مستقبل کا اینٹی وائرس مفت حاصل کریں

Click For Best Technology Stuff from Around the World

لگتا ہے آخر کار اینٹی وائرس بنانے والی کمپنیز کو خیال آ ہی گیا ہے کہ لوگ کمپیوٹر صرف اس لیے استعمال نہیں کرتے کہ اس پر اینٹی وائرس انسٹال کر سکیں جو سسٹم کی پچاس سے ستر فیصد توانائیاں استعمال کرتے ہوئے ہارڈ ڈسک کو مسلسل مصروف رکھے اور سسٹم کو بالکل ہی سست بنا دے۔ اینٹی وائرس پروگرام وقت کے ساتھ ساتھ اس قدر بھاری بھرکم ہو چکے ہیں کہ اکثر لوگ اب انھیں انسٹال نا کرنے کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اینٹی وائرس بنانے والی کمپنیز اب اپنی مصنوعات کو کلاؤڈ سروسز کے ذریعے پیش کر رہی ہیں۔

 
اس فہرست میں تازہ ترین اضافہ ’’میک ایفی کلاؤڈ اینٹی وائرس‘‘ (McAfee Cloud AV) ہے۔ اس سے قبل ہم سوفوز کلاؤڈ اینٹی وائرس (Sophos) کا احوال بھی کمپیوٹنگ میں شائع کر چکے ہیں۔ کلاؤڈ اینٹی وائرس کی انسٹالیشن بہت ہی آسان ہوتی ہے اور اس کی زیادہ تر فائلز آپ کے سسٹم پر موجود نہیں ہوتیں اس لیے یہ نہ سسٹم ریسورسز کا طلب گار ہوتا ہے نہ ہی ہارڈ ڈسک پر زیادہ جگہ گھیرتا ہے۔

میک ایفی کلاؤڈ اینٹی وائرس کی بات کریں تو یہ صرف 2 ایم بی کی صورت میں دستیاب ہے البتہ انسٹالیشن کے وقت یہ کچھ مزید ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرتا ہے لیکن روایتی اینٹی وائرس کی طرح یہ ڈیٹا کئی سو ایم بی پر مشتمل نہیں۔ انسٹالیشن کے بعد بس اس کا آئی کن سسٹم ٹرے میں موجود رہتا ہے جس سے اسے آن یا آف کیا جا سکتا ہے۔

دراصل کلاؤڈ اینٹی وائرس کے کام کرنے کا طریقہ کار یہ ہوتا ہے کہ اس کا چھوٹا سا پروگرام سسٹم کی نگرانی کرتا رہتا ہے اور جیسے ہی کوئی مشکوک سرگرمی دیکھتا ہے وہ اسے نوٹ کر کے اپنی کلاؤڈ سروس کو بھیج دیتا ہے، وہاں اس کا جائزہ لے کر اس کا موازنہ وائرس سے کیا جاتا ہے۔ اگر یہ واقعی وائرس ہو تو کلاؤڈ سروس سسٹم میں موجود پروگرام کو ہدایت دیتی ہے کہ فوراً اس فائل کو پکڑ لیا جائے۔

360 انٹرنیٹ سیکیورٹی اینٹی وائرس

عام طور پر اینٹی وائرس کی تمام فائلز سسٹم میں موجود ہوتی، جن کے ذریعے وہ کسی مشکوک فائل کو پہچان پاتے ہیں کہ وہ وائرس ہے یا نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اینٹی وائرس کا اپ ڈیٹ ہونا انتہائی ضروری ہوتا ہے تاکہ وہ تازہ ترین وائرسز کے بارے میں آگاہ ہو۔ اس کے لیے اینٹی وائرس کی اپ ڈیٹس تقریباً روزانہ کی بنیاد پر جاری کی جاتی ہیں اور ان کا سائز کئی ایم بی پر مشتمل ہوتا ہے لیکن کلاؤڈ سروس چونکہ آپ کے سسٹم میں موجود نہیں  ہوتی اور اس کے ساتھ بذریعہ انٹرنیٹ رابطہ کیا جاتا ہے اس لیے آپ ہر وقت اپ ڈیٹڈ ہی ہوتے ہیں۔ چونکہ آج ہمارے پاس ہر جگہ انتہائی تیز انٹرنیٹ فراہم ہو چکا ہے اس لیے کلاؤڈ بیسڈ پروگرامز انتہائی تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں۔

یاد رکھیں کلاؤڈ اینٹی وائرس استعمال کرنے کے لیے آپ کے پاس ہر وقت انٹرنیٹ کا چل رہا ہونا ضروری ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں اینٹی وائرس اپنی کلاؤڈ سروس سے رابطہ کر سکے۔ اس کے علاوہ آپ جب چاہیں عام اینٹی وائرس کی طرح اس سے اپنا سسٹم بھی اسکین کر سکتے ہیں۔

ڈاؤن لوڈ کریں

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 125 میں شائع ہوئی

اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔

Click For Best Technology Stuff from Around the World

اینٹی وائرسکلاؤڈ