مائیکروسافٹ ونڈوز ایکس پی کی فروخت بند

مائیکروسافٹ کارپوریشن نے ری ٹیلرز اور OEMs کو ونڈوز ایکس پی کی فروخت بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مائیکروسافٹ کے اس فیصلے کے خلاف ان لوگوں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے جو زبردستی ونڈوز وستا استعمال کرنے پر مجبور نہیں ہونا چاہتے۔ تاہم مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ وہ اگلے سال جنوری تک کچھ سستے کمپیوٹرز جن میں انٹل کلاس میٹ وغیرہ شامل ہیں، کے لئے ونڈوز ایکس پی فروخت کرتا رہے گا۔ مائیکروسافٹ نے حال ہی میں ونڈوز ایکس پی کے لئے سروس پیک تھری جاری کیا ہے جس کے بعد ماہرین کا خیال ہے کہ ونڈوز ایکس پی اگلے دو سال تک کارآمد رہے گی۔
مائیکروسافٹ ونڈوز ایکس پی کا شمار مائیکروسافٹ کے مقبول ترین آپریٹنگ سسٹمز میں ہوتا ہے۔ ہزاروں کمپیوٹر فروخت کرنے والے ادارے ونڈوز وستا کی موجودگی میں اب بھی اپنے کمپیوٹرز کے ساتھ ونڈوز ایکس پی ہی فراہم کرتے ہیں۔ یہ مائیکروسافٹ کا واحد آپریٹنگ سسٹم بھی ہے جس کی ریلیز کے بعد طویل عرصے تک کوئی دوسرا آپریٹنگ سسٹم جاری نہیں کیا گیا۔ ونڈوز وستا جسے پچھلے سال فروری میں جاری کیا گیا تھا اب تک ونڈوز ایکس پی کے صارفین کی بھرپور توجہ حاصل نہیں کرسکی۔ اس کی ایک بڑی وجہ ونڈوز وستا کا پرانے سافٹ ویئر اور پرانے ہارڈویئر کے لئے رویہ ہے۔ اب جب کہ مائیکروسافٹ کی جانب سے ونڈوز 7 کی تیاریاں بھی عروج پر ہیں، ونڈوز وستا کا مستقبل تاریک نظر آتا ہے۔

کمپیوٹر صارفین کے ایک گروپ جنھوں نے InfoWorld نامی خبروں کی ویب سائٹ پر ایک پٹیشن ”Save XP“ جاری رکھی ہوئی ہے ، کا مطالبہ ہے کہ ونڈوز ایکس پی کی فروخت اس وقت جاری رکھی جائے جب تک مائیکروسافٹ ونڈوز 7 جاری نہیں کردیتا۔ یاد رہے کہ ونڈوز 7 مائیکروسافٹ کے نئے آپریٹنگ سسٹم کا نام ہے جسے اگلے سال 2009 میں جاری کیا جانے کا منصوبہ ہے۔
گزشتہ ہفتے مائیکروسافٹ کی جانب سے یہ بیان آیا تھا کہ وہ چھ سال پرانی مائیکروسافٹ ونڈوز ایکس پی کی مکمل تکنیکی سپورٹ 2009 ءتک فراہم کرتا رہے گا جب کہ 2014ءتک محدود سپورٹ مہیا کی جاتی رہے گی۔

Comments are closed.