اسکائپ سے ویڈیو کال کیسے ریکارڈ کی جاسکتی ہے؟

اسکائپ میں بذات خود ایسا کوئی فیچر موجود نہیں کہ آپ اس سے کی جانے والی فون کالز یا ویڈیو کالز کو ریکارڈ کرسکیں۔ البتہ ایسے تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر موجود ہیں جن کے ذریعے یہ کام کیا جاسکتا ہے۔

یہ سافٹ ویئر تعداد میں کئی ہیں لیکن ان میں سے اکثر مفت نہیں اور جو مفت ہیں وہ محدود مدت کی ویڈیوز یا کالز ریکارڈ کرسکتے ہیں۔ ایسا ہی ایک سافٹ ویئر Free Video Call Recorder For Skype ہے۔

آپ کے علم میں یہ بات ہونی چاہئے کہ بغیر اجازت کسی کی ویڈیو ریکارڈ کرنا غیر قانونی عمل ہوسکتا ہے۔ اس لئے آپ جب اسکائپ سے کسی کی ویڈیو ریکارڈ کررہے ہوں تو اسے ضرور مطلع کردیں۔

آپ اسے درج ذیل ربط سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں:

ڈاؤن لوڈ کیجئے

اس سافٹ ویئر کی انسٹالیشن کے دوران اپنی آنکھیں کھلی رکھیں کیونکہ یہ کئی ٹول بار اور اوپرا ویب براؤزر بھی انسٹال کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انسٹالیشن کے ہر مرحلے پر آپ Custom انسٹالیشن منتخب کریں اور تمام غیر ضروری ٹول بارز اور سافٹ ویئرز کے چیک باکسز کو اَن چیک کردیں۔ اس سے کوئی بھی اَن چاہا سافٹ ویئر انسٹال نہیں ہوسکے گا۔ انسٹالیشن سے پہلے اسکائپ کو بند کردیں۔

اس کا استعمال بے حد آسان ہے۔ اسکائپ سائن اِن کرنے کے بعد آپ اسے چلائیں اور اس میں نظر آنے والے لال رنگ کے ریکارڈ بٹن پر کلک کریں۔

Free Video Call Recorder for Skype: record call

آپ چاہیں تو ریکارڈ موڈ میں سے آپشن منتخب کرکے اپنی اور جسے کال کررہے ہیں ان کی مشترکہ ویڈیو، صرف دوسری جانب کی ویڈیو یا صرف آواز ریکارڈ کرسکتے ہیں۔

Free Video Call Recorder for Skype: select mode

یہ ریکارڈنگ کہاں محفوظ کی جائے یہ سیٹنگ بھی آپ اپنی پسند سے کر سکتے ہیں:

Free Video Call Recorder for Skype: select output folder

ریکارڈنگ کے دوران آپ جب چاہیں ریکارڈنگ کو نہ صرف عارضی طور پر روک سکتے ہیں یعنی pause  کر سکتے ہیں بلکہ اسٹاپ کے بٹن پر کلک کر کے ریکارڈنگ کا اختتام بھی کر سکتے ہیں:

Free Video Call Recorder for Skype: stop recording

ریکارڈنگ کو کہاں محفوظ کیا گیا ہے یہ جاننے کے لیے ’’شو ان فولڈر‘‘ کے بٹن پر بھی کلک کیا جا سکتا ہے۔

Free Video Call Recorder for Skype: find output files

چند بار کی ٹیسٹنگ سے آپ اس سافٹ ویئر کے استعمال میں مہارت حاصل کرلیں گے۔

Comments are closed.