آئی ڈی ایم جیسے فیچرز لیکن مفت دستیاب جے ڈاؤن لوڈر

ڈاؤن لوڈ منیجر اور وہ بھی ایک اچھا ڈاؤن لوڈ منیجر آج کل ہر کسی کی ضرورت ہے تاکہ فائلز ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے نہ صرف اچھی ڈاؤن لوڈنگ اسپیڈ ملے بلکہ اگر ڈاؤن لوڈنگ بیچ میں کہیں رُک جائے تو بجائے پوری فائل دوبارہ ڈاؤن لوڈ کرنے کے جہاں سے سلسلہ ٹوٹا ہو وہیں سے جڑ جائے۔

اگر براؤزر سے براہِ راست ڈاؤن لوڈنگ کر رہے ہوں اور ویب سائٹ Resume کی سپورٹ نہ رکھتی ہو تو انٹرنیٹ میں کسی گڑبڑ کی وجہ سے ڈاؤن لوڈنگ انتہائی مشکل ہو جاتی ہے۔

جبکہ اگر آپ کوئی ڈاؤن لوڈ منیجر استعمال کر رہے ہوں تو وہ خود ہی آپ کے انٹرنیٹ کی مکمل رفتار کے ساتھ نہ صرف ڈاؤن لوڈنگ کرتا ہے بلکہ کئی اضافی فیچرز بھی دیتا ہے۔

آج کل آئی ڈی ایم یعنی انٹرنیٹ ڈاؤن لوڈ منیجر سب کا پسندیدہ ڈاؤن لوڈ منیجر ہے اس کی وجہ اس کی رفتار اور اس کے فیچرز ہیں۔ اگر آپ آئی ڈی ایم کے مفت متبادل کی تلاش میں ہیں تو ’’جے ڈاؤن لوڈر‘‘ کو آزمائیں۔

ڈیزائن و دستیابی

جے ڈاؤن لوڈر نہ صرف ڈیزائن میں آئی ڈی ایم جیسا ہے بلکہ اس میں آئی ڈی ایم کے تقریباً تمام فیچرز بھی موجود ہیں۔ اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ اوپن سورس کے تحت ونڈوز، لینکس اور میک سسٹم کے لیے بالکل مفت دستیاب ہے۔

jdownloader-2

وڈیوز ڈاؤن لوڈنگ

آئی ڈی ایم کی طرح اس کے ذریعے بھی آپ ویب سائٹس پر موجود وڈیوز کو باآسانی ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

اشتہاری لنکس کو بائی پاس کریں

جے ڈاؤن لوڈر کا ایک زبردست فیچر یہ ہے کہ یہ اشتہاری لنکس کو بائی پاس کرتے ہوئے فوراً اصل ڈاؤن لوڈ کرنے والی فائل تک پہنچ جاتا ہے۔ اس طرح آپ کو اشتہاروں سے نجات مل جاتی ہے اور ان کے چلتے ٹائمر کو دیکھ کر وقت بھی ضائع نہیں کرنا پڑتا جیسے کہ ایڈ فلائی وغیرہ کو یہ بائی پاس کر سکتا ہے۔

فری و پریمیمئم فائل ہوسٹنگ ویب سائٹس کی سپورٹ

اس میں فائل ہوسٹنگ ویب سائٹس سے فائلز ڈاؤن لوڈ کرنا کے بھی زبردست سپورٹ موجود ہے۔ مثلاً اس میں آپ میڈیا فائر یا کسی فائل ہوسٹنگ ویب سائٹ کا ڈاؤن لوڈ لنک ڈالیں تو آپ کو مزید کوئی کام کرنے کی ضرورت نہیں، یہ خود ہی ڈاؤن لوڈ کرنے والی فائل کو ڈھونڈ کر ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔

اس کے علاوہ آپ اپنے پریمیمئم اکاؤنٹ کو بھی اس میں شامل کر سکتے ہیں۔

کیپچا

اس کا ایک اور زبردست اور لاجواب فیچر کیپچا کو خود بخود حل کر لینا ہے۔ یعنی کسی ویب سائٹ پر اگر ڈاؤن لوڈنگ سے قبل کیپچا دیا گیا ہو تو یہ خود بخود اسے حل کرتے ہوئے فائل ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔

بلک لنکس ڈاؤن لوڈنگ

جے ڈاؤن لوڈر میں آپ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ایک ساتھ کئی لنکس شامل کر سکتے ہیں جنھیں یہ باری باری ڈاؤن لوڈ کر سکتا ہے۔

ٹکروں میں موجود فائل کو جوڑنا

جب آپ کوئی بڑی فائل یا گیم وغیرہ ڈاؤن لوڈ کریں اور اسے ون رار کی مدد سے ٹکڑے کر کے اپ لوڈ کیا گیا ہو تو یہ فائل کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد خود بخود جوڑ کر آپ کو ایک فائل کی صورت میں پیش کر دیتا ہے۔

اتنے شاندار فیچرز کے ساتھ مفت دستیاب یہ ڈاؤن لوڈ منیجر بھلا کیوں نہیں آزمانا چاہیے؟ ابھی ڈاؤن لوڈ کریں:

JDownloader

Comments are closed.