فیس بک پر دوستوں سے تصاویر رازداری سے شیئر کریں

آج کل اسمارٹ فون سبھی کے ہاتھ میں ہے اور ہر فون میں موجود کیمرے کی وجہ سے موقع بے موقع تصاویر بننے کا کام جاری رہتا ہے۔ تقریب عام ہو یا خاص اس کو تصاویر میں محفوظ کرنا سبھی کا پسندیدہ مشغلہ ہے۔ آپ کے انہی خوبصورت لمحات کو یادگار بنانے کے لیے فیس بک نے اپنی ایپلی کیشن ’’مومنٹس‘‘ (Moments) کو پیش کیا ہے۔ اگرچہ یہ ایپلی کیشن نئی نہیں لیکن کافی عرصے کے بعد فیس بک نے اس میں اپ ڈیٹس شامل کر کے اس کا یہ نیا ورژن 2.0 پیش کیا ہے۔
مومنٹس ایپلی کیشن اینڈروئیڈ و آئی او ایس صارفین کے لیے مفت دستیاب ہے۔ اس کی انسٹالیشن کے بعد اسے آپ کے فون میں موجود تمام تصاویر تک رسائی چاہیے ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اس میں آپ کو اپنے فیس بک اکاؤنٹ سے لاگ اِن بھی ہونا پڑے گا۔

اس ایپلی کیشن کا بنیادی مقصد آپ کی تصاویر کو تاریخ و تقریب کے اعتبار سے جمع کرنا اوراس تقریب میں موجود افراد کی تصاویر کو یہ خاص الگورتھم سے پہچان کر آپ کو ان لوگوں سے یہ تصاویر شیئر کرنے کا آپشن دینا ہے لیکن راز داری کے ساتھ۔ اس کے ذریعے جن افراد سے تصاویر شیئر کی جائیں وہی ان کو دیکھ پائیں گے۔ عموماً جب آپ کسی تصویر میں کسی دوست کو ٹیگ کرتے ہیں تو وہ آگے اُس کے دوستوں کو بھی دکھائی دیتی ہے۔ ٹیکنگ کا عمل کسی بھی طرح رازداری کی پاسداری نہیں کرتا اور تصاویر کہیں سے کہیں پہنچ جاتی ہیں۔

facebook-moments2

تحریر جاری ہے۔ یہ بھی پڑھیں

گروپ چیٹ کی طرح اس میں تصاویر شیئر کرنے کے لیے گروپس بنائے جا سکتے ہیں۔ یعنی کچھ تصاویر اگر آپ اپنے دوستوں سے شیئر کرنا چاہتے ہیں جو تصاویر میں موجود نہیں تو یہ بھی ممکن ہے لیکن اس کے لیے آپ کو ان کے لیے گروپ بنانا ہو گا اور وہ تصاویر ان دوستوں سے شیئر ہو جائیں گی۔ یہ بھی یاد رہے کہ اس کے ذریعے صرف اور صرف فیس بک دوستوں سے تصاویر شیئر ہو سکتی ہیں جو لوگ آپ کے فیس بک پر دوست نہیں ان سے تصاویر شیئر نہیں کی جا سکتیں۔

آج کل چونکہ ہر تقریب کی تصاویر ضرور بنتی ہیں اور تمام شرکا کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کو بھی وہ تصاویر ملیں تو تمام دوستوں سے تصاویر شیئر کرنے کے لیے مومنٹس ایک بہترین انتخاب ہے، چاہے تصاویر آپ نے اپنے اسمارٹ فون سے بنائی ہوں یا پھر کسی پروفیشنل کیمرہ سے۔بس تصاویر اپنے فون میں منتقل کریں اور مومنٹس سے شیئر کریں۔ اگر آپ نے یہ ایپلی کیشن ابھی تک انسٹال نہیں کی تو امید ہے جلد ہی آپ کو کسی دوست کی طرف سے اسے انسٹال کرنے کا پیغام ملے گا کیونکہ مومنٹس میں شیئر کردہ تصاویر دیکھنے کے لیے بھی آپ کے پاس یہ ایپلی کیشن انسٹال ہونی چاہیے۔ تو پھر دیر کس بات کی، درج ذیل ویب سائٹ پر جائیںاور یہ ایپلی کیشن ابھی انسٹال کریں:

www.momentsapp.com
(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ اکتوبر 2015 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.