بغیر کی پیڈ کا بلیک بیری فون ‘موشن’ لانچ کردیا گیا

بلیک بیری کے نئے فون ‘موشن’ کے اجراء میں زیادہ دن نہیں لگے، تصاویر منظر عام پر آنے کے چند دن بعد ہی اس فون کو باضابطہ طور پر لانچ کردیا گیا ہے۔

توقع کے عین مطابق اس میں کی بورڈ نہیں ہے لیکن کچھ زبردست خصوصیات ضرور ہیں۔ اسنیپ ڈریگن 625 چپ، 4 جی بی ریم، 32 جی بی اسٹوریج اور 12 میگا پکسل کے کیمرے کے ساتھ ‘موشن’ ایک جاندار ڈیوائس ہے جس میں ساڑھے 5 انچ اور 1080 پکسلز کا ڈسپلے بھی ہے۔ یہ water resistant یعنی پانی سے متاثر نہ ہونے والا فون ہے اور اس کی ایک خاص بات ہے اس کی زبردست بیٹری۔ 4 ہزار ایم اے ایچ کی گنجائش کے ساتھ یہ فون واحد چارج میں پورا دن نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سافٹویئر بھی ہمارا، آپ کا اور سب کا جانا پہچانا ہے۔ ‘موشن’ ایک کسٹمائزڈ اینڈرائیڈ 7.1 استعمال کرتا ہے لیکن اس میں آپ کو وہ خاص سکیورٹی بھی ملے گی جو بلیک بیری کو کاروباری افراد اور پرائیویسی کے حوالے سے سنجیدہ حلقوں میں مقبول بناتی ہے۔

لیکن یہ ابھی دنیا بھر میں دستیاب نہیں۔ ‘موشن’ کو پہلے مرحلے میں مشرق وسطیٰ کی چند مارکیٹوں میں پیش کیا جا رہا ہے، جن میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں۔ لیکن دل تھام کے بیٹھیں کہ اس کی قیمت 460 ڈالرز ہے یعنی پاکستانی روپے میں تقریباً ساڑھے 48 ہزار روپے۔

اس لیے ہم کہہ سکتے ہیں کہ بلیک بیری کو شمالی امریکا جیسی بڑی مارکیٹ میں بڑی جدوجہد کا سامنا کرنا ہوگا کیونکہ اس کی تمام خصوصیات اپنی جگہ لیکن اس سے کم قیمت میں یہی خصوصیات رکھنے والے فون موجود ہیں۔ اس لیے یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ یہ بلیک بیری کے چاہنے والے ہی لیں گے، لیکن یہ بھی یقینی نہیں۔ کیا بغیر کی بورڈ کا فون بلیک بیری کے پرستاروں میں مقبول ہو پائے گا؟ دیکھتے ہیں۔

Comments are closed.