سنگل کلک کی جگہ ڈبل کلک کرنے والے خراب ماؤس کو قابل استعمال بنائیں

Click For Best Technology Stuff from Around the World

ماؤس کا لیفٹ کلک چونکہ بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے اس لیے اس کے خراب ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ماؤس میں پیدا ہونے والی خرابی کے باعث ایک کلک کریں تو دو کلک ہو جاتے ہیں یعنی ایک کلک خود بخود ڈبل کلک میں بدل جاتا ہے۔ دراصل ماؤس کے اندر بہت ہی چھوٹے چھوٹے مائیکرو سوئچز موجود ہوتے ہیں۔ اگر آپ ماؤس کو کھول کر خراب سوئچ کا کنکشن منقطع کر کے اسے دوسرے سوئچ سے جوڑ دیں تو یہ ٹھیک ہو سکتا ہے۔ لیکن اس کے لیے آپ کے پاس تھوڑی سی تکنیکی معلومات اور ٹولز جیسے کہ سولڈرنگ موجود ہونی چاہیے جو کہ سب کے پاس موجود نہیں ہوتی۔ تو ایسے خراب ماؤس کو اگر کھول کر ٹھیک نہیں کیا جا سکتا تو کیا کریں، اس ماؤس کو کچرے میں پھینک کر نیا خرید لیں؟ جی نہیں، بالکل بھی نہیں۔

اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک چھوٹا سا پروگرام مفت دستیاب ہے۔ ایسے خراب ماؤس کے لیے اسے ضرور آزمانا چاہیے، کیا پتا آپ کے پیسوں کی بچت ہو جائے۔ اس سافٹ ویئر کا نام ’’لیفٹ ماؤس بٹن فکس‘‘ ہے۔

Left Mouse Button Fix جیسا کہ نام سے ظاہر ہے یہ پروگرام ماؤس کے صرف لیفٹ یعنی بائیں خراب بٹن کو ٹھیک کر سکتا ہے۔ اگر آپ کے ماؤس کا رائٹ کلک خراب ہے اور ڈبل کلک کیے جا رہا ہے تو اس کا علاج اس پروگرام کے پاس موجود نہیں۔ اگرچہ اس پروگرام کا کام بہت ہی محدود ہے لیکن اگر کبھی آپ نے ایسا خراب ڈبل کلک کرنے والا ماؤس استعمال کیا ہے تو آپ کو پتا ہو گا یہ کتنی اذیت دیتا ہے تو یہ پروگرام ڈبل کلکس کو ختم کر کے کمپیوٹر پر کام کرنا بہت آسان کر دیتا ہے۔

 

اس کی اچھی بات یہ ہے کہ یہ پورٹ ایبل صورت میں دستیاب ہے، یعنی اسے انسٹال کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔ جہاں ماؤس مسئلہ کر رہا ہو وہاں آپ اس ٹول کو انسٹال کیے بغیر براہِ راست چلا سکتے ہیں، لیکن اسے کام کرنے کے لیے ڈاٹ نیٹ فریم ورک درکار ہوتا ہے جو کہ عموماً پہلے سے انسٹال ہی ہوتا ہے۔

اس پروگرام کو استعمال کرنا انتہائی آسان ہے۔ اس میں بس ’’اسٹارٹ‘‘ اور ’’اسٹاپ‘‘ کے دو بٹنز موجود ہیں۔ جب اسے استعمال میں لانا ہو تو اسے اسٹارٹ کر دیں اور جب ضرورت نہ رہے تو اسٹاپ پر کلک کرتے ہوئے اسے روک دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ نوٹ کرتا رہتا ہے کہ اس نے کتنی دفعہ آپ کے ڈبل کلک کو سنگل کلک میں بدلہ ہے یعنی یہ تعداد بھی نوٹ کرتا رہتا ہے۔ اگر آپ کے پاس بہت ہی زیادہ خراب ماؤس ہو یہ تعداد بہت ہی جلد بڑے نمبر تک پہنچ سکتی ہے ۔ یہ پروگرام چونکہ خود ہی ہر ڈبل کلک کو سنگل کلک میں بدلتا رہتا ہے تو آپ کو اندازہ ہی نہیں ہو گا کہ ماؤس میں واقعی ہارڈویئر مسئلہ موجود ہے۔ اسے منی مائز کر کے نوٹی فکیشن ایریا میں منتقل کیا جا سکتا ہے تاکہ ٹاسک بار پر یہ بلاوجہ جگہ نہ گھیرے۔

جیسا کہ آپ سمجھ چکے ہوں گے کہ اس پروگرام کا کام بہت ہی محدود ہے لیکن اس میں مزید فیچرز شامل کر دیے جائیں تو زیادہ کارآمد بن سکتا ہے جیسے کہ رائٹ کلک کو ٹھیک کرنا اور ونڈوز کے اسٹارٹ ہوتے ہوئے یہ بھی خود بخود چل جائے وغیرہ۔ لیکن یہاں یہ بات بھی یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ ایسے خراب ماؤس کے لیے یہ کوئی مستقل حل بھی نہیں، اسے چند دنوں یا مہینوں تک تو استعمال کیا جا سکتا ہے لیکن چونکہ ماؤس کے سوئچز متاثر ہو چکے ہیں تو وہ مزید استعمال سے مزید خراب ہوتے ہوئے آخر کار ماؤس کی مستقل خرابی پر پہنچیں گے۔ کچھ دنوں تک تو اس کے ذریعے خراب ماؤس سے کام چلایا جا سکتا ہے لیکن آخر کار آپ کو نیا ماؤس ہی خریدنا ہو گا۔

نیچے دیے گئے ربط سے مفت ڈاؤن لوڈ کریں

www.experienceit.pl

Click For Best Technology Stuff from Around the World