ونڈوز میں Run As Administrator کا مقصد کیا ہے؟

Click For Best Technology Stuff from Around the World

سوال: ونڈوز سیون میں اکثر جب کسی ایگزی کیوٹ ایبل فائل پر رائٹ کلک کرتے ہیں تو Run As Administrator لکھا نظر آتا ہے، چاہے آپ ایڈمنسٹریٹر اکاؤنٹ سے ہی کیوں لاگ ان نہ ہوں۔ اس فنکشن کا مقصد کیا ہے؟

اس فنکشن کو سمجھنے کے لئے پہلے آپ کو ونڈوز میں یوزر اکاؤنٹس کے کام کرنے کے طریقے کو سمجھنا ہوگا۔ جب آپ ونڈوز پر کسی یوزر نیم اور پاس ورڈ کے ذریعے لاگ ان ہوتے ہیں تو ونڈوز ایک منفرد ٹوکن (Access Token) بنا کر اس سیشن (Session)کے لئے مخصوص کردیتی ہے۔ یوں جب تک آپ ونڈوز استعمال کرتے رہتے ہیں، یہ ٹوکن آپ کے ساتھ ساتھ رہتا ہے۔ اس ٹوکن میں بہت سی دیگر معلومات کے علاوہ آپ کا یوزرنیم اور جس گروپ سے اس کا تعلق ہے، اس کی معلومات بھی موجود ہوتی ہیں۔ جب بھی آپ ونڈوز میں کوئی کام سرانجام دیتے ہیں، مثلاً کوئی پروگرام چلانے کی کوشش کرتے ہیں تو اسی ایکسس ٹوکن کے ذریعے ونڈوز اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ آیا آپ یا سافٹ ویئر یہ کام انجام دینے کے مجاز ہیں کہ نہیں۔

ونڈوز کے پرانے ورژنز میں یہ مسئلہ تھا کہ جب آپ ایڈمنسٹریٹر اکاؤنٹ سے لاگ ان ہوتے تھے تو ہر پروگرام ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات رکھتے ہوئے چلتا تھا۔ یوں عام ٹیکسٹ ایڈیٹر، ای میل ریڈر جنہیں ایڈمنسٹریٹر کے حقوق کی ضرورت نہیں ہوتی، بھی ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے ونڈوز پر چلتے تھے۔ درجنوں ایپلی کیشنز کا بیک وقت ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات رکھتے ہوئے چلنا ایک بڑا خطرہ تھا۔ اس سے وائرس ذدہ پروگرامز بڑی آسانی سے ونڈوز کو شدید نقصان پہنچانے کے قابل تھے۔

اس صورت حال سے نمٹنے کے لئے مائیکروسافٹ نے ونڈوز وستا میں User Account Control کا فیچر متعارف کروایا۔ اس کی وجہ سے اب ایڈمنسٹریٹر جب لاگ ہوتا تو اس کے لئے ایک نہیں بلکہ دو ایکسس ٹوکن بنائے جاتے۔ ایک ایکسس ٹوکن جسے اسٹینڈرڈ ٹوکن کہا جاتا ہے، کے پاس ایڈمنسٹریٹر کے علاوہ تمام گروپس (مثلاً پاور یوزر، یوزر وغیرہ) کے اختیارات ہوتے ہیں جبکہ دوسرے ایکسس ٹوکن (elevated) پاس ایڈمنسٹریٹر سمیت تمام گروپس کے اختیارات ہوتے ہیں۔ عام استعمال مثلاً ویب براؤزنگ کے دوران اسٹینڈرڈ ایکسس ٹوکن استعمال کیا جاتا ہے۔ اس ٹوکن کے تحت جب کوئی ایسا کام کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جو کہ ایڈمنسٹریٹر کو ہی کرنا چاہئے (مثلاً رجسٹری میں تبدیلی) تو ونڈوز فوراً اس سے انکار کردیتی ہے۔

Run As Administrator کا آپشن رائٹ کلک مینو میں اسی لئے موجود ہوتا ہے کہ اگر کسی پروگرام کو ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات دیتے ہوئے چلانا ہو تو، چلایا جاسکے۔ ایسی صورت میں ونڈوز اُس پروگرام کو elevated ایکسس ٹوکن کے تحت چلاتی ہے جس کے پاس ایڈمنسٹریٹر کے تمام اختیارات موجود ہوتے ہیں۔ یوں پروگرام بغیر کوئی ایرر دیئے بہ آسانی چلتا ہے اور ایڈمنسٹریٹر کے اختیارات کا استعمال کرتا ہے۔

یہ میکانزم مائیکروسافٹ ونڈوز کے ڈیزائن میں کی جانے والی ایک اہم تبدیلی تھی۔ اس سے نہ صرف وائرس اور خطرناک سافٹ ویئر سے ونڈوز کو بچانے میں مدد ملی بلکہ ونڈوز بھی زیادہ مستحکم ہوئی۔ اگرچہ یوزر اکاؤنٹ کنٹرول صارفین کو تھوڑا پریشان ضرور کرتا ہے لیکن ونڈوز کی حفاظت کے پیش نظر مشورہ دیا جاتا ہے کہ ونڈوز کو خطرناک سافٹ ویئر سے بچانے کے لئے UAC کو غیر فعال نہ کیا جائے۔ تاہم اگر اسے غیر فعال کرنا ضروری ہو تو یہ کام رن

میں msconfig لکھ کر اینٹر کرنے اور کھلنے والی ونڈو میں Tools کے ٹیب کے تحت موجود Disable UAC کی مدد سے کیا جاسکتا ہے۔

 

Click For Best Technology Stuff from Around the World

ایڈمنایڈمنسٹریٹرسکیوریٹیونڈوز