قوت سماعت سے متاثرہ افراد اپنے فون کو ہیئرنگ ایڈ ڈیوائس بنائیں

ٹیکنالوجی نے معذور افراد کو کافی حد تک مایوسی سے بچانے کی کوشش کی ہے۔ نت نئی ایسی چیزیں ایجاد ہو رہی ہیں جن سے معذور افراد بھی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔ کمپیوٹر کی بات کی جائے تو یہاں بھی ایسے کئی تجربات کیے جا رہے ہیں۔ مثلاً گوگل کا پلگ اِن جس سے رنگوں کے اندھے پن کے شکار افراد براؤزر میں درست رنگ دیکھ سکتے ہیں۔ اس پلگ ان کے بارے میں ہم کمپیوٹنگ میں شائع بھی کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ کیا آپ کو چشمے کی ضرورت ہے؟ اپنی آنکھیں آن لائن چیک کریں جیسی مفید تحریر بھی ہم شائع کر چکے ہیں۔

اکتوبر 2015 کے شمارے میں اس حوالے سے خصوصی مضمون ‫جسمانی معذوری کو کمزوری نہ بننے دیں، جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لائیں بھی شائع کیا گیا ہے۔

ایسے افراد جن کو کم سنائی دیتا ہے روزمرہ کی گفت و شنید میں بہت مسائل کا شکار رہتے ہیں۔ ان کے لیے Hearing Aid ڈیوائس کافی عرصے سے موجود ہےجسے استعمال کرتے ہوئے وہ ہلکی آواز کو بھی باآسانی سن سکتے ہیں۔ آئیے آپ کو ایک دلچسپ ایپلی کیشن کے بارے میں بتاتے ہیں جسے فون میں انسٹال کر کے فون کو ’’ہیئرنگ ایڈ ڈیوائس‘‘ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ فرض کریں کسی کو کم سنائی دیتا ہے یا ہیئرنگ ایڈ کہیں گم ہو چکی ہو اور عارضی طور پر کچھ بندوبست کرنا ہو تو یہ ایپلی کیشن بہت ہی کارآمد ثابت ہو سکتی ہے۔

feedback_nکمپیوٹنگ میگزین میں اس ایپلی کیشن کے بارے میں شائع کرنے کا مقصد یہ تھا کہ شاید یہ کسی ضرورت مند کے کام آجائے اور جب ہمیں ایک صاحب کا ایس ایم ایس موصول ہوا کہ یہ ایپلی کیشن ان کے بہت کام آئی تو ہمیں انتہائی مسرت ہوئی۔

اس ایپلی کیشن کا نام Petralex Hearing aid ہے اور یہ مفت دستیاب ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے آپ کے پاس اینڈروئیڈ یا آئی فون کے علاوہ ہیڈ فون کا موجود ہونا بھی ضروری ہے۔ عام ہیڈفون کے ساتھ اس کے نتائج زبردست ہیں، البتہ بلوٹوتھ کے ساتھ کچھ صارفین نے شکایت کی ہے۔

اس کی انسٹالیشن کے بعد اس میں اپنی ضرورت کے تحت پروفائل بنانے کی ضرورت ہوتی ہے جس طرح ہیئرنگ ایڈ کو پہلی دفعہ ٹیون کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ پروفائل بناتے ہوئے دراصل آواز کو اونچا نیچا کیا جاتا ہے تاکہ بالکل اپنی ضرورت کے تحت آواز کو سنا جا سکے۔ نہ یہ اتنی کم ہو کہ سنائی ہی نہ دے اور نہ اتنی تیز کہ کانوں پر اثر انداز ہو۔
ایپلی کیشن انسٹال کرنے کے لیے درج ذیل ربط ملاحظہ کریں:

petralex.pro

ایپلی کیشن کی انسٹالیشن کے بعد اسے باآسانی اپنی ضرورت کے تحت کنفیگر کیا جا سکتا ہے۔ کنفگریشن بہت ہی آسان ہے، سننے کی حس سے محروم افراد کے لیے اس میں چار مختلف پروفائلز پہلے سے موجود ہیں جو آواز کو ان کی ضرورت کے تحت اونچا کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ دائیں اور بائیں دونوں کانوں کے لیے ضرورت کے تحت آواز کو اونچا کیا جا سکتا ہے۔ والیم کنٹرول کرنے کے لیے اس میں موجود سلائیڈر دائیں بائیں کریں، اس کے علاوہ کنفگریشن مکمل کرنے کے بعد اگر مزید آواز کو اونچا نیچا کرنا ہو تو فون پر موجود والیم کے بٹنز کوبھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

Petralex Hearing aid
اگرچہ یہ ایپلی کیشن ہیئرنگ ایڈ ڈیوائس کا متبادل تو ثابت نہیں ہو سکتی لیکن پھر بھی کم سننے والے افراد کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، کیونکہ سبھی کے پاس اسمارٹ فون اور ہیڈ فون کی موجودگی کے بعد ہیئرنگ ایڈ ڈیوائس کے مقابلے میں اس پر انتہائی کم لاگت آتی ہے۔ اینڈروئیڈ اور آئی او ایس دونوں کے لیے دستیاب ہونا اس کی بڑی خوبی ہے۔
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اکتوبر 2015 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.