کی دوسری سہ ماہی کے اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق اینڈروئیڈ پلیٹ فارم اپنی بالادستی قائم رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔2013ء کی دوسری سہ ماہی میں 233ملین اسمارٹ فونز فروخت کےلئے پیش کئے گئے۔ جبکہ 2014 کی دوسری سہ ماہی میں یہ تعداد بڑھ کر 295.2 ملین تک پہنچ گئی۔ ان 295.2 ملین اسمارٹ فونز میں سے 249.6 یا 84.6 فی صد اسمارٹ فونز اینڈروئیڈ پلیٹ فارم پر مبنی تھے۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال اینڈروئیڈ پلیٹ فارم کے استعمال میں تقریباً 4 فی صد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ دوسری جانب ایپل نے گزشتہ سال دوسری سہ ماہی کے اختتام تک 31.2ملین اسمارٹ فونز فروخت کے لئے پیش کئے تھے۔ جبکہ اس سال یہ تعداد 35.2 رہی۔ لیکن تعداد میں اس اضافے کے باوجود ایپل آئی اوایس کا مارکیٹ شیئر دوسری سہ ماہی میں 13.4 فی صد سے کم ہوکر 11.9 فی صد ہوگیا ہے۔ مائیکروسافٹ کا نمبر اس فہرست میں تیسرا ہے۔ اس نے گزشتہ سال دوسری سہ ماہی میں 8.9 ملین یونٹس فروخت کے لئے پیش کئے تھے جبکہ اس سال یہ تعداد کم ہوکر 8 ملین رہ گئی ہے۔ یوں ونڈوز فون آپریٹنگ سسٹم کا مارکیٹ میں حصہ بھی کم ہوگیا ہے۔ بلیک بیری نے سال 2013ء کی دوسری سہ ماہی میں 5.7 ملین یونٹس فروخت کئے تھے جو اس سال صرف 1.9 ملین رہ گئے ہیں۔ یوں بلیک بیری آپریٹنگ سسٹم کا مارکیٹ میں حصہ بھی صرف 0.6 فی صد رہ گیا ہے۔

اسٹریٹجی اینالیٹکس نے ایک الگ رپورٹ بھی جاری کی ہے جس میں اسمارٹ فون بنانے والے کمپنیوں کی کارکردگی کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق چینی کمپنی شیائومی( Xiaomi) اینڈروئیڈ پر مبنی اسمارٹ فون بنانے والی دنیا کی پانچویں بڑی کمپنی بن گئی ہے۔ البتہ پہلے پوزیشن پر سام سنگ ہی قابض ہے جس نے اس سال کی دوسری سہ ماہی میں 74.5 ملین اسمارٹ فونز فروخت کے لئے پیش کئے۔البتہ یہ تعداد گزشتہ سال کی دوسری سہ ماہی کے مقابلے میں تقریباً دو ملین یونٹس کم ہے۔ شیائومی اپنے سستے لیکن بڑی برانڈز کے ہم پلہ اسمارٹ فونز بنانے کے لئے معروف ہے اور چین میں ان کے اسمارٹ فونز و ٹیبلٹس بہت مقبول ہیں۔

Click For Best Technology Stuff from Around the World

اینڈروئیڈگوگل اینڈروئیڈ