دنیائے کرکٹ سے باخبر رہنے کے لئے کرک نامہ کی اردو اینڈروئیڈ ایپلی کیشن

کراچی: دنیا کی پہلی اردو زبان کی کرکٹ ویب سائٹ کرک نامہ (Cricnama.com) نے صارفین کو ہمہ وقت دنیائے کرکٹ کی خبروں سے آگاہ رکھنے کے لیے اینڈروئیڈ ایپلی کیشن جاری کردی ہے۔ تاکہ صارفین اپنے پسندیدہ کھیل کی خبروں، تجزیے اور تبصروں سے ہر وقت منسلک رہیں چاہے وہ کسی بھی ڈیوائس پر موجود ہوں۔

یہ اجرا ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے پورے ملک کو کرکٹ بخار میں مبتلا کر رکھا ہے اور ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی جیسے اہم ٹورنامنٹ بھی زیادہ دور نہیں ہیں۔

خبریں، تجزیے، تبصرے، رپورٹیں، ریکارڈز، وڈیوز، تصاویر، اعداد و شمار، انفوگرافکس اور وہ سب کچھ کرک نامہ کی ایپ میں موجود ہے جو کرکٹ کے کسی بھی شیدائی کا خواب ہے۔

پاکستان میں 3جی اور 4جی موبائل ٹیکنالوجیز متعارف کروانے اور ملک میں اسمارٹ فوںز کی آسان دستیابی اور بڑے پیمانے پر عوام میں مقبولیت کے بعد اردو میں معیاری مواد پیش کرنے کی سخت ضروری تھی۔ اس وقت کوئی ایسی ایپ موجود نہیں تھی جو کرکٹ شائقین اور قارئین کو ان کے پسندیدہ کھیل کے بارے میں معلومات دے۔ کرک نامہ یہی کمی پوری کرنے کے کوشش کرے گا اور اسمارٹ فون صارفین کو مختلف پہلوؤں سے ان کے پسندیدہ کھیل سے آگاہ رکھے گا۔

ایپ کے اجراء کے موقع پر کرک نامہ کے بانی اور مدیر فہد کیہر نے کہا کہ "پاکستان ایک کثیر الثقافتی اور کثیر اللسانی ملک ہے۔ یہاں بولی، لہجے، روایات، طرز زندگی، لباس، خوراک یہ سب ہر چند سو کلومیٹر کے بعد تبدیل ہو جاتے ہیں لیکن دو چیزیں ایسی ہیں جو ملک بھر میں یکساں ہیں۔ ایک اردو، جو ہر کونے کھدرے میں بولی، پڑھی اور سمجھی جاتی ہے، اور کرکٹ، ایسا کھیل جسے بلاتفریق عمر، طبقہ، رنگ، نسل اور ذات پسند کیا جاتا ہے۔ کرک نامہ بالکل اس مقام پر موجود ہے جہاں یہ دونوں مشترکہ پہلو ملتے ہیں۔”

اردو میں کرکٹ کے موضوع پر یہ پہلی ایپ گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤنلوڈ کی جا سکتی ہے۔ اس کے لیے اسٹور میں Cricnama تلاش کریں یا براہ راست یہ ربط استعمال کریں

اس وقت ایپ الفا ورژن میں موجود ہے جو اینڈرائیڈ کے اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس پر چل سکتی ہے۔ مستقبل قریب میں کرک نامہ ایپل آئی فون، آئی پیڈ اور ونڈوز کے حامل اسمارٹ فونز کے لیے بھی ایپ جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

Comments are closed.