یوفون کا سمر انٹرن شپ پروگرام 2017ء اختتام پذیر

Click For Best Technology Stuff from Around the World

پاکستان ٹیلی کام سیکٹر میں یوفون کا نمایاں مقام ہے۔ حال ہی میں یوفون کی جانب سے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں ملک بھر کی جامعات سے منتخب نوجوان طلبا کے سمر انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس پروگرام کے لیے ملک کی تقریباً تمام بڑی جامعات سے 1300 سے زائد طلبا نے اپلائی کیا تھا۔ جبکہ ٹیسٹ اور انٹرویو کے بعد میرٹ کی بنیاد پر 41 طلبا منتخب کیے گئے تھے۔

یوفون کی پریس ریلیز کے مطابق انٹرن شپ پروگرام کے لیے منتخب ہونے والے طلبا کا تعلق ملک بھر کی مختلف جامعات سے تھا، جن میں لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز (لمز)، لاہور اسکول آف اکنامکس، کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈرشپ، شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (SZABIST)، فاسٹ یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد، اور غلام اسحاق انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں۔

جولائی 2017ء میں شروع ہونے والے اس پروگرام میں طلبا کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے مختلف عملی منصوبوں میں شریک ہونے کا موقع ملا، جبکہ سینئر قیادت کے ساتھ تبادلۂ خیال کے مواقع بھی میسر آئے۔

حسبِ معمول، اس پروگرام کا امتیازی پہلو طلبا کی جانب سے 24 گھنٹے سماجی کاموں میں شرکت تھی۔ اس ضمن میں اسلام آباد کے طلبا نے ایک مہم کے تحت 80 ٹریفک پولیس اہلکاروں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عملے میں چھتریاں اور پانی کی بوتلیں تقسیم کیں جس کا مقصد ان کی خدمات کو سراہنا تھا۔

کراچی کے طلبا نے شہر کو سرسبز بنانے کے لیے شجرکاری کی مہم چلائی جس میں شہر بھر میں بیج بوئے گئے اور ان کی دیکھ بھال کرنے کے لیے افراد کا تقرر کیا گیا۔

لاہور کے طلبا نے یوفون کے غیر انتظامی عملے کی محنت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مہم میں حصہ لیتے ہوئے انھیں شکریے کے کارڈز دیے۔

چھ ہفتوں پر مشتمل عملی اور پیشہ وارانہ تربیت کے بعد، اگست 2017ء کے اواخر میں طلبا کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بہترین انٹرن طلبا کو اعزازات سے نوازا گیا۔ امید ہے کہ انٹرن شپ کے دوران حاصل کیا گیا تجربہ طلبا کے لیے عملی اور پیشہ وارانہ زندگی میں مفید ثابت ہوگا۔

Click For Best Technology Stuff from Around the World

انٹرن شپ پروگرامیوفون