کوالکوم اگلی نسل کی وائی فائی چپس اسی سال پیش کر دے گا

Click For Best Technology Stuff from Around the World

کوالکوم اس سال جون سے وائی فائی کی اگلی نسل کی مائیکرو چپس کی فراہمی شروع کرے گا۔ ان چپس سے ڈیوائس بنانے والے اور نیٹ ورک سروس فراہم کرنے والے ایسی مصنوعات بنا سکیں گے جو موجودہ مصنوعات کے مقابلے میں چار گنا زیادہ تیز رفتاری سے ڈیٹا ٹرانسفر کرسکیں گی لیکن بہت کم توانائی خرچ کریں گی۔

 

یہ نئی مائیکرو چپس IEEE 802.11ax معیار کا ابتدائی ورژن استعمال کرتی ہیں۔اس معیار کو وائر لیس نیٹ ورکس کو مزید بہتر اور باکفایت بنانے کے لئے ڈیزائن کیا گیاہے۔ یاد رہے کہ اس نئے معیار یا اسٹینڈرڈ کے متعارف ہونے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ پرانا معیار فی الفور ناکارہ ہوجائے گا۔ بلکہ اگلے سال کے آخر تک پرانے معیار پر مبنی مصنوعات تیار کی جاتی رہیں گی اور وہ کارآمد بھی رہے گا۔ وائی فائی کا اسٹینڈرڈ 802.11ac جو سازگار ماحول میں گیگا بٹ رفتار پر ڈیٹا ٹرانسفر کرنے کی اہلیت رکھتا ہے، 802.11ax سے پچھلا ورژن ہے۔ تاہم اب تک اس ورژن کو مقبول ہونے میں دقت کا سامنا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی ابھی تک کنزیومر ڈیوائسز، کارپوریٹ اور سروس پروائیڈر نیٹ ورکس میں اپنی جگہ بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ نیا802.11ax اسٹینڈرڈبنانے کے لیے اس میں کچھ ترکیبیں 11ac سے مستعار لی گئی ہیں جبکہ کچھ خصوصیات اس میں نئی شامل کی گئی ہیں۔ اس اسٹینڈرڈ کو حقیقی دنیا کے مسائل جن کا سامنا لوگوں کو رہتا ہے، کو سامنے رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ۔ مثال کے طور پر ایک ایسا ماحول جہاں بہت سے وائی فائی نیٹ ورک کام کررہے ہوں، یہ اسٹینڈرڈ پچھلے اسٹینڈرڈ کے مقابلے میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ وائی فائی ٹیکنالوجی دیگر وائرلیس ٹیکنالوجیز جیسے ایڈوانس ایل ٹی اے اور فائیو جی کے ساتھ استعمال کی جاتی رہے گی۔

اس ٹیکنالوجی میں بہت سے انٹینوں کے ذریعے بیک وقت 12 ڈیٹا اسٹریم بھیجنے کی صلاحیت موجود ہے۔ نیا معیار سیلولر نیٹ ورکس میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز جیسے ٹریفک شیڈولنگ کا بھی استعمال کرے گا۔ کوالکوم کا کہنا ہے کہ اس ٹیکنالوجی سے بجلی کے استعمال میں دو تہائی تک کمی ہوگی۔ کمپنی کے مطابق موجودہ 11ac اور پرانی 11n ٹیکنالوجی کی حامل ڈیوائس بھی 11ax اسٹینڈرڈ استعمال کرنے والے نیٹ ورکس پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی۔

کوالکوم کا کہنا ہے کہ اس کی نئی چپس نیٹ ورک اور کلائنٹس دونوں کے لئے ہیں اوریہ 11ac سے چار گنا زیادہ تیز رفتاری سے ڈیٹا منتقل کرسکیں گی۔ساتھ ہی نئی ٹیکنالوجی پچھلے اسٹینڈرڈ کے مقابلے میں زیادہ بڑے رقبے پر کام کرسکے گی۔ کوالکوم کی ان چپس میں سے IPQ8074 اور QCA6290 شامل ہیں۔ یہ دونوں ہی SoC یعنی سسٹم آن چپ ہیں۔ اول الذکر چپ انٹر پرائز ایکسس پوائنٹس ،سروس پروائیڈر گیٹ وے اور گھریلو راؤٹرز میں استعمال کرنے کےلئے ہے۔ آخر الذکر کو وائی فائی ڈیوائسز میں استعمال کیا جاسکے گا۔ اس چپ کے بارے میں کوالکوم کا کہنا ہے کہ یہ 2.4 گیگا ہرٹز اور 5 گیگا ہرٹز کے دونوں بینڈز کو استعمال کرتے ہوئے 1.8 گیگا بٹس فی سیکنڈز کی رفتار سے ڈیٹا منتقل کرسکے گی۔ اس زبردست رفتار کی بدولت اسے 4K الٹرا ایچ ڈی ویڈیو اسٹریمنگ اور ویڈیو کانفرنسنگ کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 126 میں شائع ہوئی

اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔

Click For Best Technology Stuff from Around the World