اینڈروئیڈ نوگٹ کے نئے فیچرز
نئے اینڈروئیڈ ورژن 7.0 کا نام اینڈروئیڈ نوگٹ منتخب کیا گیا ہے۔ گوگل کی روایت رہی ہے کہ اینڈروئیڈ کے ہر ورژن کو کسی میٹھی چیز سے منسوب کیا گیا ہے۔ چونکہ ہر نئے ورژن کو انگریزی حروف تہجی کے اعتبار سے آگے بڑھایا جا رہا ہے اس لیے گزشتہ ورژن ’’ایم‘‘ کے بعد اب باری ہے ’’این‘‘ کی۔ ایم کو مارش میلو کا نام دیا گیا تھا اور اب چونکہ نئے ورژن کا نام ’’این‘‘ ہے تو اسے ’’نوگٹ‘‘ کہا جائے گا یعنی Android 7.0 Nougat ۔
نوگٹ مٹھائی کو چینی، شہد اور خشک میوہ جات سے بنایا جاتا ہے۔ گوگل نے اینڈروئیڈ نوگٹ کا نام رکھنے کے لیے صارفین سے بھی تجاویز طلب کی تھیں۔
آئیے اینڈروئیڈ کے تازہ ترین ورژن کے حتمی اور غیر حتمی فیچرز پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
نئی میسجنگ ایپلی کیشن
آپ نے یقیناً کچھ عرصے پہلے یہ خبر سنی ہو گی کہ گوگل ایس ایم ایس اور ایم ایم ایس کی جگہ ایک نئی تکنیک پر کام کر رہا ہے جسے ’’رچ کمیونی کیشن سروسز‘‘ یعنی ’’آری سی ایس‘‘ Rich Communications Services (RCS)کہا جائے گا۔
یہ سروس عام اور سادہ ایس ایم ایس اور ایم ایم ایس سے کہیں بڑھ کر ہو گی جس میں صرف پیغامات اور تصاویر بھیجنا ہی نہیں بلکہ وڈیو چیٹ اور فائل شیئرنگ کی سہولت بھی موجود ہو گی۔
یہ فیچر فی الحال حتمی نہیں ہے ۔ نہ ہی یہ اینڈروئیڈ نوگٹ کے ڈیویلپر پری ویو میں موجود ہے اور نہ ہی گوگل نے اسے فائنل ورژن میں شامل کرنے کا عندیہ دیا ہے یعنی تاحال یہ صرف افواہ پر مبنی ہے لیکن چونکہ یہ ایس ایم ایس کی جگہ لینے جا رہا ہے اس لیے کافی بڑی خبر ہے اور اینڈروئیڈ صارفین کو اس کا بے چینی سے انتظار ہے اس لیے وہ اُمید باندھے بیٹھے ہیں کہ گوگل یہ تحفہ اینڈروئیڈ کے نئے ورژن میں ضرور دے گا۔
ملٹی ونڈو موڈ (Multi-window mode)
اینڈروئیڈ نوگٹ میں ملٹی ونڈو موڈ کی تصدیق کی گئی ہے۔ اب آپ بیک وقت دو ایپلی کیشنز کو اسکرین پر اوپر نیچے رکھتے ہوئے استعمال کر سکیں گے۔ البتہ ڈیویلپرز کو اپنی ایپلی کیشنز میں اس فیچر کی سپورٹ شامل کرنا پڑے گی جو کہ یقیناً اینڈروئیڈ نوگٹ کے ڈیویلپر پری ویو ملتے ہی اس پر کام شروع کر چکے ہوں گے تاکہ اینڈروئیڈ کے اگلے ورژن میں ان کی ایپلی کیشنز کو بھی اس فیچر کے تحت استعمال کیا جا سکے۔ اس فیچر کے تحت کسی ایپلی کیشن کی ونڈو کو اس کے کم ترین مقرر سائز تک چھوٹا کیا جا سکے گا۔ اگرچہ یہ فیچر آپ نے چند اینڈروئیڈ ڈیوائسز اور OEM میں پہلے بھی دیکھا ہو گا لیکن اسے اینڈروئیڈ نوگٹ کا مستقل حصہ بنا لیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ اس میں ایک ’’پکچر ٹو پکچر‘‘ کا فیچر شامل کیا گیا ہے۔ اینڈروئیڈ پر یوٹیوب کی کوئی وڈیو دیکھتے ہوئےآپ نے نوٹ کیا ہو گا کہ وڈیو کا سائز کافی چھوٹا کر کے اسے کونے میں رکھتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ اسی طرح کا فیچر اینڈروئیڈ نوگٹ میں موجود ہے جس میں آپ اسکرین پر کسی دوسری اسکرین کو چھوٹا کر کے دیکھ سکیں گے۔
مزید بہتر نوٹی فکیشنز
اینڈروئیڈ نوگٹ میں نوٹی فکیشنز کو مزید بہتر بنا دیا گیا ہے وہ اس طرح کہ کسی ایپلی کیشن کی تمام نوٹی فکیشنز کو اب بنڈل کیا جا سکے گا۔ اس طرح اب ایسا نہیں ہو گا کہ ایک ایپلی کیشن بہت ساری نوٹی فکیشنز دِکھائے بلکہ انھیں ایک نوٹی فکیشن میں جمع کر دیا جائے گا اور آپ اسے کھولیں گے تو انھیں آگے مکمل کھول کر ترتیب وار دِکھایا جائے گا۔
اس کے علاوہ اس میں ڈائریکٹ رپلائی کا آپشن بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی نوٹی فکیشن کو دیکھتے ہوئے آپ اسے وہیں سے براہِ راست جواب دیں سکیں، یعنی ضروری نہیں ہو گا کہ کسی پیغام کا جواب دینے کے لیے آپ مکمل ایپلی کیشن کو کھولیں۔
لمبی بیٹری لائف
اینڈروئیڈ کے گزشتہ مارش میلو میں بیٹری بچانے کے لیے ایک بڑا زبردست فیچر ’’ڈوز‘‘ (Doze) کے نام سے متعارف کرایا گیا تھا۔ اس فیچر کی بدولت جب فون استعمال میں نہ ہو یہ بیک گراؤنڈ میں چلتی تمام ایپلی کیشنز کے کام برطرف کرتے ہوئے بیٹری بچاتا ہے۔ لیکن اس فیچر میں ایک بنیادی خامی رہ گئی تھی کہ یہ صرف اُسی صورت میں کام کرتا ہے جب فون بالکل ساکن حالت میں ہو، یعنی آپ نے کام کرتے ہوئے فون ٹیبل پر رکھا ہو یا رات کو سوتے وقت فون کہیں رکھا جو ہِلے جُلے نہیں اور کافی دیر تک استعمال میں نہ رہے تو ’’ڈوز‘‘ سمجھ جاتا ہے کہ اس کے کام کرنے کا وقت شروع ہو چکا ہے۔ لیکن ہم دن بھر فون جیب میں لیے گھومتے ہیں اس صورت میں ’’ڈوز‘‘ زیادہ کارآمد ثابت نہیں ہو پا رہا تھا اس لیے اینڈروئیڈ نوگٹ میں ’’ڈوز لائٹر‘‘ فیچر پیش کیا گیا ہے جو فون کے عام سلیپ موڈ پر کام شروع کر دے گا۔ اس فیچر کی بدولت اسمارٹ فون کی بیٹری زیادہ دیر تک چلنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
نائٹ موڈ “Night Mode”
اینڈروئیڈ کے گزشتہ ورژن اینڈروئیڈ ایم کے پری ویو میں ایک ’’ڈارک موڈ‘‘ متعارف کرایا گیا تھا لیکن اسے فائنل ریلیز میں شامل نہیں کیا گیا۔ جن کو اس فیچر کو پتا تھا وہ اس کا انتظار ہی کرتے رہ گئے۔ بہرحال اینڈروئیڈ نوگٹ میں یہ ڈارک موڈ ’’نائٹ موڈ‘‘ کے نام سے شامل کیا جا رہا ہے۔
دراصل یہ ایسا تھیم ہو گا جو آپ چاہیں تو رات کے اوقات میں خود بخود فعال ہو جائے اور دن میں غائب۔ یقیناً آپ کے علم میں ہو گا کہ رات کے وقت فون کی تیز روشنی اور رنگ آنکھوں کو متاثر کرتے ہیں۔ زیادہ تر لوگ رات کو سوتے وقت تک فون پر مصروف رہتے ہیں تو ایسے لوگوں کے لیے یہ موڈ انتہائی کارآمد ثابت ہو گا کیونکہ یہ ان کی آنکھوں کو فون اسکرین کے اثرات سے بچائے گا۔
ڈسپلے سائز بدلیں
اینڈروئیڈ نوگٹ میں ایپلی کیشنز کا ڈسپلے سائز بھی بدلا جا سکے۔ مثلاً جب آپ کوئی ایپلی کیشن استعمال کرتے ہیں تو وہ پوری اسکرین پر دِکھائی دیتی ہے لیکن اینڈروئیڈ نوگٹ میں ایپلی کیشن کاڈسپلے سائز کم کیا جا سکے اور یہ سائز لمبائی میں کم ہو گا۔ اس طرح ایپلی کیشنز فون کی مکمل اسکرین کو نہیں گھیریں گی۔ البتہ کچھ ایپلی کیشنزپھر بھی مکمل اسکرین پر محیط ہو سکتی ہیں جیسے کہ گیمز وغیرہ جن کو مکمل اسکرین پر ہی دیکھنا صارفین پسند کرتے ہیں۔
تیز ایپ آپٹمائزیشن
اینڈروئیڈ کے اپ ڈیٹ ہونے پر آپ نے دیکھا ہو گا کہ پہلی دفعہ جب فون بوٹ ہوتا ہے تو یہ کافی وقت لیتا ہے کیونکہ اس کے دوران تمام انسٹال ایپلی کیشنز کو آپٹمائز کیا جاتا ہے تاکہ وہ نئی اپ ڈیٹ کے ساتھ کام کر سکیں۔ اکثر سیکڑوں ایپلی کیشنز انسٹال ہوتی ہیں اور یہ بوٹ ٹائم اتنا وقت لیتا ہے کہ صارفین پریشان ہو جاتے ہیں کہ کہیں خدانخواستہ کوئی مسئلہ تو نہیں ہو گیا۔
اس مسئلے کو اینڈروئیڈ نوگٹ میں حل کر دیا گیا ہے۔ اس میں بجائے بوٹ پر تمام ایپلی کیشنز کو ایک ساتھ آپٹمائز کرنے کے انھیں اس وقت آپٹمائز کیا جائے گا جب آپ پہلی دفعہ انھیں کھولیں گے اور اس کے بعد انھیں میموری میں محفوظ کر دیا جائے اس طرح نہ صرف وہ تیزی سے کھلیں گی بلکہ اینڈروئیڈ کا بوٹ ٹائم بھی کم ہو جائے گا۔
ملٹی ٹاسکنگ
ونڈوز میں آپ نے Alt+tab کی کمانڈ ضرور استعمال کی ہو گی جس کی مدد سے واپس آخری کام کی ونڈو میں جایا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ایک مفید فیچر اینڈروئیڈ نوگٹ میں آنے کو ہو۔
تمام کھلی ایپلی کیشنز دیکھنے کے لیے اینڈروئیڈ پر ہوم بٹن کے ساتھ ایک ڈبے کے نشان والا بٹن پر موجود ہوتا ہے۔ اس کے ذریعے دیکھا جا سکتا ہے کہ کون کون سی ایپلی اس وقت کھلی ہیں۔ اکثر ایک ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے جب کسی دوسری ایپلی کیشن میں جائیں تو واپس پچھلی ایپ میں جانے کے لیے ہم اسی بٹن کو استعمال کرتے ہیں۔ اینڈروئیڈ نوگٹ میں ایک نیا فیچر یہ بھی ہے کہ اگر اس بٹن پر ڈبل ٹچ کریں تو یہ فوراً آپ کو پچھلی ایپ میں بھیج دے گا۔
ڈیٹا سیور
اینڈروئیڈ نوگٹ میں موبائل ڈیٹا کی بچت کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ جب یہ فیچر فعال ہو گا تو یہ ایپلی کیشنز کو قابو میں رکھے گا کہ وہ آپ کے مقرر کردہ انٹرنیٹ کو مقررہ دنوں تک چلنے کے قابل بنائیں۔ بیک گراؤنڈ میں ان کی انٹرنیٹ چوسنے کی سرگرمیوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے یہ موبائل ڈیٹا کو بچائے گا۔
ہاں البتہ اگر آپ چاہیں کہ کسی ایپلی کیشن کو انٹرنیٹ استعمال کرنے کی کھلی چھٹی دی جائے تو یہ بھی ممکن رہے گا۔ اس کے لیے اُس ایپلی کیشن کو وائٹ لسٹ میں شامل کرنا پڑے گا اس کے بعد وہ بیک گراؤنڈ میں رہتے ہوئے بھی انٹرنیٹ استعمال کر سکے گی۔
نمبر بلاکنگ
اینڈروئیڈ میں اضافی خوبیاں شامل کرنے کے لیے اسمارٹ فون اور ایپلی کیشنز بنانے والے کافی تگ و دو کرتے رہتے ہیں مثلاًفنگرپرنٹس اور ملٹی ونڈو کی سپورٹ شامل کرنا وغیرہ۔ اور اینڈروئیڈ ٹیم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ صارفین کے پسندیدہ فیچرز کو پہلے سے اینڈروئیڈ میں شامل کیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ کال بلاکنگ جو کہ سبھی کی پسند اور ضرورت کا فیچر ہے اس بار اینڈروئیڈ این میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اینڈروئیڈ این میں موجود کال بلاکنگ اور اسکریننگ کے تحت جب کسی نمبر کو اس میں ڈالیں گے تو اس کے لیے آپ کو تنگ کرنا ممکن نہیں رہے گا۔ یہ نہ صرف اس کی کالز کو آنے سے روکے گا بلکہ دیگر میسجنگ سروسز جیسے کہ گوگل ہینگ آؤٹس وغیرہ میں بھی اس کا ناطقہ بند کر دے گا۔ ہمارے خیال میں اینڈروئیڈ صارفین کو یہ فیچر سب سے زیادہ پسند آنے والا ہے۔
ہنگامی معلومات لاک اسکرین پر
یہ ایسا فیچر ہے جو جتنی تعریف کا مستحق ہے اُتنی تعریف حاصل کر نہیں پاتا۔ آج کل اسمارٹ فون سبھی کے پاس موجود ہوتا ہے اور حادثات بھی زندگی کا حصہ ہیں۔ کوئی نہیں جانتا کہ کب خدانخواستہ کوئی حادثہ پیش آجائے۔ ایسے میں جسے حادثہ پیش آجائے اس کا فون لاک ہو تو اجنبی لوگ اس کے اہل خانہ سے رابطہ نہیں کر پاتے۔
اینڈروئیڈ نوگٹ میں ہنگامی حالات میں رابطے کی معلومات اپنے فون کی لاک اسکرین پر دِکھائی جا سکیں گی جس میں نام، پتا، تاریخ پیدائش، خون کی قسم، کسی قسم کی بیماری یا ادویات کی معلومات وغیرہ۔
یہ تمام معلومات ایسا نہیں ہے کہ ہر وقت لاک اسکرین پر موجود رہیں گی بلکہ جس طرح ایمرجنسی کال کا فیچر پہلے سے موجود ہے اُسی کے اوپر ’’ایمرجنسی انفو‘‘ کا بٹن ظاہر ہو گا اس کے اندر یہ تمام معلومات دِکھائی جائیں گی۔
گوگل ایپس کی شمولیت ضروری نہیں
گوگل نے اینڈروئیڈ میں موجود اپنی ایپلی کیشنز کی ضرور شمولیت پر نظرثانی کرتے ہوئے اس میں ترمیم کر دی ہے۔ اب اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیز کے لیے ضروری نہیں ہو گا وہ ہر حال میں گوگل کی اپنی ایپلی کیشنز جیسے کہ گوگل پلے گیمز، گوگل پلے بکس، گوگل پلس اور گوگل نیوز اسٹینڈ وغیرہ کو اینڈروئیڈ میں شامل رکھیں۔ یعنی امید کی جا سکتی ہے کہ ’’جی‘‘ سے شروع ہونے والی ایپلی کیشنز کو زبردستی مسلط نہیں کیا جائے گا بلکہ جن کو یہ پسند یا ضرورت ہوں تو انھیں پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کرنا ہو گا۔
Comments are closed.