فوٹوشاپ کے ذریعے ٹیڑھی تصاویر سیدھی کریں

فوٹو یا ڈاکیومنٹ اسکین کرنا ایک معمول کا کام ہے۔ لیکن جب آپ کوئی فوٹو یا ڈاکیومنٹ اسکین کرتے ہیں تو وہ بیشتر مواقع پر وہ ڈاکیومنٹ یا فوٹو سیدھا نہیں ہوتا اور اسے سیدھا کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ عام طریقوں جیسے rotate یا اسکیل کرنے سے یہ ڈاکیومنٹ سیدھا کرنا بہت مشکل کام ہے۔ فوٹو شاپ میں اسی پریشانی کو دور کرنے کے لئے ایک انتہائی آسان طریقہ موجود ہے جس کی مدد سے آپ تیس سیکنڈ سے بھی کم وقت میں کسی بھی حد تک ٹیڑھے ڈاکیومنٹ کو ’’تیر کی طرح‘‘سیدھا کرسکتے ہیں۔

سب سے پہلے آپ فوٹو شاپ میں وہ ڈاکیومنٹ کھول لیں جسے سیدھا کرنا مقصود ہے۔ ہم نے اس مضمون کی تیاری کے لئے ماہنامہ کمپیوٹنگ کے پرانے شمارے کا ایک صفحہ اسکین کیا ہے جو فوٹو شاپ میں کچھ اس طرح نظرآرہا ہے۔
اس ڈاکیومنٹ کو سیدھا کرنے کے لئے آپ ٹولز میں سے Measure Tool منتخب کیجئے۔ یہ Eye Dropper ٹولز مینو میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ آپ کی بورڈ سے I پریس کرکے بھی اس ٹول کو سلیکٹ کرسکتے ہیں۔ اب آپ تصویر پر کوئی ایسی چیز تلا ش کریں جو کہ تصویر کے لحاظ سے سیدھی ہو۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہماری اسکین کی ہوئی تصویر میں سب سے اوپر ایک سیدھی لائن موجود ہے اور تصویر کے بالکل نیچے جہاں ’’ماہنامہ کمپیوٹنگ ‘‘، مہینے کا نام اور صفحہ نمبر درج ہے، بھی ایک سیدھی لائن موجود ہے۔

Measure ٹول منتخب کرنے کے بعد آپ تصویر کے کسی ایک کونے پر کلک کریں اور مائوس کا بٹن دبا کر رکھتے ہوئے تصویر کے دوسرے کونے تک لے جائیں۔ Measure ٹول کی مدد سے بنائی گئی یہ لائن، تصویر میں موجود سیدھی لائن کے بالکل اوپر ہونی چاہئے۔ اگر تصویر میں کوئی ایسی لائن موجود نہ ہو تو آپ تصویر میں موجودکوئی دوسرے شے، جیسے کھڑکی، تحریر، ٹیبل وغیرہ پر عمودی اور افقی طور پر measure ٹول سے ٹریس کرلیں۔

اب Image مینو میں سے Rotate Canvas اور پھر Arbitrary پر کلک کیجئے۔ ایک چھوٹا سا ڈائیلاگ باکس کھلے گا جس میں پہلے سے ایک ویلیو لکھی ہوئی ہوگی۔ آپ یہاں کوئی بھی تبدیلی نہ کریں اور OK کے بٹن پر کلک کردیں۔ لیجئے جناب، تصویر اب بالکل سیدھی ہوگئی ہے۔

Comments are closed.