سِم اور فون کے بغیر اپنا وٹس ایپ اکاؤنٹ کیسے ختم کریں؟

ہمارے ہاں تصدیقی مرحلے میں ناکامی کی وجہ سے کئی سمز کو پی ٹی اے کی جانب سے بلاک کیا گیا ہےیافرض کریں کسی وجہ سے سم بلاک کر دی جاتی ہے تو صارفین سوچتے ہیں کہ ان کے وٹس ایپ اکاؤنٹ کا کیا ہو گا؟ جب سم تک ہی رسائی نہ رہے اور صارف اس کے بدلے نئی سم حاصل کرنے کا اہل بھی نہیں تو وٹس ایپ اکاؤنٹ کو کیسے ختم کیا جائے؟ فون چوری ہونے کی صورت میں کم از کم فوری طور پر سم کو بند کروایا جا سکتا ہے اور جلد از جلد نئی سم حاصل کر کے اپنے وٹس ایپ اکاؤنٹ تک رسائی بھی حاصل کی جا سکتی ہے لیکن جیسے کہ ہم نے ذکر کیا کہ اگر سم تک رسائی ہی ممکن نہ ہو تو وٹس ایپ اکاؤنٹ کو کیسے ختم کیا جائے؟

 
اس حوالے سے وٹس ایپ نے بڑی واضح ہدایات دے رکھی ہیں کہ اگر آپ اپنا وٹس ایپ اکاؤنٹ ختم کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ بذریعہ ای میل درخواست بھیج سکتے ہیں۔ چونکہ وٹس ایپ اکاؤنٹ میں ای میل ایڈریس بھی موجود ہوتا ہے اس لیے اگر آپ اُسی ای میل ایڈریس سے میل بھیجیں تو آپ کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد وٹس ایپ اکاؤنٹ کو بند کر دیا جائے۔ یہ درخواست درج ذیل ای میل ایڈریس پر بھیجی جائے گی:
[email protected]

ضروری ہے کہ ای میل کے سبجیکٹ میں درج ذیل لکھا ہو:
“Lost/Stolen: Please deactivate my account”

جبکہ ای میل باڈی میں اپنا نمبر انٹرنیشنل کوڈ کے ساتھ لکھ کر بھیج دیں۔

یہاں یہ بات یاد رکھیں کہ اس صورت میں اکاؤنٹ صرف ڈی ایکٹیویٹ ہو گا، مکمل ڈیلیٹ نہیں ہو گا۔ آپ کے دوستوں کے پاس وٹس ایپ میں بدستور آپ کا نام موجود رہے گا اور وہ پیغام بھی بھیج سکتے ہیں لیکن پیغامات پہنچیں گے۔ یہ پیغامات 30 دن تک اس صورت میں رہتے ہیں، اگر آپ دوبارہ اکاؤنٹ ایکٹی ویٹ کر لیں تو یہ پیغامات موصول ہو جائیں گے وگرنہ مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔ اگر اکاؤنٹ کے ڈی ایکٹی ویٹ کرانے کے 30 دن تک اسے دوبارہ ایکٹی ویٹ نہ کیا جائے تو اسے مکمل طور پر ختم کر دیا جاتا ہے۔

چیٹ ہسٹری چونکہ فون میں محفوظ ہوتی ہے اس لیے وہ ختم نہیں ہو سکتی اور چونکہ وٹس ایپ اکاؤنٹ بغیر سم کے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے اس لیے اپنی گم شدہ سم کے اکاؤنٹ کو بند کرانا مت بھولیں ورنہ پچھتانا بھی پڑ سکتا ہے۔

نوٹ: یہ تحریر کمپیوٹنگ شمارہ 125 میں شائع ہوئی

اگر آپ یہ اور اس جیسی درجنوں معلوماتی تحاریر پڑھنا چاہتے ہیں تو گھر بیٹھے کمپیوٹنگ کا تازہ شمارہ حاصل کریں۔ صرف اسی تحریر کے بارے میں جاننے کے لیے درج ذیل وڈیو ملاحظہ کیجیے۔

Comments are closed.