جیب میں رکھتے ہی اینڈروئیڈ فون خودکار طریقے سے لاک ہو جائے

اسمارٹ فون بنانے والی کمپنیز اپنے فونز میں نت نئے آپشن متعارف کراتی ہیں۔ مثلاً فون لاک کرنے کے لیے یا کوئی ایپلی کیشن کھولنے کے لیے اسکرین پر کوئی ٹیڑھی میڑھی مخصوص لائن بنانا، یا تصویروں کو دیکھتے ہوئے اگلی یا پچھلی تصویر کی طرف جانے کے لیے ہاتھ سے اشارہ کرنا وغیرہ۔ اسمارٹ فون میں شامل کیے گئے ان سینسرز کو استعمال کرتے ہوئے کئی فیچرز پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان میں سے ایک فیچر یہ بھی ہے کہ فون جیب میں جاتے ہی خود بخود لاک ہو جائے، لیکن اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے آپ کو ایک ایپلی کیشن ’’پاکٹ لاک‘‘ (Pocket Lock) انسٹال کرنی ہو گی:
پاکٹ لاک انسٹال کریں

اس اپیلی کیشن کو استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کے فون میں Proximity اور Gravity سینسرز موجود ہوں۔ ان سینسرز کی مدد سے یہ ایپلی کیشن پہچانتی ہے کہ آیا فون استعمال میں ہے یا جیب میں موجود ہے۔ پاکٹ لاک کو انسٹال کرنے کے بعد اس میں ایڈمنسٹریٹر موڈکو فعال کرنا پڑتا ہے، اس کے بعد یہ ایپلی کیشن اپنا کام شروع کر دیتی ہے۔ اب اگر آپ فون کو جیب میں رکھیں گے تو یہ فون میں موجود سینسر سے جانچ لیتی ہے کہ فون کے سینسر ڈھکے ہیں اس لیے امید ہے کہ فون جیب میں موجود ہے۔

اب چونکہ یہ دونوں طرح کے سینسرز کو استعمال کرتی ہے اس لیے جیب میں رکھنے کے علاوہ جب آپ فون چہرے کے سامنے سے ہٹا کر ہاتھ نیچے کی جانب لے جاتے ہیں تو یہ تب بھی فون کو لاک کر دیتی ہے۔ کیونکہ Gravity سینسرز سے اسے پتا چل جاتا ہے کہ فون اوپر سے نیچے کی جانب جا رہا ہے۔

فون کو لاک کرنے کے کئی آپشن اس دلچسپ ایپلی کیشن میں موجود ہیں جن کے ذریعے آپ جب فون استعمال نہ کر رہے ہوں تو فوراً فون کو لاک کر سکتے ہیں۔ اس طرح ضروری نہیں رہتا کہ فون کو لاک کرنے کے لیے بار بار آپ فون کا کوئی بٹن دبائیں، لیکن فون میں ضروری سینسرز موجود ہونے چاہئیں۔

(یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ مئی2015 میں شائع ہوئی)

Comments are closed.